ایکزنیس، ایکس ایم، ایف ایکس پرو اور بائنینس پر ٹریڈنگ کا حکم اور متبادل حلال طریقہ

    xness xm fxpro aur binance par trading ka hukm aur mutabadil halal tareeqa

    تاریخ: 26 نومبر، 2026
    مشاہدات: 44
    حوالہ: 1989

    سوال

    میں آن لائن ٹریڈنگ کرتا ہوں اور میری کوشش ہے کہ میری تمام تر ٹریڈنگ شریعتِ اسلامی کے مطابق ہو۔ میں Exness، XM، FxPro اور Binance استعمال کرتا ہوں۔ Exness، XM اور FxPro پر میں Islamic / Swap-Free Accounts استعمال کرتا ہوں، جبکہ Binance پر Spot Trading کرتا ہوں۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ کسی بھی قسم کے Overnight Interest / Swap سے بچا جائے۔ میں درج ذیل چیزوں میں ٹریڈنگ کرتا ہوں: فاریکس کرنسی پیئرز (Forex Currency Pairs)، سونا (Gold / XAUUSD)، چاندی (Silver / XAGUSD)، خام تیل (Crude Oil / US Oil)، بٹ کوائن (Bitcoin / BTC)، ایتھیریم (Ethereum / ETH)۔ میرے بنیادی سوالات:

    1۔ فاریکس (Forex): کیا آن لائن بروکر کے ذریعے کرنسی پیئرز کی ٹریڈنگ، اگر اس میں سود یا Swap شامل نہ ہو، شریعت کے مطابق جائز ہو سکتی ہے؟ کیا اس میں حقیقی یا حکمی قبضہ (Constructive Possession / قبضِ حکمی) ضروری ہے؟ اور اگر بروکر کے ذریعے ہونے والی ٹریڈنگ CFD (Contract for Difference) کی نوعیت رکھتی ہو، یعنی اصل کرنسی کی ملکیت حاصل نہ ہوتی ہو بلکہ صرف قیمت کے اتار چڑھاؤ سے نفع یا نقصان ہوتا ہو، تو ایسی ٹریڈنگ کا شرعی حکم کیا ہے؟

    2۔ سونا اور چاندی (Gold & Silver): اگر XAUUSD / XAGUSD کی ٹریڈنگ میں حقیقی سونا یا چاندی خریدار کے قبضے اور ملکیت میں نہ آئے، بلکہ صرف قیمت کے اتار چڑھاؤ کی بنیاد پر نفع یا نقصان حاصل ہو، تو کیا ایسی ٹریڈنگ شرعاً جائز ہے؟

    3۔ خام تیل (Crude Oil): اگر US Oil / Crude Oil کی ٹریڈنگ CFD کے ذریعے ہو اور اصل خام تیل کی ملکیت یا قبضہ حاصل نہ ہو، تو کیا ایسی ٹریڈنگ شرعاً جائز ہے؟

    4۔ بٹ کوائن اور ایتھیریم: Binance پر Spot Trading کے ذریعے Bitcoin اور Ethereum خریدنے کا کیا شرعی حکم ہے، جہاں خریداری کے بعد متعلقہ اثاثہ صارف کے اکاؤنٹ میں موجود ہوتا ہے؟ اور اگر Bitcoin یا Ethereum کو CFD کی صورت میں ٹریڈ کیا جائے، جہاں اصل Bitcoin یا Ethereum کی ملکیت حاصل نہ ہو، تو کیا اس کا شرعی حکم Spot Trading سے مختلف ہوگا؟

    5۔ لیوریج اور خرید و فروخت (Leverage & Buy/Sell): اگر بروکر کی جانب سے Leverage / Margin کی سہولت دستیاب ہو اور ٹریڈر Buy اور Sell دونوں طرح کی پوزیشنز لے سکتا ہو، تو کیا اس میں کوئی اضافی شرعی قباحت پیدا ہوتی ہے؟

