سوال
میرے شوہر کا ایک حادثہ میں انتقال ہوا وہ سرکاری ملازم تھے، حکومت کی جانب سے ملنے والی رقم کس کا حق ہے ؟ اس میں میرے دیوروں کا حق ہے یا نہیں ؟ نیز ہماری کوئی اولاد نہیں ہےنہ کوئی ذریعہ معاش ہے میں اس رقم سے کسی طرح اپنی زندگی بسر کرسکوں گی۔
سائلہ:عائشہ:کراچی۔
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
اگر اس شخص کا جی پی فنڈ حکومت کے پاس تھا جو اسکی زندگی میں اس کی تنخواہ سے رضاکارانہ یا لازمی طور پر وضع کیا جاتا تھا تو یہ رقم انکے ترکہ میں شمار ہوگی اور ان کے تمام ورثاء یعنی بیٹوں میں شرعی طریقہ کار سے تقسیم ہوگی۔
اور اگر یہ رقم جی پی فنڈ کے بغیر ہی حکومت کی جانب سے پنشن کے طور پر ملی ہےتواس رقم پر صرف بیوہ کا حق ہے اس کے علاوہ کسی کے لئے لینا یا لینے کا تقاضا کرنا دونوں ہی ناجائز و حرام ہے،کیونکہ پنشن حکومت کی جانب سے تبرع و احسان کی صورت ہے اور حکومت کے قانون کے مطابق پنشن کی رقم بیوہ کے نام جاری ہوتی ہے ۔ بیوہ کی وفات ،طلاق یا دوسری شادی کی صورت میں یہ رقم مرحوم کی غیر شادی شدہ بیٹیوں کے نام جاری ہوتی ہے۔اور اگر مرحوم کی کوئی نابالغ بیٹی نہ ہو تو اب حکومت کی جانب سے یہ رقم کسی کو نہیں ملتی ۔
لہذا مذکورہ سوال میں بھی چونکہ مرحوم کی زوجہ حیات ہیں اس لئے صرف وہی پنشن کی رقم کی حقدار ہوگی۔دیور وغیرہ کا اس رقم میں کچھ حصہ نہیں ہے۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد زوہیب رضا قادری
الجـــــواب صحــــیـح:ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی
تاریخ اجراء:20 جمادی الاول1444 ھ/15 دسمبر 2022 ء