پوتی کا جائیداد سے حصہ

    poti ka jaidad se hissa

    تاریخ: 5 نومبر، 2026
    مشاہدات: 3
    حوالہ: 1927

    سوال

    میری والدہ چھ ماہ کی حاملہ تھیں، تب میرے والد کا انتقال ہو گیا تھا۔ والد کی وفات کے بعد میں نے اور میری والدہ نے پانچ سال اپنے سسرال، یعنی میرے ددھیال میں گزارے۔ اس دوران میری دادی اور دادا دونوں حیات تھے۔ میری دادی نے میرے لیے سونے کے کچھ زیورات بنوائے اور کچھ رقم میرے نام پر بینک میں جمع کروا دی۔ انہوں نے گھر کے تمام افراد کو بتایا تھا کہ یہ سب وہ اپنی پوتی، یعنی میرے لیے کروا رہی ہیں۔ پانچ سال بعد میری والدہ کا نکاح کسی دوسرے شخص سے کروا دیا گیا۔ آج میری عمر 25 سال ہے۔ میری دادی نے میرے نام پر جو سونے کے زیورات بنوائے تھے، وہ مجھے مل چکے ہیں۔جب میں سات سال کی تھی تو میرے دادا اور دادی دونوں کا انتقال ہو گیا تھا۔ لیکن میرا سوال یہ ہے کہ میرے دادا کا جو مکان ہے، اب اس کی وراثت تقسیم ہو رہی ہے۔ کیا اس مکان میں مجھے بھی وراثتی حصہ ملے گا یا نہیں؟

    نوٹ: سائلہ کے مطابق بیٹوں اور بیٹیوں کی صورت میں دادا کی اور بھی اولاد ہے ۔

    سائلہ:امینہ


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    آپ کے بیان کردہ صورتِ حال کے مطابق، مذکورہ مکان(داد ا کا مکان) میں آپ کا کوئی شرعی حصہ نہیں بنتا۔اس لئے کہ اگر میت کی صلبی اولاد میں ایک یا متعدد بیٹے موجود ہوں، تو پوتے اور پوتیاں (یعنی بیٹوں کی اولاد) صلبی بیٹوں کی موجودگی میں محروم ہوں گے، خواہ پوتے سب لڑکے ہوں، سب لڑکیاں ہوں یا لڑکے اور لڑکیاں دونوں ہوں۔ اس صورت میں پوتے پوتیوں کو ترکہ میں سے کوئی حصہ نہیں ملے گا۔

    نیز یا د رکھیں ! ترکہ ان شرعی وارثوں میں تقسیم ہوتا ہے جو مورث کی وفات کے وقت زندہ ہوں۔ جو شخص مورث سے پہلے وفات پاچکا ہو، وہ اس کے ترکہ میں وارث نہیں ہوگا؛ کیونکہ وراثت کا مستحق وہی ہے جو مورث کی وفات کے وقت حیات ہو۔ لہٰذا وراثت میں حصہ پانے کے لیے وارث کا مورث کی وفات کے وقت زندہ ہونا ضروری ہے۔ لہٰذا آپ اپنے والد کی طرف سے بھی دادا کے ترکہ میں حصہ نہیں پاسکتیں، کیونکہ آپ کے والد کا انتقال آپ کے دادا کی حیات ہی میں ہوگیا تھا، اورجیسا کہ بیان ہوچکا وراثت کا حق مورث کی وفات کے وقت زندہ وارثوں کو حاصل ہوتا ہے۔

    دلائل و جزئیات:

    پوتے اور پوتیوں کا حصہ شریعت میں کیا ہے اس متعلق فتاوی ھندیہ میں تفصیلاً درج ہے: فَإِنْ اجْتَمَعَ أَوْلَادُ الصُّلْبِ وَأَوْلَادُ الِابْنِ فَإِنْ كَانَ فِي أَوْلَادِ الصُّلْبِ ذَكَرٌ فَلَا شَيْءَ لِأَوْلَادِ الِابْنِ ذُكُورًا كَانُوا أَوْ إنَاثًا أَوْ مُخْتَلِطِينَ، فَإِنْ لَمْ يَكُنْ فِي أَوْلَادِ الصُّلْبِ ذَكَرٌ وَلَا فِي أَوْلَادِ الِابْنِ ذَكَرٌ، فَإِنْ كَانَتْ ابْنَةُ الصُّلْبِ وَاحِدَةً فَلَهَا النِّصْفُ وَلِبَنَاتِ الِابْنِ السُّدُسُ وَاحِدَةً كَانَتْ أَوْ أَكْثَرَ مِنْ ذَلِكَ، وَإِنْ كَانَتْ ابْنَةُ الصُّلْبِ ثِنْتَيْنِ فَلَهُمَا الثُّلُثَانِ وَلَا شَيْءَ لِبَنَاتِ الِابْنِ وَإِنْ لَمْ يَكُنْ فِي أَوْلَادِ الصُّلْبِ ذَكَرٌ وَكَانَ فِي أَوْلَادِ الِابْنِ ذَكَرٌ فَإِنْ انْفَرَدَ الذُّكُورُ مِنْ أَوْلَادِ الِابْنِ فَالْبَاقِي بَعْدَ نَصِيبِ الْبَنَاتِ لَهُمْ نِصْفًا كَانَ أَوْ ثُلُثًا فَإِنْ اخْتَلَطَ الذُّكُورُ بِالْإِنَاثِ مِنْ أَوْلَادِ الِابْنِ فَنَقُولُ: إنْ كَانَتْ بَنَاتُ الصُّلْبِ ثِنْتَيْنِ فَصَاعِدًا فَلَهُنَّ الثُّلُثَانِ وَالْبَاقِي بَيْنَ أَوْلَادِ الِابْنِ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَيَيْنِ عِنْدَ عَلِيٍّ وَزَيْدٍ - رَضِيَ اللَّهُ تَعَالَى عَنْهُمَا - وَهُوَ قَوْلُ جُمْهُورِ الْعُلَمَاءِ - رَحِمَهُمْ اللَّهُ تَعَالَى - فَإِنْ كَانَتْ ابْنَةُ الصُّلْبِ وَاحِدَةً فَلَهَا النِّصْفُ وَالْبَاقِي بَيْنَ أَوْلَادِ الِابْنِ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَيَيْنِ، كَذَا فِي الْمَبْسُوطِ.ترجمہ: اگر میت کی صلبی اولاد اور پوتے پوتیاں دونوں موجود ہوں تو اس کی تفصیل یہ ہے:پہلی صورت: اگر صلبی اولاد میں کوئی بیٹا موجود ہو تو" پوتے پوتیوں" میں سے کسی کو بھی کچھ نہیں ملے گا، خواہ وہ سب لڑکے ہوں، سب لڑکیاں ہوں یا لڑکے اور لڑکیاں دونوں ہوں۔دوسری صورت: اگر صلبی اولاد میں کوئی بیٹا نہ ہو اور پوتوں میں بھی کوئی لڑکا نہ ہو تو: اگر صلبی بیٹی ایک ہو تو اس کے لیے نصف (1/2) اور پوتیوں کے لیے چھٹا حصہ (1/6) ہوگا، خواہ پوتی ایک ہو یا ایک سے زیادہ۔- اگر صلبی بیٹیاں دو ہوں تو ان کے لیے دو تہائی (2/3) ہوگا اور پوتیوں کو کچھ نہیں ملے گا۔تیسری صورت: اگر صلبی اولاد میں کوئی بیٹا نہ ہو، لیکن پوتوں میں لڑکا موجود ہو تو: اگر پوتوں میں صرف لڑکے ہوں اور کوئی لڑکی نہ ہو تو صلبی بیٹیوں کے حصے نکالنے کے بعد جو ترکہ باقی بچے گا، وہ پوتوں کو ملے گا، خواہ صلبی بیٹیوں کا حصہ نصف ہو یا دو تہائی۔- اگر پوتوں میں لڑکے اور لڑکیاں دونوں موجود ہوں تو: اگر صلبی بیٹیاں دو یا دو سے زیادہ ہوں تو ان کے لیے دو تہائی ہوگا اور باقی ترکہ پوتے پوتیوں میں اس طرح تقسیم ہوگا کہ ہر لڑکے کو دو لڑکیوں کے برابر حصہ ملے گا۔ یہ قول حضرت علی اور حضرت زید رضی اللہ عنہما کا ہے اور جمہور علماء رحمہم اللہ کا بھی یہی قول ہے۔ - اگر صلبی بیٹی ایک ہو تو اس کے لیے نصف ہوگا اور باقی ترکہ پوتے پوتیوں میں اس طرح تقسیم ہوگا کہ لڑکے کو لڑکی کے مقابلے میں دوگنا حصہ ملے گا۔اسی طرح المبسوط میں ہے۔( فتاوی عالمگیریہ/ھندیہ:کتاب الفرائض:الباب الثانی فی ذوی الارحام،جلد:6،ص:447 مطبوعہ دارالفکر بیروت)