    سب سے اہم سوال: اگر مذکورہ بالا میں سے کسی بھی قسم کی ٹریڈنگ موجودہ طریقۂ کار کے مطابق شریعت کے لحاظ سے جائز نہ ہو، تو صرف اسے ناجائز قرار دینے کے بجائے براہِ کرم یہ بھی رہنمائی فرمائی جائے کہ: «اس ٹریڈنگ کو کس طریقے یا کس شرعی اصول کے مطابق ترتیب دیا جا سکتا ہے تاکہ یہ شرعی طور پر جائز ہو جائے؟» یعنی اگر مسئلہ ملکیت، قبض، لیوریج، CFD، سیٹلمنٹ یا کسی اور شرعی شرط کی وجہ سے ہے، تو اس کا عملی اور شرعی متبادل طریقہ کیا ہو سکتا ہے؟ آج کے دور میں دنیا بھر میں مالیاتی منڈیوں اور ڈیجیٹل اثاثوں کا استعمال بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ایسے حالات میں مسلمانوں کے لیے بھی یہ نہایت اہم ہے کہ جدید مالیاتی نظام کو سمجھا جائے اور ان کے شریعت کے مطابق جائز اور عملی متبادل طریقے تلاش کیے جائیں۔ میری نیت صرف یہ ثابت کرنا نہیں کہ میری موجودہ ٹریڈنگ جائز ہے، بلکہ یہ معلوم کرنا ہے کہ اگر موجودہ طریقۂ کار میں کوئی شرعی خرابی موجود ہے تو اسے کس طرح دور کیا جا سکتا ہے اور اس کے لیے شریعت کے مطابق کوئی عملی متبادل طریقہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔

    براہِ کرم مذکورہ تمام صورتوں کے بارے میں تفصیلی اور واضح شرعی رہنمائی فرمائیں تاکہ میں اپنی مالی سرگرمیوں کو شریعتِ اسلامی کے مطابق درست طریقے سے انجام دے سکوں۔

    سائل: عثمان احمد صدیقی۔


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    Exness، XM اور FxPro جیسے بروکرز ہاؤسز پر، سونے، چاندی اور خام تیل کی جو فاریکس ٹریڈنگ ہوتی ہے وہ CFD کی صورت میں ہوتی ہے، جس میں نہ اصل چیز کی ملکیت حاصل ہوتی ہے نہ قبضہ، بلکہ صرف قیمت کے فرق کا لین دین ہوتا ہے؛ نیز اس میں لیوریج کی صورت میں قرض پر نفع اور Sell کی صورت میں غیر مملوک چیز کی بیع پائی جاتی ہے؛ لہذا یہ ٹریڈنگ ناجائز و حرام ہے، اگرچہ Swap-Free اکاؤنٹ استعمال کیا جائے۔ البتہ Binance پر Spot Trading کے ذریعے Bitcoin اور Ethereum خریدنا، جبکہ وہ حقیقۃً آپ کے اکاؤنٹ میں آ جائیں، ملکی قانون کی پابندی کے ساتھ اور سود، جوئے اور دھوکے سے پاک ہونے کی شرط پر فی نفسہٖ جائز ہے، جبکہ انہی کی CFD ٹریڈنگ ناجائز ہے۔

    تفصیل مسئلہ:

