نسب تبدیل کرنے کا حکم

    nasab tabdeel karne ka hukm

    تاریخ: 10 اکتوبر، 2026
    مشاہدات: 1
    حوالہ: 1842

    سوال

    میری بیوی کے حقیقی بھائی کی ایک بیٹی ہے۔ بچی کی پیدائش کے فوراً بعد ہم نے اسے اس کے والدین کی رضامندی سے اپنی کفالت اور پرورش میں لے لیا تھا اور تب سے ہم اسے اپنی بیٹی کی طرح پال رہے ہیں۔ بچی کا نام منّت ہے۔ بچی کی پیدائش کے فوراً بعد میری بیوی نے اسے اپنا دودھ پلانا شروع کیا تھا اور تقریباً ایک ماہ تک کئی مرتبہ breastfeeding کروائی۔ رضعات کی صحیح تعداد یاد نہیں۔ بچی کا حقیقی والد میری بیوی کا سگا بھائی ہے اور اس کا نسب ہمیں معلوم ہے۔ لیکن بچی کے Birth Certificate، B-Form اور Passport میں والد کے خانے میں میں نے اپنا نام درج کروایا ہے، جبکہ اس کے حقیقی والد کا نام درج نہیں ہے۔ یہ کام ہم نے صرف اس وجہ سے کیا کہ بچی ہماری کفالت میں ہے اور ہم اسے اپنی بیٹی کی طرح پال رہے ہیں، نسب تبدیل کرنے یا کسی کو دھوکہ دینے کی نیت نہیں تھی۔ براہِ کرم درج ذیل امور کے بارے میں شرعی رہنمائی فرمائیں:

    1. کیا تقریباً ایک ماہ تک میری بیوی کا دودھ پلانے سے منّت شرعاً رضاعی بیٹی بن گئی ہے؟ اگر رضعات کی تعداد معلوم نہ ہو تو کیا حکم ہوگا؟

    2. اگر رضاعت ثابت ہو جائے تو کیا منّت میرے لیے بھی رضاعی بیٹی شمار ہوگی؟ اس صورت میں پردہ اور محرمیت کے کیا احکام ہوں گے؟

    3. حقیقی والد معلوم ہونے کے باوجود Birth Certificate، B-Form اور Passport میں میرے نام کو والد کے طور پر درج کروانے کا کیا شرعی حکم ہے؟ کیا اس میں گناہ ہے؟

    4. اگر یہ درست نہیں تو اب ہمیں کیا کرنا چاہیے؟ کیا ان دستاویزات میں حقیقی والد کا نام درج کروانا ضروری ہے؟

    5. مستقبل میں منّت کے وراثت، محرمیت، پردہ اور نکاح کے کیا شرعی احکام ہوں گے؟ براہِ کرم مکمل جواب فقہِ حنفی کی روشنی میں عطا فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیراً

    سائل : محمد عدنان


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    1۔چونکہ آپ کی بیوی نے منّت کو پیدائش کے فوراً بعد تقریباً ایک ماہ تک کئی مرتبہ اپنا دودھ پلایا، لہٰذا اگر مدتِ رضاعت( یعنی دوسال )کے اندر دودھ بچی کے حلق سے نیچے معدے میں پہنچا تھا تو شرعاً رضاعت ثابت ہوگئی۔ رضعات کی صحیح تعداد معلوم نہ ہونے سے اس حکم پر کوئی فرق نہیں پڑتا؛ کیونکہ شرعی اعتبار سے مدتِ رضاعت کے اندر دودھ کی تھوڑی یا زیادہ مقدار، حتیٰ کہ ایک قطرہ بھی معدے میں پہنچ جائے، تو حرمتِ رضاعت ثابت ہوجاتی ہے، خواہ دودھ معروف طریقے یعنی منہ کے ذریعے معدے میں پہنچے یا ناک یا حلق میں ٹپکانے کے ذریعے۔

    2۔ آپ کی بیوی نے منّت کو دودھ پلایا ہے، اس لیے وہ منّت کی رضاعی ماں ہے، اور چونکہ آپ کے سبب آپ کی بیوی کا دودھ اترا، اس لیے آپ منّت کے رضاعی باپ ہیں۔

