ٹیمو گیم کوائنز سے چیز خریدنا

    teemo game coins se cheez khareedna

    تاریخ: 23 نومبر، 2026
    مشاہدات: 91
    حوالہ: 1973

    سوال

    ایک ایپ ہے TEMU آن لائن شاپنگ ایپ جس میں ایک آپشن ہوتا ہے جس سے ہم گیم کے ذریعے فری چیزیں منگوا سکتے ہیں۔ اس گیم میں پودوں کو پانی ڈالنا ہوتا ہے۔ جب وہ فصل پوری ہوتی ہے تو دس پندرہ گرام پانی بھی ملتا ہے اور فصل پوری ہونے ہے جو کوائنز ملتے ہیں وہ پیسوں میں کنورٹ ہو کر جو گفٹ ہم نے سلیکٹ کیا ہوا ہوتا ہے اس کی پیمنٹ پوری ہوتی ہے اور پھر وہ گفٹ ملتا ہے۔دراصل ہم ان کی ایپ استعمال کر رہے ہیں جس سے ان کو فائدہ ہوتا جس میں سے یہ کچھ ہمیں گفٹ کے طور پر دیتے ہیں ۔

    اس مسئلے کا جواب ارشاد فرمائیں کہ یہ جائز ہے یا ناجائز ۔اگر نا جائز ہو تو ہم خود بلکہ اور بھی بہت سے ساتھیوں کو اس سے بچا سکیں گے۔

    سائل: عثمان فاروق رضوی، کراچی


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    TEMU ایپ میں گیم کھیل کر’’مفت ‘‘چیزیں حاصل کرنا شرعی طور پر جائز نہیں ہے، اور اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ معاملہ نہ بیع (خرید و فروخت) ہے ، نہ ہی اجارہ (ملازمت یا اجرت پر کام کرنا) ، اور نہ ہی بغیر کسی گفٹ کے بذاتِ خود ایسے گیم کھیلنا جائز ہے۔

    تفصیلِ مسئلہ:

    TEMU ایپ میں گیم کھیلنے کے دوران حاصل ہونے والے کوائنز مال نہیں ہیں۔ فقہائے کرام نے مال کی مختلف تعبیرات کیں ہیں، جن میں راجح تعریف کے مطابق مال میں دو بنیادی عناصر ہیں۔ پہلا عینیت (یعنی مال کیلئے مادّی وجود رکھنا ضروری ہے) اور دوسرا عرف (یعنی لوگوں کا اسے بطورِ مال استعمال کرنا)۔جبکہ گیمز کے یہ کوائنز صرف ایپ کے اندر استعمال ہو سکتے ہیں اور ان کی کوئی حقیقی بازاری قدر نہیں ۔ اس لیے جب آپ گفٹ حاصل کرنے کیلئےان کوائنز کو استعمال کرتے ہیں، تو یہ بیع (خرید و فروخت) نہیں۔ بیع کیلئےضروری ہے کہ اس میں مال کا مال سے تبادلہ ہو۔ چونکہ یہاں کوائنز مال نہیں ہیں، لہٰذا یہ معاملہ بیع کے شرائط پر پورا نہیں اترتا اور اس طرح ناجائز قرار پاتا ہے۔ اگرچہ TEMU اسے گفٹ کہتا ہے، لیکن عقود میں معانی کا اعتبار ہوتا ہے، الفاظ کا نہیں۔ یعنی یہ دیکھا جاتا ہے کہ اصل معاملہ کیا ہے، نہ کہ اسے کیا نام دیا گیا ہے۔

    یہ معاملہ اجارہ (اجرت پر کام کرنا) بھی نہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گیم کھیلنا لہو و لعب میں شامل ہے، اور لہو و لعب کے کام کی اجرت جائز نہیں۔ پھر اصول ہے جو شے بیع کا ثمن بن سکے وہ اجرت بھی بن سکتی ہے، جبکہ گیمز کے کوائنز جو مال نہ ہونےکی وجہ سے ثمن نہیں بن سکتے لہذا انہیں کام کی اجرت بنانا بھی درست نہیں۔اگرچہ یہاں بھی اسے گفٹ کا نام دیا گیا ہے، لیکن چونکہ عقود میں معانی کا اعتبار ہوتا ہے، الفاظ کا نہیں ، لہذا اسے ہبہ (تحفہ) نہیں کہا جائےگا۔ نتیجتا گیم کھیل کر انعام حاصل کرنا اجرت کے زمرے میں آتا ہے جو کہ لہو و لعب کی وجہ سے ناجائز ہے۔