    (۱) فاریکس: مختلف ممالک کی کرنسیوں کا آپس میں تبادلہ فی نفسہٖ جائز ہے، اور اس میں کمی بیشی بھی جائز ہے، بشرطیکہ دونوں جانب سے ادھار نہ ہو، بلکہ مجلسِ عقد میں کم از کم ایک جانب سے قبضہ ہو جائے، کہ مختلف جنس کی کرنسیوں کے تبادلے کا یہی حکم ہے۔ ایک جانب سے قبضہ اس لیے ضروری ہے کہ اگر مجلس میں کسی نے بھی ادائیگی نہ کی تو دونوں کے عوض ایک دوسرے کے ذمے دین رہ گئے، اور یہ دین کے بدلے دین کی بیع ہے جو شرعاً باطل ہے؛ اور جب ایک جانب سے قبضہ ہو گیا تو یہ خرابی دور ہو گئی، اگرچہ دوسری جانب کی ادائیگی بعد میں ہو۔ اور یہ شرط کمی بیشی کی وجہ سے نہیں، کیونکہ مختلف جنس کی کرنسیوں میں کمی بیشی تو جائز ہی ہے، بلکہ دین کے بدلے دین سے بچنے کے لیے ہے؛ لہذا اگر تبادلے میں کوئی زیادتی نہ ہو، مثلاً مارکیٹ ریٹ ہی پر تبادلہ ہو، تب بھی ایک جانب سے قبضہ ضروری ہے۔ اور کرنسی کا قبضہ اس طرح بھی ہو جاتا ہے کہ وہ خریدار کے اپنے اکاؤنٹ میں اس طرح منتقل ہو جائے کہ وہ اس میں ہر طرح تصرف کر سکے، جس کی وجہ آگے "جائز متبادل طریقہ" میں بیان ہوگی۔ مگر آن لائن بروکر ہاؤسز پر MT4/MT5 کے ذریعے جو کرنسی پیئرز کی ٹریڈنگ ہوتی ہے، وہ کرنسی کا حقیقی تبادلہ نہیں بلکہ CFD ہے، جس میں ٹریڈر کسی کرنسی کا مالک نہیں بنتا اور نہ اس پر قبضہ ہوتا ہے، بلکہ صرف پوزیشن کھولنے اور بند کرنے کی قیمتوں کے فرق کا حساب ہوتا ہے؛ لہذا یہ ٹریڈنگ ناجائز ہے، اگرچہ اس میں Swap نہ ہو۔ اور Swap-Free اکاؤنٹ میں بھی عموماً پوزیشن زیادہ دن کھلی رکھنے پر Swap کی جگہ دوسرے نام سے فیس لی جاتی ہے، جس سے اصل خرابی دور نہیں ہوتی۔

    (۲) سونا اور چاندی کی فاریکس ٹریڈنگ: XAUUSD اور XAGUSD کی ٹریڈنگ میں نہ بروکر حقیقی سونا یا چاندی بیچتا ہے، نہ خریدار اس کا مالک بنتا ہے اور نہ اس پر قبضہ کرتا ہے؛ اور شرعاً جو چیز ملکیت میں نہ ہو اسے بیچنا ناجائز ہے، اور منقولہ چیز کو خرید کر قبضے سے پہلے آگے بیچنا بھی ناجائز ہے؛ لہذا یہ ٹریڈنگ ناجائز ہے۔

    (۳) خام تیل کی فاریکس ٹریڈنگ: US Oil/Crude Oil کی CFD ٹریڈنگ کا بھی یہی حکم ہے، کہ اس میں نہ تیل کی ملکیت حاصل ہوتی ہے نہ قبضہ، بلکہ صرف قیمت کے فرق کا لین دین ہوتا ہے، لہذا یہ بھی ناجائز ہے۔

    (۴) بٹ کوائن اور ایتھیریم کی ٹریڈنگ: کرپٹو کرنسی کا کوئی مادی وجود نہیں، اس لیے یہ فقہی اعتبار سے "مال" نہیں بلکہ "حق" ہے، کیونکہ یہ مخصوص ڈیجیٹل اعداد ہیں جو اپنے حامل کے ساتھ خاص ہوتے ہیں، کسی دوسرے کو اس کی اجازت کے بغیر اس میں تصرف کا اختیار نہیں ہوتا، اور یہ دوسرے کو منتقل بھی کیے جا سکتے ہیں؛ اور یہ حق دفعِ ضرر کے لیے نہیں بلکہ اصالۃً ثابت ہے، اور ایسے حقوق کا عوض لینا فقہائے کرام نے جائز قرار دیا ہے۔ لہذا Binance پر Spot Trading کے ذریعے Bitcoin اور Ethereum خریدنا اور بیچنا، جبکہ خریدنے کے بعد وہ حقیقۃً آپ کے اکاؤنٹ میں آ جائیں اور آپ ان میں تصرف کر سکیں، فی نفسہٖ جائز ہے، بشرطیکہ لین دین حقیقی ہو فرضی نہ ہو، سود، جوئے اور دھوکے پر مبنی نہ ہو، اور ملکی قانون کی پابندی کی جائے، کہ جہاں قانوناً اس پر پابندی اور سزا ہو وہاں اپنے آپ کو ذلت میں ڈالنے کی وجہ سے یہ ممنوع ہوگا۔ نیز جن کوائنز میں نقصان کا خطرہ غالب ہو ان سے دور رہنے میں عافیت ہے۔ اور اگر Bitcoin یا Ethereum کی ٹریڈنگ CFD، Futures یا Margin کی صورت میں ہو، جس میں اصل کوائن کی ملکیت حاصل نہ ہو، تو اس کا حکم Spot سے مختلف ہے، اور یہ بھی ان ہی وجوہات کی بنا پر ناجائز ہے جو اوپر CFD کے بارے میں بیان ہوئیں۔

