محبت میں مبتلا شخص کے لیے شرعی حدود اور صبر کی تلقین

    mohabbat mein mubtala shakhs ke liye sharai hudood aur sabr ki talqeen

    تاریخ: 18 ستمبر، 2026
    مشاہدات: 2
    حوالہ: 1768

    سوال

    میں آپ سے ایک ذاتی مسئلے کے بارے میں پوچھنا چاہتا ہوں۔ مجھے ایک لڑکی سے محبت ہے۔ وہ بہت خوبصورت، نیک دل اور نرم مزاج ہے، اسلامی احکامات کی پابندی کرتی ہے اور میرا خیال ہے کہ وہ بہت پاکیزہ دل کی انسان ہے۔ میں اس سے شادی کرنا چاہتا ہوں اور میں کسی اور سے شادی نہیں کرنا چاہتا۔ میں اللہ تعالیٰ سے اس کے لیے بہت دعائیں کرتا ہوں، کبھی آنکھوں میں آنسو بھی آ جاتے ہیں اور دعا کرتا ہوں کہ: یا اللہ، اسے میری قسمت میں لکھ دے۔ میں صدقہ و خیرات بھی کرتا ہوں، اس کی کامیابی کے لیے دعا کرتا ہوں اور اپنے مستقبل کے لیے بھی اللہ سے دعا مانگتا ہوں۔ لیکن کبھی کبھی میرے ذہن میں بہت منفی اور تباہ کن خیالات آتے ہیں کہ اگر اللہ تعالیٰ نے اسے کسی اور کے نصیب میں لکھ دیا تو کیا ہوگا۔ کبھی غصے یا شدید پریشانی میں میرے ذہن میں یہ خیال بھی آتا ہے کہ میں نماز چھوڑ دوں، اگرچہ میں کسی دوسرے مذہب کو اختیار کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ میں جانتا ہوں کہ ایسے خیالات درست نہیں، اسی لیے میں چاہتا ہوں کہ کوئی عالمِ دین مجھے صحیح رہنمائی دے۔ میں اس لڑکی کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق کوشش کرتا ہوں، اس کا خیال رکھتا ہوں، اس کی کامیابی اور اپنے مستقبل کے لیے دعا کرتا ہوں، لیکن اس صورتحال میں مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ مجھے کیا کرنا چاہیے۔ براہِ کرم مجھے قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں کہ مجھے کیا کرنا چاہیے؟ کیا میں اس کے لیے دعا اور کوشش جاری رکھوں؟ اور اگر حالات میرے حق میں نہ ہوں تو مجھے اپنے دل اور ایمان کو کیسے سنبھالنا چاہیے؟ جزاکم اللہ خیراً۔

    سائل: شہریار خان۔ (سیلانی ویب سائٹ)

    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    آپ اس لڑکی سے نکاح کے لیے دعا بھی جاری رکھیں اور جائز کوشش بھی، یعنی اپنے گھر والوں کے ذریعے اس کے گھر رشتہ بھیجیں؛ البتہ نکاح سے پہلے اس سے سلام، بات چیت، ملاقات، تحفے تحائف کا لین دین اور کسی بھی طرح کا رابطہ ناجائز و حرام ہے، اس سے مکمل پرہیز لازم ہے؛ اور اگر یہ نکاح نہ ہو سکے تو اسے اللہ تعالی کی طرف سے آزمائش سمجھ کر صبر کریں، نہ اللہ تعالی سے بدگمان ہوں اور نہ دین سے دور ہوں؛ نماز چھوڑنے کا جو خیال آتا ہے وہ شیطانی وسوسہ ہے، اسے جھٹک دیں، اس پر عمل کرنا سخت گناہ ہوگا۔