    پھر کسی بھی گفٹ سے قطع نظر، ایسے گیم کھیلنا بذات خود بھی شرعی طور پر جائز نہیں ہے۔ ان میں کئی ایسی شرعی خرابیاں ہیں جو انہیں حرام بناتی ہیں: (۱) گیم کھیلنا عام طور پر لہو و لعب میں شامل ہے، جس کی شرعاً اجازت نہیں۔ (۲)یہ کوئی فائدہ مند سرگرمی نہیں بلکہ اس میں وقت کا بہت زیادہ ضیاع ہوتا ہے، جو کہ ایک مسلمان کے لیے انتہائی اہم ہے۔ (۳)مزید یہ کہ گیمز میں مشغولیت سے اکثر لوگ نماز کے اوقات سے غافل ہو جاتے ہیں یا ان کی نماز فوت ہو جاتی ہے، جو کہ ایک سنگین گناہ ہے۔ (۴)آخر میں، اکثر ویڈیوز گیمز اور موبائل ایپس میں میوزک ہوتا ہے، جو کہ ناجائز ہے، اور اس کے علاوہ بعض اوقات فحش تصاویر اور اشتہارات بھی سامنے آتے ہیں، جو کہ شرعاً حرام ہیں۔

    ان تمام وجوہات کی بنا پر، TEMU ایپ میں گیم کے ذریعے مفت چیزیں حاصل کرنا جائز نہیں ہے۔ بہتر ہے کہ ایسے معاملات سے پرہیز کیا جائے اور دوسروں کو بھی اس سے بچنے کی ترغیب دی جائے۔

    دلائل و جزئیات:

    بیع تبادلہ مال کا نام ہے ،علامہ ابو بکر بن مسعود الکاسانی (المتوفی:587ھ) فرماتے ہیں: "(وَمِنْهَا) أَنْ يَكُونَ مَالًا لِأَنَّ الْبَيْعَ مُبَادَلَةُ الْمَالِ بِالْمَالِ".ترجمہ:بیع کی شرائط سے ہے کہ شے مال ہو کیونکہ مال کے بدلے مال کاباہم تبادلے کو بیع کہتے ہیں ۔(بدائع الصنائع،کتاب البیوع،5/140، دارالکتب العلمیۃ بیروت)

    شیخ مصطفے احمد الزرقاء لکھتے ہیں: "عناصر المالية : يستخلص مما تقدم أن المالية في نظر الفقهاء الحنفية ترتكز على أساسين، وتقوم بعنصرين هما: العينية، والعرف. والعينية يراد بها أن يكون المال شيئاً مادياً ذا وجود خارجي . والعرف أن يعتاد الناس كلهم أو بعضهم تموله وصيانته بحيث يجري فيه بذل ومنع، فما لا يجري فيه ذلك بين الناس لا يعتبر مالاً ولو كان عيناً مادية، كالإنسان الحر، وحبة القمح، وكسرة الخبز وحفنة التراب، والجيفة . وكذلك ما يعتاد الناس تموله وصيانته، ويجري فيه البذل والمنع لكنه ليس عيناً مادية، فإنه لا يعتبر في نظرهم مالاً ، بل قد يكون ملكاً أو حقاً، كالمنافع، والحقوق المحضة، والديون. وغني عن البيان أن عنصر العرف يستلزم القيمة، إذ لا يعتاد الناس هذا الاعتبار والصيانة في شيء بحيث يحمى تارة ويبذل أخرى إلا لمنفعة مادية أو معنوية يقدرونها فيه، فتتوجه إليه الرغبات وإن الرغبات يبذل في سبيل تحقيقها وتحصيلها أعواض مادية، وهذه هي القيمة المادية بالمعنى الاقتصادي العام ".ترجمہ: مندرجہ بالا سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ فقہائے حنفیہ کے نزدیک مالیت دو بنیادی اصولوں پر قائم ہے اور اس کے دو عناصر ہیں: عینیّت اور عرف۔ عینیّت سے مراد یہ ہے کہ مال کوئی مادی چیز ہو جو خارجی وجود رکھتی ہو۔ اور عرف سے مراد یہ ہے کہ لوگ، خواہ سب یا بعض، اسے مال کے طور پر استعمال کریں اور اس کی حفاظت کریں، جس میں دینا اور روکنا شامل ہو۔ لہذا جو چیز لوگوں کے درمیان اس طرح استعمال نہ ہو، وہ مال نہیں سمجھی جاتی، چاہے وہ مادی چیز ہی کیوں نہ ہو، جیسے آزاد انسان، گندم کا دانہ، روٹی کا ٹکڑا، مٹی کی ڈھیر، یا مردار۔ اسی طرح، جو چیز لوگ مال کے طور پر استعمال کریں اور اس کی حفاظت کریں، اور اس میں دینا اور روکنا ہو، لیکن وہ مادی چیز نہ ہو، وہ بھی حنفی فقہاء کے نزدیک مال نہیں سمجھی جاتی، بلکہ وہ ملکیت یا حق ہو سکتی ہے، جیسے منفعت، خالص حقوق، یا قرض۔ اس بیان کی حاجت نہیں کہ عرف کا عنصر قیمت کو مستلزم ہے، کیونکہ لوگ کسی چیز کو اس وقت تک مال کے طور پر استعمال اور حفاظت نہیں کرتے جب تک کہ اس میں کوئی مادی یا معنوی منفعت نہ ہو جس کی وہ قدر کریں۔ اس طرح اس چیز کی طرف رغبتیں پیدا ہوتی ہیں، اور ان رغبتوں کو پورا کرنے اور حاصل کرنے کیلئے مادی معاوضہ دیا جاتا ہے، اور یہی عمومی اقتصادی معنی میں مادی قیمت ہے۔(المدخل الی نظریۃ الالتزام العامۃ فی الفقہ الاسلامی، الباب الثالث، الفصل الثانی عشر: حقیقۃ المال، ص 126-127، دار القلم دمشق)