    (۵) لیوریج اور Buy/Sell: لیوریج میں ٹریڈر اپنی رقم سے کئی گنا بڑی پوزیشن لیتا ہے، اور اضافی رقم بروکر کی طرف سے قرض ہوتی ہے جو اسی شرط پر دی جاتی ہے کہ ٹریڈر اسی کے پلیٹ فارم پر ٹریڈ کرے اور بروکر اس سے Spread اور فیسوں کی صورت میں نفع کمائے؛ اور قرض دے کر نفع لینا سود ہے؛ لہذا لیوریج سے مزید ایک اور حرام پہلو پیدا ہوتا ہے۔ اور Sell (شارٹ) کی پوزیشن میں ٹریڈر ایسی چیز بیچتا ہے جو اس کی ملکیت میں نہیں، جو شرعاً باطل ہے؛ البتہ جو چیز آپ نے حقیقۃً خرید کر قبضہ میں لے لی ہو، اسے بیچنا یقیناً جائز ہے۔

    جائز متبادل طریقہ:

    ان تمام صورتوں میں خرابی کی اصل وجہ CFD، لیوریج اور غیر مملوک چیز کی بیع ہے، لہذا اگر آپ ان چیزوں میں حلال تجارت کرنا چاہتے ہیں تو اس کا طریقہ یہ ہے کہ: کرنسی کا تبادلہ کسی مستند منی ایکسچینج یا بینک سے اپنی رقم کے ذریعے نقد کریں، اور خریدی ہوئی کرنسی اپنے قبضے یا اپنے اکاؤنٹ میں لے کر جب چاہیں نفع کے ساتھ بیچ دیں؛ سونا اور چاندی حقیقی طور پر اپنی رقم سے خریدیں اور اس پر قبضہ کریں، پھر قبضے کے بعد جب چاہیں بیچ دیں۔ یاد رہے کہ کرنسی اور منقولہ اشیاء کے قبضے میں بنیادی فرق ہے: کرنسی ثمن ہے، اور ثمن ذمے میں ثابت ہونے والی چیز ہے جو متعین کرنے سے متعین نہیں ہوتی، نہ اس کی کوئی خاص شے ہلاک ہو کر سودا ختم کرتی ہے، بلکہ اس پر قبضہ بھی درحقیقت اس کی مثل پر قبضہ ہوتا ہے؛ اسی لیے فقہائے کرام نے ثمن میں قبضے سے پہلے بھی تصرف کو جائز قرار دیا، اور جب رقم آپ کے اکاؤنٹ میں اس طرح آ جائے کہ آپ اسے نکال سکیں، آگے منتقل کر سکیں اور خرچ کر سکیں، تو اس کی نوعیت کے مطابق قبضہ مکمل ہو گیا۔ اس کے برخلاف سونا، چاندی، تیل وغیرہ منقولہ اشیاء جب بیچی جائیں تو یہ متعین چیزیں ہیں جن کا ہلاک ہونا متصور ہے، اور قبضے سے پہلے انہیں آگے بیچنے کی ممانعت اسی لیے ہے کہ ہلاک ہونے کی صورت میں سودا ٹوٹ جانے کا خطرہ ہے؛ ان کا قبضہ اس وقت ہوتا ہے جب متعین مقدار خریدار کے اس طرح سپرد کر دی جائے کہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اسے لے سکے، اور اس کے بعد ہلاک ہو تو نقصان بھی خریدار ہی کا ہو۔ لہذا کسی ایپ یا اکاؤنٹ میں صرف ان کی مقدار یا قیمت لکھی آ جانا قبضہ نہیں، کیونکہ اس صورت میں نہ کوئی متعین سونا الگ ہوا، نہ خریدار اسے لے سکتا ہے، نہ اس کا ضمان خریدار کی طرف منتقل ہوا، بلکہ زیادہ سے زیادہ بروکر کے ذمے غیر متعین سونے کا ایک مطالبہ یعنی دین ہے، اور دین کو اس شخص کے علاوہ کسی اور کے ہاتھ بیچنا جس کے ذمے وہ دین ہے، جائز نہیں؛ بلکہ ضروری ہے کہ خریدار خود اس متعین چیز پر قبضہ کرے، یا اپنے وکیل کے ذریعے قبضہ کرے؛ اور وکیل کا قبضہ مؤکل ہی کا قبضہ شمار ہوتا ہے، اگرچہ وکیل اور مؤکل دنیا کے دو مخالف کونوں میں ہوں۔ اور کرپٹو میں صرف Spot ٹریڈنگ اپنی رقم سے کریں، اور Futures، Margin، لیوریج اور سود والی Earn وغیرہ سہولیات سے بچیں۔