    3۔ نسبی باپ کے معلوم ہوتے ہوئے پیدائشی سرٹیفکیٹ (Birth Certificate)، ب فارم (B-Form) اور پاسپورٹ (Passport) میں والد کے خانے میں اپنا نام درج کروانا شرعاً حرام اور گناہِ کبیرہ ہے۔ اگرچہ آپ کی نیت دھوکا دینے کی نہیں تھی، لیکن آپ کا ایسا کرنا غیر والد کو والد قرار دینا ہے، جو ناجائز اور سخت گناہ ہے۔

    4۔ جیسا کہ واضح کیا گیا کہ مذکورہ عمل شرعاً درست نہیں، لہٰذا آپ کو اور آپ کی بیوی کو اس عمل پر اللہ تبارک وتعالیٰ کی بارگاہ میں توبہ و استغفار کرنی چاہیے۔ نیز جتنی بھی سرکاری و قانونی دستاویزات ہیں، ان میں ترمیم کروا کر والد کے خانے میں نسبی باپ کا نام لکھوانا لازم و ضروری ہے۔ ہاں، اگر آپ اپنی سرپرستی ظاہر کرنا چاہتے ہیں تو سرپرست کے خانے میں اپنا نام لکھوا سکتے ہیں، لیکن والد کے خانے میں نسبی والد ہی کا نام درج ہونا چاہیے۔

    5۔ جب منت آپ کی رضاعی بیٹی ہے تو مستقبل میں اگر آپ یا آپ کی بیوی میں سے کسی کا بھی انتقال ہو جائے تو آپ کے ترکے میں اس رضاعی بیٹی کا کوئی حصہ نہیں ہوگا، کیونکہ رضاعت سے حقِ وراثت ثابت نہیں ہوتا۔ منّت کو وراثت اس کے حقیقی والدین کے ترکے سے ملے گی۔ اسی طرح آپ بھی اپنی رضاعی بیٹی کے ترکے میں وارث نہیں ہوں گے۔ البتہ آپ اور آپ کی بیوی اپنی رضاعی بیٹی کو زندگی میں کچھ مال ہبہ کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں، یا اس کے لیے اپنے ترکے کے ایک تہائی حصے تک وصیت کر سکتے ہیں۔منت اپنے رضاعی ماں باپ اور ان کی حقیقی اولاد کے لیے ہمیشہ محرم رہے گی، لہٰذا ان سے پردہ نہیں ہوگا۔ اسی طرح منت کا نکاح اپنے رضاعی باپ، یعنی آپ، اور آپ کی اولاد سے بھی شرعاً حرام ہے۔

    نوٹ : یہ جان لیں حرمت رضاعت تب ثابت ہوتی ہے جب دودھ حلق میں پہنچے اگر ویسے منہ میں پستان دیے دودھ نہ آیا ہو تو حرمت ثابت نہیں ہوتی ۔

    اللہ عز وجل کا ارشاد ہے :’’ اُمَّهٰتُكُمُ الّٰتِیْۤ اَرْضَعْنَكُمْ وَاَخَوٰتُكُمْ مِّنَ الرَّضَاعَةِ‘‘.ترجمہ: (تم پرحرام کی گئیں) تمہاری مائیں جنہوں نے دودھ پلایا اور دودھ کی بہنیں۔ (النساء: 23)

    مدتِ رضاعت میں دود ھ پیا چاہے تھوڑا ہو یا زیادہ حرمت ثابت ہوجاتی ہے اس بارے 'مختصر القدوری ' میں ہے ’’:قليل الرضاع وكثيره سواء إذا حصل في مدة الرضاع تعلق به التحريم‘‘.ترجمہ : دودھ پینے کی مقدار تھوڑی ہو یا زیادہ، جب مدتِ رضاعت کے اندر دودھ پیا جائے تو اس سے حرمتِ رضاعت ثابت ہو جاتی ہے۔ (مختصرالقدوری ،كتاب الرضاع،ص:152،دار الكتب العلمية)