    مال کی جامع اور ہمارے نزدیک معتمد تعریف یہ ہے کہ: "كل عين ذات قيمة مادية بين الناس".ترجمہ: لوگوں کے درمیان ہر ذی قیمت مادی عین مال ہے۔(المدخل ،ص127، دار القلم دمشق)

    اورغیر مال کی بیع سے متعلق علامہ شیخ شمس الدین محمد بن عبد اللہ تمرتاشی (المتوفی:1004ھ) فرماتے ہیں: "بَطَلَ بَيْعُ مَا لَيْسَ بِمَالٍ كَالدَّمِ وَالْمَيْتَةِ". ترجمہ: جو شے مال نہیں اس کی بیع اصلاً باطل ہے جیسا کہ خون اور مردار۔ (تنویر الابصار مع الدر المختار،کتاب البیوع، باب البیع الفاسد، 5/51-52، دار الفکر بیروت)

    عقود میں معانی کا اعتبار ہے الفاظ کا نہیں،الفتاوی الہندیۃ میں ہے : "لِأَنَّ الْعِبْرَةَ فِي الْعُقُودِ لِلْمَعَانِي لَا لِلْأَلْفَاظِ".ترجمہ : کیونکہ عقود میں معانی کا اعتبار ہوتا ہے الفاظ کا نہیں۔ (الفتاوی الہندیۃ، کتاب المکاتب، الباب الاول، 5 / 2، دار الفکر)

    ایسا ہی رد المحتار میں ہے۔( ردالمحتار، کتاب النکاح ، 3 / 17 ، دار الفکر)

    لہو و لعب پر اجارہ ناجائز ہے،چنانچہ شمس الآئمہ محمد بن احمد السرخسی (المتوفی:483ھ) فرماتے ہیں: "وَلَا تَجُوزُ الْإِجَارَةُ عَلَى شَيْءٍ مِنْ الْغِنَاءِ وَالنَّوْحِ وَالْمَزَامِيرِ وَالطَّبْلِ وَشَيْءٍ مِنْ اللَّهْوِ؛ لِأَنَّهُ مَعْصِيَةٌ وَالِاسْتِئْجَارُ عَلَى الْمَعَاصِي بَاطِلٌ فَإِنَّ بِعَقْدِ الْإِجَارَةِ يَسْتَحِقُّ تَسْلِيمَ الْمَعْقُودِ عَلَيْهِ شَرْعًا وَلَا يَجُوزُ أَنْ يُسْتَحَقَّ عَلَى الْمَرْءِ فِعْلٌ بِهِ يَكُونُ عَاصِيًا شَرْعًا".ترجمہ:اور گانے باجے،نوحہ ،مزامیر،طبل بجانے اور کسی بھی قسم کے لہو ولعب کے کام پر اجارہ جائز نہیں، کیونکہ یہ گناہ ہے اور گناہوں پر اجارہ کرنا باطل ہے ،کیونکہ عقد اجارہ کے سبب معقود علیہ (جس چیز پر اجارہ کیاگیا ہے )کو سپرد کرنے کا شرعاً استحقاق ثابت ہوجاتا ہے اور یہ جائز نہیں کہ کسی شخص پر ایسے فعل کا استحقاق ثابت ہو جس سے وہ شرعاً گنہگار ہوجائے۔(المبسوط للسرخسی، باب الاجارۃ الفاسدۃ، 16/38،دار المعرفۃ بیروت)