    خلاصہ یہ کہ اپنی رقم سے حقیقی چیز خریدیں، اس کی ملکیت اور قبضہ حاصل کریں، پھر بیچیں؛ قیمت کا اتار چڑھاؤ بذاتِ خود شرعاً ممنوع نہیں، تجارت میں نفع و نقصان اسی سے ہوتا ہے۔

    دلائل و جزئیات

    جو چیز اپنے پاس نہ ہو اسے بیچنے کی ممانعت کے متعلق حضرت حکیم بن حزام رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں: "أتيت رسول الله ﷺ فقلت: يأتيني الرجل يسألني من البيع ما ليس عندي، أبتاع له من السوق ثم أبيعه؟ قال: لا تبع ما ليس عندك". ترجمہ: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی: میرے پاس آدمی آتا ہے اور مجھ سے ایسی چیز خریدنا چاہتا ہے جو میرے پاس نہیں ہوتی، کیا میں اس کے لیے بازار سے خرید کر پھر اسے بیچ دوں؟ فرمایا: جو چیز تمہارے پاس نہیں اسے مت بیچو۔ (سنن الترمذی، ابواب البیوع، باب ما جاء فی کراہیۃ بیع ما لیس عندک، 2/514، الرقم: 1232، دار الغرب الاسلامی بیروت)

    غیر مملوک چیز کی بیع کے باطل ہونے کے متعلق علامہ ابن عابدین شامی (المتوفی: 1252ھ) فرماتے ہیں: "بيع ما ليس في ملكه باطل كما تقدم؛ لأنه بيع المعدوم، والمعدوم ليس بمال". ترجمہ: جو چیز اپنی ملکیت میں نہ ہو اس کی بیع باطل ہے، جیسا کہ پیچھے گزرا؛ کیونکہ یہ معدوم کی بیع ہے، اور معدوم مال نہیں۔ (رد المحتار، کتاب البیوع، باب البیع الفاسد، 5/60، دار الفکر بیروت)

    منقولہ چیز کو قبضے سے پہلے بیچنے کے ناجائز ہونے کے متعلق امام برہان الدین مرغینانی (المتوفی: 593ھ) فرماتے ہیں: "ومن اشترى شيئا مما ينقل ويحول لم يجز له بيعه حتى يقبضه لأنه عليه الصلاة والسلام نهى عن بيع ما لم يقبض ولأن فيه غرر انفساخ العقد على اعتبار الهلاك". ترجمہ: اور جس نے کوئی ایسی چیز خریدی جو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کی جا سکتی ہو، تو اس کے لیے قبضے سے پہلے اسے بیچنا جائز نہیں، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے قبضے سے پہلے بیچنے سے منع فرمایا، اور اس لیے کہ اس میں ہلاکت کی صورت میں عقد کے ٹوٹ جانے کا دھوکا ہے۔ (الهداية في شرح بداية المبتدي، كتاب البيوع، باب المرابحة والتولية، 3/59، دار إحياء التراث العربي بيروت)