    مدت رضاعت صحیح قول کے مطابق دوسال ہیں اس بارے اللباب في شرح الکتاب میں ہے :’’ (ومدة الرضاع عند أبي حنيفة ثلاثون شهرًا ...وقالا: سنتان) لأن أدنى مدة الحمل ستة أشهر، فيقي للفصال حولان، قال في الفتح: وهو الأصح، وفي التصحيح عن العيون: وبقولهما نأخذ للفتوى، وهذا أولى، لأنه أجيب في شرح الهداية عما يستدل به على الزيادة على سنتين، وبعد الجواب قال: فكان الأصح قولهما، وهو مختار الطحاوي‘‘.ترجمہ امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک رضاعت کی مدت تیس ماہ ہے، ...جبکہ امام ابو یوسف اور امام محمد رحمہما اللہ کے نزدیک دو سال ہے؛ کیونکہ حمل کی کم سے کم مدت چھ ماہ ہے، لہٰذا دودھ چھڑانے کے لیے دو سال باقی رہتے ہیں۔ فتح القدیر میں فرمایا: یہی قول زیادہ صحیح ہے۔ اور تصحیح العیون میں ہے کہ فتویٰ امام ابو یوسف اور امام محمد رحمہما اللہ کے قول پر دیا جاتا ہے، اور یہی قول زیادہ مناسب ہے؛ کیونکہ شرح الہدایہ میں اس دلیل کا جواب دیا گیا ہے جس سے دو سال سے زائد مدت ثابت کرنے کے لیے استدلال کیا جاتا ہے۔ جواب دینے کے بعد فرمایا کہ اس بنا پر امام ابو یوسف اور امام محمد رحمہما اللہ کا قول زیادہ صحیح ہے، اور یہی امام طحاوی رحمۃ اللہ علیہ کا مختار ہے۔.

    (اللباب في شرح الکتاب ، كتاب الرضاع،ج:3،ص:31، المكتبة العلمية، بيروت لبنان)

    عورت کا دودھ اگر اسی شوہر سے ہو تو وہ شوہر بھی رضاعی باپ بن جائے گا اس بارے درر الحکام میں ہے :’’:يثبت بالرضاع كون المرضعة أما للرضيع و كون زوجها أباً له اذا كان لبنها منه حتى اذا لم يكن لبنها منه بأن تزوجت ذات لبن رجلاً فأرضعت به صبياً فإنه لا يكون ولداً له من الرضاع۔۔۔ و یکون ولداً للزوج الأول ما لم تلد من الثانی،فاذا ولدت منہ فأرضعت صبیاً فھو ولد الثانی بالاتفاق لأن اللبن منہ۔ (ملتقطاً)۔یعنی رضاعت سے دودھ پلانے والی کا دودھ پینے والے کی ماں ہوجانا اور اس عورت کے شوہر کا دودھ پینے والے کا باپ ہوجانا ثابت ہوجاتا ہے جبکہ عورت کا دودھ اس شوہر سے ہو حتیٰ کہ اگر عورت کا دودھ اس شوہر سے نہ ہو جیسا کہ دودھ والی عورت کسی شخص سے نکاح کرے، پھر وہ عورت کسی بچے کو دودھ پلا دے تو وہ بچہ اِس دوسرے شوہر کا رضاعی بیٹا نہیں ہوگا۔۔۔ (بلکہ)وہ پہلے شوہر کا بیٹا ہوگا جب تک عورت کی دوسرے شوہر سے اولاد نہ ہوجائے، تو جب اس عورت کی دوسرے شوہر سے اولاد ہوجائے پھر وہ کسی بچے کو دودھ پلا دے تو وہ بچہ بالاتفاق دوسرے شوہر کا بیٹا ہوگا کیونکہ دودھ اس (دوسرے شوہر)کا تھا۔ (ملتقطاً)۔ (درر الحکام شرح غرر الاحکام، ج 2، ص 137، ملتقطاً، کوئٹہ)

    بچے کی ولدیت میں اسکے اصلی والدین کا نام لکھنا اور اسی سے پکارنا ضروری و لازم ہے،قال اللہ تبارک و تعالی :ادْعُوهُمْ لِآبائِهِمْ هُوَ أَقْسَطُ عِنْدَ اللَّهِ .‘‘ترجمہ: انہیں انکے پاپ ہی کا کہہ کر پکا رویہ اللہ کے نز دیک زیادہ ٹھیک ہے ۔(الاحزاب :5)

    اس آیت مبارکہ کے تحت احکا م القرآن للجصاص میں ہے: فیہ حظر اطلاق اسم الابوۃ من غیر جہۃ النسب‘‘.ترجمہ :اس آیت مبارکہ میں ولدیت کی نسبت، نسبی والد کے علاوہ کی طرف کر نے کی ممانعت ہے۔(احکا م القرآن للجصاص ،ج:3 ص:521،قدیمی کتب خانہ )

    چناچہ تفسیر مظہری میں ہے:فلا يثبت بالتبني شىء من احكام النبوة من الإرث وحرمة النكاح وغير ذلك :ترجمہ:منہ بولا بنانے سے نسبی اولاد والے احکام ثابت نہیں ہونگے مثلا وراثت،نکاح وغیرہ کا حکم۔(تفسیر مظہری ، ج: 7 ،ص: 234)