    علامہ عبد الرحمن بن محمد شیخی زادہ (المتوفی:1078ھ) فرماتے ہیں: "لَا يَجُوزُ أَخْذُ الْأُجْرَةِ عَلَى الْمَعَاصِي (كَالْغِنَاءِ، وَالنَّوْحِ، وَالْمَلَاهِي) ؛ لِأَنَّ الْمَعْصِيَةَ لَا يُتَصَوَّرُ اسْتِحْقَاقُهَا بِالْعَقْدِ فَلَا يَجِبُ عَلَيْهِ الْأَجْرُ، وَإِنْ أَعْطَاهُ الْأَجْرَ وَقَبَضَهُ لَا يَحِلُّ لَهُ وَيَجِبُ عَلَيْهِ رَدُّهُ عَلَى صَاحِبِهِ".ترجمہ:گناہ کے کاموں پر اجرت لینا جائز نہیں جیسے گانے باجے،نوحہ اور تمام لہو و لعب کے کام اور اگر اس نے اجرت دی اور اس نے قبضہ کرلیا تو وہ اجرت اس کے لیے حلال نہیں اور اس پر واجب ہے کہ وہ مالک کو واپس کردے۔(مجمع الانھر ، باب الاجارۃ الفاسدۃ ،2/384، دار إحياء التراث)

    صدر الشریعہ حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی (المتوفی:1367ھ) فرماتے ہیں:’’ملاہی یعنی لہو و لعب پراجارہ بھی ناجائز ہے‘‘۔ (بہار شریعت، 3/144، مکتبۃ المدینۃ کراچی)

    جو چیز بیع کا ثمن ہو وہ اجرت ہوسکتی ہے،علامہ مدقق علاؤ الدین محمد بن علی الحصکفی ﷫ (المتوفی: 1088ھ) فرماتے ہیں: "(وَكُلُّ مَا صَلُحَ ثَمَنًا) أَيْ بَدَلًا فِي الْبَيْعِ (صَلُحَ أُجْرَةً) لِأَنَّهَا ثَمَنُ الْمَنْفَعَةِ".ترجمہ: ہر وہ شے جو بیع میں ثمن یعنی بدل بننے کی صلاحیت رکھے وہ اجرت کی بھی صلاحیت رکھتی ہے، کیونکہ اجرت منفعت کا ثمن ہے۔ (الدر المختار،کتاب الاجارۃ، 6/4، دار الفکر)

    عبارات فقہاء میں مفہوم مخالف معتبر ہے،چنانچہ علامہ محمد بن علی علاؤ الدین الحصکفی (المتوفی:1088ھ) نہرالفائق کے حوالے سے لکھتے ہیں:"مَفَاهِيم الْكُتُبِ حُجَّةٌ بِخِلَافِ أَكْثَرِ مَفَاهِيمِ النُّصُوصِ".ترجمہ:عبارات کتب میں مفہوم مخالف حجت ہوتا ہے اور نصوص کے اکثر مفاہیم معتبر نہیں ہوتے۔

    اسکے تحت علامہ علامہ سید محمد بن عمر ابن عابدین الشامی (المتوفی: 1252ھ) فرماتے ہیں:"وَالْمُرَادُ مَفَاهِيمُ الْمُخَالَفَةِ".ترجمہ:یہاں مراد مفہوم مخالف ہے۔(الدر المختار مع حاشیہ ابن عابدین،کتاب الطہارۃ،سنن الوضوء،1/111،دار الفکر بیروت)