    اسی طرح مبسوط سرخسی اور دیگر کتب فقہ میں حکم شرع میں ذکر ملتا ہے،المبسوط میں ہے: فَإِنْ اجْتَمَعَ أَوْلَادُ الصُّلْبِ وَأَوْلَادُ الِابْنِ فَإِنْ كَانَ فِي أَوْلَادِ الصُّلْبِ ذَكَرٌ فَلَا شَيْءَ لِأَوْلَادِ الِابْنِ ذُكُورًا كَانُوا، أَوْ إنَاثًا أَوْ مُخْتَلِطِينَ لِأَنَّ الذَّكَرَ مِنْ أَوْلَادِ الصُّلْبِ مُسْتَحِقٌّ لِجَمِيعِ الْمَالِ بِاعْتِبَارِ حَقِيقَةِ الِاسْمِ۔ترجمہ: پس اگر حقیقی اولاد (بیٹے، بیٹیاں) اور پوتے، پوتیاں جمع ہوجائیں، تو اگر حقیقی اولاد میں کوئی مرد (بیٹا) موجود ہو، تو پوتوں اور پوتیوں کے لیے کچھ بھی نہیں ہوگا، خواہ وہ سب مرد ہوں، یا سب عورتیں، یا مرد و عورت دونوں ہوں؛ کیونکہ حقیقی اولاد میں سے مرد (بیٹا) حقیقتِ اسم کے اعتبار سے تمام مال کا مستحق ہوتا ہے۔(المبسوط السرخسی:کتاب الفرائض،باب الاولاد،جلد29،ص:138 مطبوعہ دارالمعرفہ بیروت لبنان)

    وراثت کے متعلق الفقہ الاسلامی وادلتہ میں ہے: الإرث لغة: بقاء شخص بعد موت آخر بحيث يأخذ الباقي ما يخلفه الميت. وفقهاً: ما خلفه الميت من الأموال والحقوق التي يستحقها بموته الوارث الشرعي .ترجمہ:وراثت لغت میں ایک شخص کا دوسرے شخص کی موت کے بعد اس طور پر زندہ باقی رہنا کہ میت جو مال چھوڑ گیا ہے زندہ شخص اسے لے لے اور ازروئے فقہ وراثت وہ مال و حقوق ہیں جو میت چھوڑ گیا ،جن کے حقدار اسکی موت کے بعد شرعی وارث ہونگے۔ (الفقہ الاسلامی وادلتہ، الباب السادس المیراث،10/7697،دار الفکر)

    اسی طرح رد المحتار میں ہے: لِأَنَّ تَرَكَهُ الْمَيِّتُ مِنْ الْأَمْوَالِ صَافِيًا عَنْ تَعَلُّقِ حَقِّ الْغَيْرِ بِعَيْنٍ مِنْ الْأَمْوَالِ".ترجمہ:(اس مال کو میت کا ترکہ کہنے کی وجہ) کیونکہ اسے میت چھوڑتا ہے اس طور پر کہ وہ ترکہ اموال میں کسی عین کے ساتھ غیر کے حق کے تعلق سے خالی ہوتا ہے۔(رد المحتار،کتاب ا لفرائض،6/759،دار الفکر)

    مال وراثت زندہ وارثین میں ہی تقسیم ہوتا ہے، چنانچہ ہدایۃ شرح بدایۃ المبتدی میں ہے: ويقسم ماله بين ورثته الموجودين في ذلك الوقت ومن مات قبل ذلك لم يرث منه".ترجمہ: اور میت کا مال اس کے ان ورثاء میں تقسیم ہوگا جو اسکی موت کے وقت موجود (زندہ) تھے اور جو اس کی موت سے پہلے مرگئے وہ اس کے وارث نہیں ہونگے۔ (لہذا ان میں وراثت تقسیم نہیں ہوگی)۔( الہدایۃ ،کتاب المفقود ،2/424،دار احیاء التراث العربی)

    یوں ہی البنایہ شرح الہدایہ میں اسی کے تحت ہے:وقسم ماله بين ورثته الموجودين في ذلك الوقت أي وقت الحكم بالموت.ترجمہ:اور اسکا مال اسکے ان ورثاء میں تقسیم کیا جائے گا جو اس(مورث) کی موت کے وقت موجود ہوں۔(البنایۃ شرح الہدایۃ،کتاب المفقود،7/367،دار الکتب العلمیۃ)

    واللہ اعلم بالصواب


    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: عبدالخالق بن عیسی

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    1447 ھ/18 نومبر 2026ء کو جاری کیا گیا