مسجد سے گیس کنکشن لینا کیسا
    تاریخ: 28 فروری، 2026
    مشاہدات: 4
    حوالہ: 926

    سوال

    مسجدکے استعمال کے لئے لگائی گئی گھریلو گیس جو صرف مسجد کے استعمال کے لئے خاص ہے گیس کا میٹر مسجد کے نام ہے اور بل بھی مسجدکے نام پر ہی آتا ہے، مسجد کی 19 دکانیں ہیں جو کمرشل طور پر چل رہی ہیں، ان میں سے ایک دکاندار مسجد کی گھریلو استعمال کی گیس سے چار سے پانچ گھنٹے کمرشل کے طور پر استعمال کرتا ہےجسکے عوض وہ مسجد کا مکمل گیس کا بل بھرتا ہے ۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا مسجد کےگھریلو گیس سے کمرشل طور پر دینا جائز ہے یا نہیں؟ شرعی رہنمائی فرمائیں۔

    سائل: بمعرفت مولانا کاشف : کراچی


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    ریزیڈنشل کنکشن اور کمرشل کنکشن کے ریٹ الگ الگ ہوتے ہیں ریزیڈنشل کے ریٹ کمرشل کے مقابلے میں انتہائی کم ہوتے ہیں ، لہذا صورتِ مسئولہ میں مسجد والوں کا مذکورہ طریقے سے گیس کنکشن دینااور اس دکاندار کا لینا دونوں ہی ناجائز ہیں، لہذا ان پر لازم ہے کہ یہ کنکشن فوراً ختم کرکے گیس کمپنی کے مطابق جرمانہ چالان کی ادائیگی کریں۔علاوہ ازیں اگر ریزیڈنشل و کمرشل کا معاملہ نہ بھی ہو تو مسجد کے کنکشن سے کسی دوسری جگہ کنکشن دینا مطلقاً منع ہے، کہ ان صورتوں میں دھوکہ دہی اور ضرر موجود ہے۔

    حدیث پاک میں ارشاد فرمایا: عن ابي هريرة: ان رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: من غشنا فليس منا۔ ترجمہ:حضرت ابو ہریرہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا جوہم (مسلمانوں)سے دھوکہ دہی کرے وہ ہم سے نہیں۔(بخاری، حدیث نمبر 164)

    اسی طرح حدیث میں فرمایا : لَا ضَرَرَ وَلَا ضِرَارَ۔ ترجمہ: نہ نقصان پہنچاؤ اور نہ نقصان برداشت کرو۔ (ابن ماجہ، کتاب الاحکام، باب من بنی فی حقہ ما یضرّ بجارہ، حدیث:2340)۔

    واللہ تعالٰی اعلم بالصواب