    لہو و لعب کی تعریف میں مفسر شہیر حکیم الامت مفتی احمد یا ر خان نعیمی (المتوفی: 1391ھ/1971ء) فرماتے ہیں: ”ناجائز چیزوں سے خوشی حاصل کرنا لعب ہے۔ بے فائدہ چیز میں مشغول ہو کر فائدہ مند چیز سے محرومی لہو ہے۔ جس کا ترجمہ اردو میں کھیل کود ہے، جس کا ظاہر خوش کن ہے، حقیقۃً کچھ نہیں۔ نادان بچے دن بھر ریت کے گھروندے بناتے ہیں اس سے دل بہلاتے ہیں پھر خود ہی بگاڑ کر اپنے گھر آ جاتے ہیں، یہ ہے لعب و لہو“۔ (تفسیر نعیمی، 7/290، مکتبۃ اسلامیۃ لاہور)

    لہو و لعب سے متعلق سنن الترمذی کی روایت ہے: "كُلُّ مَا يَلْهُو بِهِ الرَّجُلُ الْمُسْلِمُ بَاطِلٌ، إِلاَّ رَمْيَهُ بِقَوْسِهِ، وَتَأْدِيبَهُ فَرَسَهُ، وَمُلاَعَبَتَهُ أَهْلَهُ، فَإِنَّهُنَّ مِنَ الحَقِّ".ترجمہ: ہر وہ چیز جس سے مسلمان کھیلتا ہے باطل ہے سوائے کمان سے اس کا تیر اندازی کرنا، گھوڑے کو تربیت دینا اور اپنی بیوی کے ساتھ کھیلنا، یہ تینوں چیزیں اس کے لیے درست ہیں۔ (سنن الترمذی، کتاب فضائل الجہاد، باب ماجاء في فضل الرمي في سبیل اﷲ،3/226، الرقم: 1637، دار الغرب الإسلامي بیروت )

    لہو و لعب کے حکم میں علامہ ابو الحسن علی بن ابو بکر الفرغینانی (المتوفی:593ھ) فرماتے ہیں: "وَيُكْرَهُ اللَّعِبُ بِالشِّطْرَنْجِ وَالنَّرْدِ وَالْأَرْبَعَةَ عَشَرَ وَكُلِّ لَهْوٍ) ؛ لِأَنَّهُ إنْ قَامَرَ بِهَا فَالْمَيْسِرُ حَرَامٌ بِالنَّصِّ وَهُوَ اسْمٌ لِكُلِّ قِمَارٍ، وَإِنْ لَمْ يُقَامِرْ فَهُوَ عَبَثٌ وَلَهْوٌ. وَقَالَ - عَلَيْهِ الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ - «لَهْوُ الْمُؤْمِنِ بَاطِلٌ إلَّا الثَّلَاثَ: تَأْدِيبُهُ لِفَرَسِهِ، وَمُنَاضَلَتُهُ عَنْ قَوْسِهِ، وَمُلَاعَبَتُهُ مَعَ أَهْلِهِ".ترجمہ: شطرنج، نرد، اربعۃ عشر(ایک قسم کی شے جو یہودی استعمال کرتے ہیں) اور ہر قسم کا لہو مکروہ ہے، کیونکہ اگر اس میں جوّا کھیلا جائے تو جوّا نص کے مطابق حرام ہے، اور جوّا ہر اس چیز کا نام ہے جس میں قمار بازی ہو۔ اور اگر اس میں جوّا نہ بھی کھیلا جائے تو یہ عبث اور لہو ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مؤمن کا لہو باطل ہے، سوائے تین چیزوں کے: اپنے گھوڑے کی تربیت، اپنے تیر سے نشانہ بازی، اور اپنی بیوی کے ساتھ کھیلنا۔(الهداية،كتاب الكراهية،4/380، دار احياء التراث العربي)

    امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن (المتوفی:1340ھ) فرماتے ہیں:’’ہر کھیل اور عبث فعل جس میں نہ کوئی غرضِ دین نہ کوئی منفعتِ جائزہ دنیوی ہو ، سب مکروہ و بے جا ہیں ، کوئی کم کوئی زیادہ “ ۔(فتاوی رضویہ ، 24 / 78، رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔

    واللہ تعالٰی اعلم بالصواب


    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابو امیر خسروسید باسق رضا

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    28 ذو القعدۃ 1446 ھ/26 مئی 2025ء کو جاری کیا گیا