water proof mozoun par masah
سوال
آج کل بازار میں جدید ٹیکنالوجی سے بنے ایسے موزے (جرابیں) دستیاب ہیں جو کمپنی کے دعوے کے مطابق واٹر پروف ہوتے ہیں۔ یہ عام طور پر نائلون، پولِيَسٹَر، یا کسی خاص فائبر سے بنے ہوتے ہیں اور بعض اوقات اندر سے کپڑے کی طرح نرم اور باہر سے ربر یا پلاسٹک کی طرح سخت محسوس ہوتے ہیں، جس سے پانی جلد کو چھو نہیں پاتا۔کیا ایسے واٹر پروف (Waterproof)موزوں پر شرعی مسح جائز ہوگا؟
سائل:عبد اللہ
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
مسح کے جائز ہونے کیلئے ضروری ہے کہ خفّ (موزہ) ایسا ہو کہ (۱) اس میں مسلسل ایک فرسخ (تقریباً ۵ کلومیٹر ) تک پیدل چلنا ممکن ہو، (۲) اس کی موٹائی اتنی ہو کہ عام چلنے سے پھٹے نہیں، (۳) وہ بغیر باندھے ، بغیر چپکائے پاؤں پر ٹِکا رہے، اور (۴) وہ پانی کو اندر نہ جانے دے۔ اگر خفّ (موزہ)ان تمام شرائط کو پورا کرتا ہو تو اس پر مسح جائز ہے، ورنہ جائز نہیں۔
تفصیل مسئلہ:
شریعتِ مطہرہ نے امّت پر آسانی اور تخفیف کے پیشِ نظر طہارت کے بعض مسائل میں رخصتیں عطا فرمائی ہیں، جن میں ایک اہم رخصت وضو کے دوران پاؤں دھونے کے بجائے خفین (موزوں) پر مسح کی ہے۔ تاہم، یہ رخصت مخصوص شرائط کے ساتھ مشروط ہے تاکہ طہارت کا بنیادی مقصد فوت نہ ہو۔ ذیل میں ان شرائط کی تفصیل ہے، جن کے پائے جانے پر ہی موزوں پر مسح کرنا شرعاً جائز ہوتا ہے۔
(۱) متابعت المشی: خفّ (موزہ) ایسا ہو کہ اس میں پیدل چلنا ممکن ہو، یعنی اگر کوئی شخص اس کو پہن کر ایک فرسخ (تقریباً ۵ کلومیٹر) چلے تو وہ خفّ اس کو چلنے میں مدد دے اور پھٹ نہ جائے۔ اس شرط کی بنیاد یہ ہے کہ خفّ کا مقصد پاؤں کو محفوظ رکھنا اور چلنے میں سہولت دینا ہے۔
سید احمد بن محمد بن اسماعيل الطحطاوی الحنفی (المتوفی:1231ھ) فرماتے ہیں: " صالحا للمسح بأن يمكن متابعة المشي فيه فرسخا وأن لا يكون مخروقا بخرق مانع ". ترجمہ: مسح کیلئے وہ خفّ صالح ہو کہ اس میں ایک فرسخ تک چلنا ممکن ہو اور اس میں ایسا سوراخ نہ ہو جو مانع ہو۔(حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح، باب المسح علی الخفین، ص 127، دار الكتب العلمية بيروت )
(۲) ثخن: خفّ کی موٹائی اتنی ہونی چاہیے کہ وہ پاؤں کو محفوظ رکھ سکے اور پیدل چلنے میں پھٹ نہ جائے۔ اگر خفّ بہت باریک ہو کہ پیدل چلنے سے فوراً پھٹ جائے تو اس پر مسح جائز نہیں۔
علامہ حسن بن عمار الشرنبلالی الحنفی(المتوفی:1069ھ) فرماتے ہیں: "ولو كانا من شيء ثخين غير الجلد سواء كان لهما نعل من جلد أو لا".ترجمہ: اور اگر وہ (خفین) چمڑے کے علاوہ کسی موٹی چیز کے بنے ہوں، خواہ ان کے نیچے چمڑے کا تلہ لگا ہو یا نہ لگا ہو( جائز ہے)۔ (نور الایضاح، باب المسح علی خفین، ص 128، دار الکتب العلمیۃ بیروت)
(۳) قائم بذاتہ: خفّ ایسا ہو کہ بغیر کسی رسّی یا بَند کے اپنی جگہ قائم رہ سکے، یعنی پاؤں پر چڑھانے کے بعد وہ خود بخود ٹِکا رہے۔ اگر خفّ اتنا کمزور ہو کہ بغیر باندھے پاؤں پر نہ ٹھہر سکے تو اس پر مسح جائز نہیں۔
امام زين الدين محمد بن ابی بكر الرازی (المتوفى: 666ھ)فرماتے ہیں: "وَيقف على السَّاق بِلَا ربط وَلَو لم يكن مجلداً".ترجمہ: اور وہ (جورب) بغیر رسی کے پنڈلی پر ٹھہر سکے، اگرچہ چمڑے کا نہ ہو۔ (تحفۃ الملوک، فصل فی مسح علی الخفین، 33/20، دار البشائر الإسلامية بيروت)
(۴) ممانعت نفوذ الماء: خفّ کی شرط یہ بھی ہے کہ وہ پانی کو اندر نہ جانے دے، یعنی اگر اس پر پانی ڈالا جائے تو وہ اندر نہ پہنچے۔ اس شرط کی بنیاد یہ ہے کہ اگر پانی اندر پہنچ جائے تو پاؤں پر وضو کا پانی پہنچ گیا، اور پھر مسح کی رخصت باقی نہیں رہتی۔
علامہ حسن بن عمار الشرنبلالی الحنفی(المتوفی:1069ھ) فرماتے ہیں: "كلبد وجوخ وكرباس يستمسك على الساق من غير شد لا يشف الماء".ترجمہ: جیسے نمدہ (لبد)، موٹا کپڑا (جوخ)، اور کرپاس (موٹا سوتی کپڑا) جو بغیر باندھے ہی پنڈلی پر قائم رہیں اور پانی کو اندر نہ جانے دیں (ایسے خفّ پر مسح جائز ہے)۔ (مراقی الفلاح، باب المسح علی الخفین، ص 56، المكتبة العصرية)۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب