مسجد کمیٹی میں شمولیت کی شرائط
    تاریخ: 28 فروری، 2026
    مشاہدات: 4
    حوالہ: 927

    سوال

    مسجد کمیٹی میں کون لوگ شامل ہوسکتے ہیں ؟ انکی شرائط کیا ہیں ؟ قرآن و سنت کی روشنی میں جواب دیکر عنداللہ ماجور ہوں۔

    سائل:غلام مصطفٰی قادری :کراچی


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    مسجد کمیٹی کے ہر ہر فرد کا درج ذیل اوصاف کاحامل ہونا ضروری ہے1: سنی صحیح العقیدہ ہو ۔2 :بد مذہب ،فاسق و فاجر نہ ہو۔ 3:امانت دار ہو۔ 4:کام کرنے والا ہو۔ 5 :لالچی و لاپرواہ نہ ہو۔ 6 :لہو و لعب میں مبتلا نہ ہو۔ 7 :بے عقل نہ ہو۔ 8 :مصروفیت وغیرہ کی بنا پر کام کرنے سے عاجز نہ ہو۔

    جیسا کہ البحرالرائق اور ردالمحتار میں ہے واللفظ لہ:قال فی الاسعاف ولا یولی الاامین قادربنفسہ او بنائبہ لان الولایۃ مقیدۃ بشرط النظر ولیس من النظر تولیۃ الخائن لانہ یخل بالمقصود وکذاتولیۃ العاجزلان المقصود لایحصل بہ ترجمہ : اسعاف میں فرمایا ہے کہ متولی صرف اسی کو بنایا جائے گا جوامین ہو اور بذات خود یا اپنے نائب کے زریعے وقف کی حفاظت پر قادر ہو کیونکہ ولایت نگرانی کی شرط کے ساتھ مقید ہے اور خائن کو متولی بنانے میں نگرانی کا فقدان ہے کیونکہ خائن کی تولیت مقصود میں خلل پیدا کرتی ہے،یہی حال عاجز کو متولی بنانے کا ہے کہ اس سے بھی مقصود حاصل نہیں ہوتا۔ (ردالمحتار کتاب الوقف داراحیاء التراث العربی بیروت جلد 3 صفحہ 385 داراحیاء التراث العربی بیروت)

    امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ متولی کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں : لائق وہ ہے کہ دیانت کار گزار ہوشیار ہو جس پر دربارہ حفاظت وخیرخواہی وقف اطمینان کافی ہو، فاسق نہ ہو جس سے بطمع نفسانی یا بے پروائی یاناحفاظتی یا انہماک لہو ولعب وقف کو ضرر پہنچانے یا پہنچنے کا اندیشہ ہو بدعقل یا عاجز یا کاہل نہ ہو کہ اپنی حماقت یا نادانی یا کام نہ کرسکنے یا محنت سے بچنے کے باعث وقف کو خراب کرے، فاسق اگرچہ کیسا ہی ہوشیار کارگزار مالدار ہو ہر گز لائق تولیت نہیں کہ جب وہ نافرمانی شرع کی پروانہیں رکھتا کسی کاردینی میں اس پر کیا اطمینان ہوسکتا ہے، ولہذا حکم ہے کہ اگر خود واقف فسق کرے واجب ہے کہ وقف اس کے قبضہ سے نکال لیا جائے اورکسی امین متدین کو سپردکیاجائے پھر دوسرا تو دوسرا ہے۔(فتاوی رضویہ جلد 16 صفحہ 557 رضا فاؤنڈیشن لاہور)

    واللہ تعالٰی اعلم بالصواب

    کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد زوہیب رضا قادری

    تاریخ اجراء:24 ذوالقعدہ 1442 ھ/05 جولائی2021 ء