    رضاعت اسباب میراث سے نہیں لہذا تو محض رضاعت کی بنا پہ وراث نہ ہوگا اس بارے المبسوط للسرخسی میں ہے:الْأَسْبَابُ الَّتِي بِهَا يُتَوَارَثُ ثَلَاثَةٌ الرَّحِمُ وَالنِّكَاحُ وَالْوَلَاءُ :ترجمہ: وہ اسباب جن کی وجہ سے وراثت حاصل ہوتی ہے تین ہیں ۔1:رشتہ داری(ماں باپ،بہن بھائی، بیٹا،بیٹی،)2: نکاح (شوہر ، بیوی) اور ولاء (یعنی مرنے والے کے معتق)۔ (المبسوط للسرخسی، کتاب الفرائض ج: 29 ص: 138،الشاملہ)

    جو رشتے نسب سے حرام ہیں وہ رضاعت سے بھی حرام ہیں اس بارے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کا فرمان مبارک سنن الترمذی میں ہے :’’ عن علي بن أبي طالب قال: قال رسول الله صلى الله عليه و سلم: «إن الله حرم من الرضاع ما حرم من النسب»۔۔۔«حديث علي صحيح»ترجمہ:حضرت مولا علی شیر خدا رضی اللہ عنہ سے مروی ہے فرماتے ہیں کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ و الہ و سلم نے ارشاد فرمایا: بے اللہ پاک نے جو رشتےنسب سے حرام فرمائے ہیں وہ رشتے رضاعت سے بھی حرام فرمائے ہیں۔۔۔ حضرت مولا علی شیر خدا رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث صحیح ہے۔ (سنن الترمذی، حدیث 1146، جلد 3، صفحہ 444، الناشر: مصر)

    دودھ پینے والے پر اس کے رضاعی ماں باپ ،ان کی تمام اولادیں اگرچہ رضاعی باپ کی دوسری بیوی کی اولاد کیوں نہ ہو حرام ہیں اس بارے 'فتاوی ہندیہ ' میں ہے :’’ يحرم على الرضيع أبواه من الرضاع وأصولهما وفروعهما من النسب و الرضاع جميعا حتى أن المرضعة لو ولدت من هذا الرجل أو غيره قبل هذا الإرضاع أو بعده أو أرضعت رضيعا أو ولد لهذا الرجل من غير هذه المرأة قبل هذا الإرضاع أو بعده أو أرضعت امرأة من لبنه رضيعا فالكل إخوة الرضيع و أخواته و أولادهم أولاد إخوته و أخواته و أخو الرجل عمه و أخته عمته و أخو المرضعة خاله و أختها خالته و كذا في الجد والجدة‘‘.ترجمہ: رضیع (یعنی دودھ پینے والے بچے) پر اس کے رضاعی ماں باپ اور ان کے اصول و فروع خواہ وہ نسبی ہوں یا رضاعی، سب حرام ہو جاتے ہیں یہاں تک کہ مرضعہ کی اس شوہر سے اولاد یا اس کے علاوہ کسی شوہر سے اولاد، اس کو دودھ پلانے سے پہلے کی ہو یا بعد کی، یا اس نے کسی اور کو دودھ پلایا ہو یا اس کے شوہر کی کسی دوسری بیوی سے اولاد ہو خواہ اس کو دودھ پلانے سے پہلے کی ہو یا بعد کی ،یا کسی عورت نے اس کے شوہر کی وطی سے اترا ہوا دودھ جس کو پلایا ہو، تو یہ سب اس رضیع کے رضاعی بہن بھائی ہیں، اور اِن کی اولادیں اس کے بھتیجے بھتیجیاں، بھانجے بھانجیاں ہیں، اور مرضعہ کے شو ہر کے بہن بھائی اس کے چچا و پھوپی ہیں اور مرضعہ کے بہن بھائی اس کے ماموں و خالہ ہیں، اسی طرح دادا، دادی، نانا ،نانی کے بارے میں(حکم ہے)۔ (فتاویٰ عالمگیری، جلد 1، صفحہ 343، مطبوعہ دار الفکر، بیروت)

    والله تعالى اعلم بالصواب


    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمد سجاد سلطانی

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    15 جمادی الاولی 1448ھ/ 27 اکتوبر 2026ء کو جاری کیا گیا