ویزٹ ویزہ پر حج کی ادائیگی کرنا کیسا
    تاریخ: 17 نومبر، 2025
    مشاہدات: 16
    حوالہ: 147

    سوال

    ویزٹ ویزہ پر حج کی ادائیگی کرنا کیسا؟کیا اس صورت میں فرض ادا ہوجائےگا؟ سائل:عبداللہ:کراچی


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    ہر ایسا قانونی جرم جو انسان کو ہلاکت اور ذلت کی طرف لے جائے ،وہ شرعاً بھی ناجائز ہوگا۔اور ویزٹ ویزہ پر حج کی ادائیگی سعودی حکومت کے یہاں قانونی جرم ہے اور پکڑے جانے کی صورت میں ذلت و رسوائی اورسزا سے دوچار ہونا پڑتاہے۔لہذا ایسی صورت میں ویزٹ ویزہ پر حج شرعا درست نہیں۔مگر اس طرح حج ادا کرنے سے فرض ادا ہوجائے گا۔

    امام اہلسنت مجدد دین وملت الشاہ امام احمد رضا خان فاضل بریلی علیہ الرحمۃ فتاوی رضویہ میں لکھتےہیں:کسی ایسے امر کا ارتکاب جو قانونا ناجائز ہو،ا ورجرم کی حد تک پہنچے شرعا بھی ناجائز ہوگا کہ ایسی بات کے لئے جرم قانونی کا مرتکب ہو کر اپنے آپ کو سزااور ذلت کے لئے پیش کرنا شرعا بھی روانہیں۔ قال تعالٰی لا تلقوا بایدیکم الی التہلکۃ ، وقد جاء الحدیث عنہ صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم ینہی المومن ان یذل نفسہ ۔ اللہ تعالٰی نے فرمایا: اپنے ہاتھوں ہالاکت میں نہ پڑو، اور حدیث شریف میں حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کا ارشاد منقول ہے کہ آپ نے مومن کو اپنا نفس ذلت میں ڈالنے سے منع فرمایا ہے۔(فتاوی رضویہ،جلد:20،ص:188،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

    واللہ تعالٰی اعلم بالصواب

    کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد احمد امین قادری نوری

    الجواب الصحیح ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    تاریخ اجراء: 13 صفر المظفر1443 ھ/21ستمبر 2021 ء