    ثمن میں قبضے سے پہلے تصرف کے جائز ہونے اور قبضے کی ممانعت کے صرف مبیع کے ساتھ خاص ہونے کے متعلق علامہ فخر الدین زیلعی (المتوفی: 743ھ) فرماتے ہیں: "وصح التصرف في الثمن قبل قبضه؛ لأن المطلق للتصرف الملك وقد ثبت له فيه الملك، والنهي ورد في المبيع لاحتمال غرر الانفساخ، ولا يتصور ذلك في الثمن؛ لأنه في الذمة ولا يتعين بالتعيين، ولأن الثمن ما وجب في الذمة والقبض لا يرد عليه حقيقة، وإنما يقبض غيره مثله عينا". ترجمہ: ثمن میں قبضے سے پہلے تصرف درست ہے؛ کیونکہ تصرف کی اجازت دینے والی چیز ملکیت ہے اور ثمن میں اس کی ملکیت ثابت ہو چکی، اور (قبضے سے پہلے بیچنے کی) ممانعت مبیع کے بارے میں آئی ہے، اس اندیشے کی وجہ سے کہ (ہلاکت سے) عقد ٹوٹ جائے، اور یہ اندیشہ ثمن میں متصور نہیں؛ کیونکہ ثمن ذمے میں ہوتا ہے اور متعین کرنے سے متعین نہیں ہوتا، اور اس لیے کہ ثمن وہ ہے جو ذمے میں واجب ہو اور قبضہ حقیقۃً اس پر واقع نہیں ہوتا، بلکہ اس کی مثل کسی دوسری چیز پر قبضہ کیا جاتا ہے۔ (تبیین الحقائق، کتاب البیوع، باب التولیۃ، فصل بیع العقار قبل قبضہ، 4/82، المطبعۃ الکبری الامیریۃ بولاق)

    مبیع کے قبضے کی کیفیت کے متعلق علامہ علاء الدین حصکفی (المتوفی: 1088ھ) فرماتے ہیں: "ثم التسليم يكون بالتخلية على وجه يتمكن من القبض بلا مانع ولا حائل". ترجمہ: پھر (مبیع کو) سپرد کرنا اس طرح تخلیہ سے ہوتا ہے کہ خریدار بغیر کسی رکاوٹ اور آڑ کے اس پر قبضہ کر سکے۔ (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب البیوع، مطلب فیما یکون قبضا للمبیع، 4/561، دار الفکر بیروت)

    دین کو مدیون کے علاوہ کسی اور کے ہاتھ بیچنے کے ناجائز ہونے کے متعلق امام علاء الدین کاسانی (المتوفی: 587ھ) فرماتے ہیں: "ولا ينعقد بيع الدين من غير من عليه الدين". ترجمہ: اور دین کو اس شخص کے علاوہ کسی اور کے ہاتھ بیچنا منعقد ہی نہیں ہوتا جس کے ذمے وہ دین ہے۔ (بدائع الصنائع، کتاب البیوع، فصل فی الشرط الذی یرجع الی المعقود علیہ، 5/148، دار الکتب العلمیۃ بیروت)

    وکیل کا قبضہ مؤکل کا قبضہ ہونے کے متعلق امام ابو الحسین قدوری (المتوفی: 428ھ) فرماتے ہیں: "قبض الوكيل كقبض الموكل، ويده قائمة مقام يده". ترجمہ: وکیل کا قبضہ مؤکل کے قبضے کی طرح ہے، اور اس کا ہاتھ مؤکل کے ہاتھ کے قائم مقام ہے۔ (شرح مختصر الکرخی، کتاب الوکالۃ، باب ما یخرج الوکیل من الوکالۃ، 8/194)

    مختلف جنس کی کرنسی (فلوس) کے تبادلے میں ایک جانب سے قبضہ کافی ہونے کے متعلق علامہ علاء الدین حصکفی (المتوفی: 1088ھ) فرماتے ہیں: "باع فلوسا بمثلها أو بدراهم أو بدنانير فإن نقد أحدهما جاز وإن تفرقا بلا قبض أحدهما لم يجز". ترجمہ: کسی نے فلوس (سکوں) کو فلوس یا دراہم یا دنانیر کے بدلے بیچا تو اگر دونوں میں سے کسی ایک نے ادائیگی کر دی تو بیع جائز ہے، اور اگر کسی ایک کے بھی قبضے کے بغیر جدا ہو گئے تو جائز نہیں۔ (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب البیوع، باب الربا، 5/179، دار الفکر بیروت)

    کرنسی کے تبادلے میں دین کے بدلے دین سے بچنے کے لیے ایک جانب سے قبضہ ضروری ہونے کے متعلق امام اہلسنت امام احمد رضا خان (المتوفی: 1340ھ) فرماتے ہیں: ’’اگر روپیہ سترہ آنے یا سولہ آنے کا برضائے مشتری بیچا اور قیمت چار دن یا دو دن یا دس برس بعد دینی ٹھہری تو یہ جائز ہے جبکہ روپیہ اسی جلسہ میں دے دیا گیا ورنہ بیع باطل ہو جائے گی، لكونه افتراقا عن دين بدين ويكفي قبض أحد الجانبين. یعنی کیونکہ (اس صورت میں) دین کے بدلے دین پر جدائی ہے، اور ایک جانب سے قبضہ کافی ہے‘‘۔ (فتاوی رضویہ، 17/353، رضا فاؤنڈیشن لاہور)

    حرمتِ سود پر ارشاد باری تعالی ہے: وَاَحَلَّ اللّٰهُ الْبَیْعَ وَحَرَّمَ الرِّبٰوا. ترجمہ: اور اللہ نے حلال کیا بیع کو اور حرام کیا سود۔ (البقرۃ: 275)

    قرض پر نفع کے سود ہونے کے متعلق علامہ ابن عابدین شامی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "وفي الأشباه كل قرض جر نفعا حرام". ترجمہ: اور الاشباہ میں ہے کہ ہر وہ قرض جو نفع کھینچ کر لائے، حرام ہے۔ (رد المحتار، کتاب البیوع، فصل فی القرض، 5/166، دار الفکر بیروت)

    حقوق کا عوض لینے کے ضابطے کے متعلق علامہ ابن عابدین شامی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "وحاصله: أن ثبوت حق الشفعة للشفيع، وحق القسم للزوجة وكذا حق الخيار في النكاح للمخيرة إنما هو لدفع الضرر عن الشفيع والمرأة، وما ثبت لذلك لا يصح الصلح عنه ... أما حق الموصى له بالخدمة، فليس كذلك بل ثبت له على وجه البر والصلة فيكون ثابتا له أصالة فيصح الصلح عنه إذا نزل عنه لغيره". ترجمہ: خلاصہ یہ ہے کہ شفیع کے لیے شفعہ کا حق، بیوی کے لیے باری کا حق اور اسی طرح نکاح میں اختیار والی عورت کے لیے اختیار کا حق، یہ سب شفیع اور عورت سے ضرر دور کرنے کے لیے ہیں، اور جو حق اس غرض سے ثابت ہو اس پر (مال لے کر) صلح درست نہیں … رہا وہ شخص جس کے لیے خدمت کی وصیت کی گئی، تو اس کا حق ایسا نہیں، بلکہ اسے احسان اور صلہ کے طور پر ملا ہے، لہذا یہ اس کے لیے اصالۃً ثابت ہے، تو جب وہ کسی دوسرے کے حق میں اس سے دستبردار ہو تو اس پر صلح درست ہے۔ (رد المحتار، کتاب البیوع، مطلب فی بیع الجامکیۃ، 4/520، دار الفکر بیروت)

    وظائف سے دستبرداری پر عوض لینے کے جواز کو ترجیح دیتے ہوئے امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن فرماتے ہیں: ’’اب یہ کلام مسئلہ اعتیاض عن الوظائف کی طرف منجر ہوگا وہاں ہر چند علماء کو اختلاف ہے اور یہ مبحث معرکۃ الآراء ہے مگر مرضی جماہیر فحول و نحاریر عدول صحت و قبول ہے اور وہی ہنگام اعتبار و ملاحظہ نظائر ان شاء اللہ تعالی اظہر‘‘۔(فتاوی رضویہ، 17/110-112، رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔

    واللہ تعالی اعلم بالصواب