فون پربغیر گواہوں کے نکاح کا حکم

    phone par baghair gawahon ke nikah ka hukm

    تاریخ: 19 نومبر، 2026
    مشاہدات: 55
    حوالہ: 1961

    سوال

    لڑکے نے لڑکی سے کہا کہ ’’مجھے وکیل بنا لو تو ہمارا نکاح ہو جائے گا۔‘‘ لڑکی راضی ہوگئی اور فون پر ہی ایجاب و قبول ہوگیا۔ نہ وکیل بنانے کے وقت کوئی گواہ موجود تھا اور نہ ہی ایجاب و قبول کے وقت کوئی گواہ موجود تھا۔ سارا معاملہ فون پر ہوا تھا۔لڑکے اور لڑکی کے درمیان کسی قسم کا جسمانی تعلق قائم نہیں ہوا اور نہ ہی کبھی تنہائی میں ملاقات ہوئی۔ بعد میں دونوں کے درمیان کئی مرتبہ لڑائی ہوئی اور اب دونوں الگ ہیں۔لڑکا کھلے الفاظ میں کہہ چکا ہے کہ ’’میں آزاد ہوں‘‘ اور یہ بھی کہہ چکا ہے کہ ’’ہمارے درمیان سب ختم ہوگیا، اپنے والدین کی مرضی سے شادی کرلو۔‘‘لڑکی نے بھی فون پر کہا: ’’میں یہ حرام کام چھوڑتی ہوں، میں متارکت کرتی ہوں، ہمارے درمیان ہر تعلق ختم کرتی ہوں۔‘‘ لڑکے نے یہ تمام باتیں سنی بھی ہیں۔

    جو کچھ اوپر ذکر کیا گیا ہے وہ حق اور سچ ہے۔اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا اس صورت میں لڑکی آزاد ہے؟ کیا وہ کسی دوسری جگہ شادی کرسکتی ہے؟ لڑکی دارالافتاء نہیں جاسکتی اور اس مسئلے کی وجہ سے انتہائی پریشان ہے۔ براہِ کرم شرعی حکم سے آگاہ فرمائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے لیے آسانی فرمائے۔

    سائل:علی

    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    پوچھی گئی صورت میں اگر معاملہ حقیقتاً ایسا ہی ہے جیسا کہ سوال میں ذکر کیا گیا ہے، تو ایسی صورت میں نکاح فاسد ہوا؛ کیونکہ نکاح کی درستگی کے لیے دو گواہوں کا موجود ہونا شرط ہے، جبکہ مذکورہ صورت میں وکیل بنانے کے وقت بھی کوئی گواہ موجود نہیں تھا اور ایجاب و قبول کے وقت بھی گواہ موجود نہیں تھے۔

    لہٰذا مذکورہ صورت میں نکاح منعقد ہی نہیں ہوا۔ جب نکاح منعقد نہیں ہوا تو لڑکا اور لڑکی دونوں پر لازم تھا کہ وہ فوراً ایک دوسرے سے علیحدہ ہوجائیں اور متارکہ کرلیں۔اور سوال میں ذکر کردہ الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں کی طرف سے متارکہ ہوچکا ہے؛ لڑکے نے بھی واضح الفاظ میں کہا کہ ’’میں آزاد ہوں‘‘ اور ’’ہمارے درمیان سب ختم ہوگیا، اپنے والدین کی مرضی سے شادی کرلو‘‘، جبکہ لڑکی نے بھی کہا کہ ’’میں یہ حرام کام چھوڑتی ہوں، میں متارکت کرتی ہوں، ہمارے درمیان ہر تعلق ختم کرتی ہوں‘‘۔

    لہٰذا مذکورہ تفصیل کے مطابق لڑکی آزاد ہے اور وہ دوسری جگہ شادی کرسکتی ہے۔ نیز چونکہ لڑکے اور لڑکی کے درمیان کسی قسم کا جسمانی تعلق قائم نہیں ہوا، اس لیے عدت بھی لازم نہیں ہوئی۔

    دلائل و جزئیات:

