Tax return mein radd-o-badal ka hukam
سوال
مفتی صاحب ہمارے ملک میں جس طرح ٹیکس لگ رہا وہ بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں اور اس کا استعمال بھی، تو کیا انکم ٹیکس کم بنانے کے لیے انکم کم یا خرچہ زیادہ لکھا جا سکتا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
یاد رہے حکومت کا رعایا پر ٹیکس مقرر کرنا مندرجہ ذیل شرائط کیساتھ جائز ہے ۔
1: سرکاری خزانے کی رقوم اور حکومت کے ذرائع آمدنی اس کے اخراجات کے لئے ناکافی ہوں۔
2: ٹیکس سےوصول ہونے والی رقم ملک وملت کی فلاح وبہبود کے لئے خرچ کی جائے جیساکہ روڈ بنوانا وغیرہ ۔
3: ٹیکس کی مقدار بقدر ضرورت ہو ،اتنا زیادہ ٹیکس مقرر نہ کیا جائے کہ جولوگوں کے لئے ناقابل برداشت ہو ۔ بہتر ہے کہ ٹیکس کی مقدار کسی بھی شخص کی آمدنی کے دس فیصد سے زائد نہ ہو،کیونکہ شریعت اسلامیہ میں لوگوں کے اموال سے زیادہ سے زیادہ عشر ہی لیا جاتا ہے اس سے زائد کوئی مثال نہیں۔
اگر حکومت ان شرائط کے ساتھ ٹیکس لیتی ہے تو ملک کے باشندوں پر اس ٹیکس کی ادائیگی شرعا واجب ہے ،جھوٹ اور غلط بیانی یا رد وبدل کے ذریعے وغیرہ یہ ٹیکس معاف کروانا یا کم کروانا جائز نہیں ہے ۔لہذا اگر حکومت جائز حدود میں ٹیکس وصول کررہی ہو تو ٹیکس چوری کا عمل جائز نہیں ہے ،اوراگر ٹیکس وصولی کاطریقہ ظالمانہ ہو کہ آدمی کی طاقت وقوت سے زیادہ ہو توایسی صورت میں زائد ٹیکس سے بچنے کے لئے کوئی حیلہ اختیار کرنا درست ہے ۔نیز اس صورت میں کام کرنے والے پر گناہ نہیں کہ شریعت اسلامیہ میں اپنے آپ سے ضرر دفع کیا جاتا ہے جیساکہ قاعدہ شرعیہ ہے الضرر یزال۔
حدیث پاک میں ہے: عن ابن عباس، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «لا ضرر ولا ضرار۔ترجمہ: حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نہ نقصان پہنچاؤ اور نہ نقصان اٹھاؤ ۔(سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر 2341)۔