سوال
مجھے اپنے لئے گھر لینا ہے جس میں کچھ رقم کم پڑ رہی ہے میں خود صاحب نصاب ہوں ، جبکہ میری بیوی کے پاس صرف زیورات ہیں جنکی مالیت 80 ہزار کے لگ بھگ ہے ہمیں کسی صاحب ثروت نے کہا ہے کہ آپ فتوٰی لے آئیں کہ آپ یا آپکی بیوی زکوۃ وصول کر سکتی ہیں تو میں آپکو پیسے دے دونگا۔ شرعی رہنمائی فرمائیں کہ ایسی صورت میں میری بیوی زکوۃ لے سکتی ہے یا نہیں؟
سائل:محمد اویس : کراچی
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
بلاشبہ آپکی زوجہ زکوۃ لے سکتی ہیں کیونکہ وہ فقیرِ شرعی ہیں اور فقیر شرعی کو زکوۃ لینا جائز ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مصارف زکوۃ یعنی جن لوگوں کو زکوۃ دی جاسکتی ہے ان کا بیان قرآن مجید میں فرمادیا ہے ان میں ایک فقیر شرعی بھی ہے ۔ارشاد باری تعالیٰ ہے :إِنَّمَا الصَّدَقَاتُ لِلْفُقَرَاءِ وَالْمَسَاكِينِ وَالْعَامِلِينَ عَلَيْهَا وَالْمُؤَلَّفَةِ قُلُوبُهُمْ وَفِي الرِّقَابِ وَالْغَارِمِينَ وَفِي سَبِيلِ اللَّهِ وَابْنِ السَّبِيلِ فَرِيضَةً مِنَ اللَّهِ وَاللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ۔ترجمہ: زکوٰۃ تو انہیں لوگوں کے لئے ہے جو محتاج اور نرے نادار اور جو اسے تحصیل کرکے لائیں اور جن کے دلوں کو اسلام سے الفت دی جائے اور گردنیں چھوڑانے میں اور قرضداروں کو اور اللہ کی راہ میں اور مسافر کو یہ ٹھہرایا ہوا ہے اللہ کا اور اللہ علم و حکمت والا ہے ۔
فقیر شرعی وہ ہے کہ جس کے پاس کچھ نہ کچھ مال ہو مگر اتنا نہ ہوکہ نِصاب کوپہنچ جائےیانِصاب کی قَدَر توہو مگر اس کی حاجتِ اَصلِیّہَ(یعنی ضَروریات زندَگی )میں مُسْتَغْرَق(گھراہوا)ہو۔مثلا رہنے کا مکان، خانہ داری کاسامان،سُواری کےجانور(یااسکوٹریاکار) کاریگروں کے اَوزار، پہننے کے کپڑے ،وغیرہ ،جیسا کہ الدرالمختار مع رد المحتار میں ہے:(فَقِيرٌ، وَهُوَ مَنْ لَهُ أَدْنَى شَيْءٍ) أَيْ دُونَ نِصَابٍ أَوْ قَدْرُ نِصَابٍ غَيْرِ نَامٍ مُسْتَغْرِقٍ فِي الْحَاجَةِ۔ترجمہ:فقیر وہ ہے جس کے پاس کچھ نہ کچھ ہو، یعنی جو نصاب سے کم ہو یا نصاب کی مقدار ہو لیکن مال نامی نہ ہو اور اسکی حاجت میں مستغرق ہو۔ (کتاب الزکاۃ ،باب مصرف الزکاۃ، ج:2، ص: 339، طبع : دار الفکر،بیروت)
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد زوہیب رضا قادری
الجـــــواب صحــــیـح:ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی
تاریخ اجراء:5 ربیع الثانی 1445ھ/ 21 اکتوبر 2023 ء