    البنایۃ شرح ہدایہ میں ہے: ولا ينعقد نكاح المسلمين إلا بحضور شاهدين حرين عاقلين بالغين مسلمين رجلين، أو رجل وامرأتين عدولا كانوا أو غير عدول أو محدودين في القذف ترجمہ:مسلمانوں کا نکاح منعقدنہیں ہوتا مگر دو گواہوں کی موجودگی میں جو آزاد ہوں ،عاقل ہوں ،بالغ ہوں ،دونوں مرد ہوں یا ایک مرد اور دو عورتیں ہوں عادل ہوں یا غیر عادل ہوں یا تہمت کے جرم میں ان پر حدنافذ کی گئی ہو۔

    (البنایۃ شرح ہدایہ ،جلد:5،ص:12،دارالکتب العلمیۃ بیروت)

    اعلی حضرت امام احمد رضا خان فاضل بریلوی علیہ الرحمۃاسی طرح کے ایک سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں: بے حضور د وگواہ نکاح فاسد ہے، حدیث میں فرمایاـ: الزوانی اللاتی ان ینکحن انفسھن بغیر بینۃ ترجمہ: زنا کار ہیں جو اپنی جانوں کو نکاح میں دیتی ہیں بغیر گواہوں کے۔(فتاوی رضویہ ،جلد :11،ص:219)

    بہار شریعت میں ہے:نکاحِ فاسد کا حکم یہ ہے کہ اُن میں ہر ایک پر فسخ کر دینا واجب ہے۔ اس کی بھی ضرورت نہیں کہ دوسرے کے سامنے فسخ کرے اور اگر خود فسخ نہ کریں تو قاضی پرواجب ہے کہ تفریق کر دے

    (بہارشریعت،جلد:2،ص:72،مکتبۃ المدینۃ)

    نکاحِ فاسد میں دخول اور خلوت نہ ہونے کی صورت میں عدت اور مہر کا حکم

    جب نکاح منعقد ہی نہیں ہوا اور فریقین کے درمیان نہ تو جسمانی تعلق قائم ہوا اور نہ ہی تنہائی میں ملاقات (خلوت) ہوئی، تو ایسی عورت پر علیحدگی کے بعد کوئی عدت لازم نہیں ہوتی۔ وہ فوراً دوسری جگہ نکاح کر سکتی ہے۔

    فتاوی ہندیہ میں ہے: إذا وقع النكاح فاسدا فرق القاضي بين الزوج والمرأة فإن لم يكن دخل بها فلا مهر لها ولا عدة وإن كان قد دخل بها فلها الأقل مما سمى لها ومن مهر مثلها إن كان ثمة مسمى وإن لم يكن ثمة مسمى فلها مهر المثل بالغا ما بلغ وتجب العدة ويعتبر الجماع في القبل حتى يصير مستوفيا للمعقود عليه ۔ ترجمہ: جب نکاح فاسد واقع ہو جائے تو قاضی شوہر اور عورت کے درمیان جدائی کروا دے گا۔ پھر اگر شوہر نے عورت سے دخول (ازدواجی تعلق) نہ کیا ہو تو عورت کے لیے نہ مہر واجب ہوگا اور نہ ہی اس پر عدت لازم ہوگی۔اور اگر شوہر نے دخول کر لیا ہو تو عورت اس مہر کی مستحق ہوگی جو عقد میں مقرر کیا گیا تھا یا مہرِ مثل کی، ان دونوں میں سے جو کم ہو، بشرطیکہ عقد میں مہر مقرر کیا گیا ہو۔ اور اگر کوئی مہر مقرر نہ کیا گیا ہو تو عورت کو مہرِ مثل دیا جائے گا، خواہ وہ جتنا بھی ہو۔ اور عورت پر عدت بھی واجب ہوگی۔ اور جماع سے مراد قبل (اگلی شرمگاہ) میں جماع ہے، یہاں تک کہ وہ عقد کے معقود علیہ (مقصود) کو پورا حاصل کرنے والا شمار ہو جائے۔

    والله تعالى اعلم بالصواب


    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمد عثمان طاہری

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    09 ربیع الثانی 1448 ھ/21 ستمبر2026 ء کو جاری کیا گیا