    کسی کی محبت دل میں بے اختیار پیدا ہو جائے تو اس پر گناہ نہیں، گناہ شرعی حدود سے تجاوز کرنے میں ہے؛ اللہ تعالی نے مسلمان مردوں کو نگاہیں نیچی رکھنے کا حکم دیا ہے، اور غیر محرم عورت کے ساتھ تنہائی میں شیطان تیسرا ہوتا ہے، اور یہی حکم فون اور سوشل میڈیا پر بات چیت اور پیغامات کا ہے کہ یہ سب فتنے کا دروازہ ہیں، لہذا ’’اس کا خیال رکھنے‘‘ کے نام پر بھی رابطہ رکھنا جائز نہیں؛ اور دو محبت کرنے والوں کے لیے حدیث پاک میں نکاح ہی کو بہترین راستہ قرار دیا گیا ہے۔

    اور بندہ اپنے لیے جو چاہتا ہے ضروری نہیں کہ وہی اس کے حق میں بہتر ہو، اللہ تعالی جانتا ہے اور ہم نہیں جانتے؛ اس لیے دعا میں یوں عرض کریں کہ اگر یہ رشتہ میرے دین و دنیا کے لیے بہتر ہے تو اسے آسان فرما، ورنہ اس سے بہتر عطا فرما۔ اور اللہ تعالی کسی جان پر اس کی طاقت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا، اور آزمائش میں بہت سی حکمتیں ہیں: اس سے گناہ معاف ہوتے ہیں، اور جس کے گناہ صاف ہوجائیں، اس کے درجات بلند ہوتے ہیں؛ بلکہ جو شخص کسی کی محبت میں مبتلا ہو، پھر پاکدامن رہے، شرعی حدود سے تجاوز نہ کرے، اسے چھپائے رکھے، اور مقصود حاصل ہوئے بغیر اسی حال میں اس کا انتقال ہو جائے، تو حدیث پاک کے مطابق وہ شہید ہے، یعنی اسے شہادتِ حکمی کا اجر ملتا ہے، اور یہ بہت بڑا رتبہ ہے۔

    اور اللہ تعالی بندے کے ساتھ اس کے گمان کے مطابق معاملہ فرماتا ہے۔ بلا تشبیہ و بلا مثال، اگر استاد یا والدین سکھانے کے لیے کوئی سختی کریں یا آزمائیں تو سمجھدار آدمی اپنا گھر یا مدرسہ چھوڑ کر بھاگ نہیں جاتا، یہ کمزور لوگوں کا کام ہے، بلکہ وہ اس کا سامنا کرتا ہے؛ اور ہمارا رب تو کریم اور ارحم الراحمین ہے، وہ بندے کا دل دیکھتا ہے، اور بسا اوقات آزمائش پوری بھی نہیں ہوتی کہ وہ آسانی عطا فرما دیتا ہے؛ لہذا یہ موقع اللہ تعالی سے دور ہونے کا نہیں، بلکہ اس کے مزید قریب ہونے کا ہے۔ رہا دل میں آنے والا خیال، تو جب تک اس پر عمل نہ کیا جائے اس پر گرفت نہیں؛ ایسے وقت اعوذ باللہ پڑھیں، اور یاد رکھیں کہ دل کا سکون نماز میں ہے۔

    دلائل و جزئیات

    نگاہیں نیچی رکھنے کے متعلق ارشاد باری تعالی ہے: قُلْ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ یَغُضُّوْا مِنْ اَبْصَارِهِمْ وَ یَحْفَظُوْا فُرُوْجَهُمْ. ترجمہ: مسلمان مردوں کو حکم دو اپنی نگاہیں کچھ نیچی رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں۔ (النور: 30)

    غیر محرم عورت کے ساتھ تنہائی کی ممانعت کے متعلق حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "ألا لا يخلون رجل بامرأة إلا كان ثالثهما الشيطان". ترجمہ: خبردار! کوئی مرد کسی عورت کے ساتھ تنہائی میں نہیں ہوتا مگر ان کا تیسرا شیطان ہوتا ہے۔ (سنن الترمذی، ابواب الفتن، باب ما جاء فی لزوم الجماعۃ، 4/465، رقم الحدیث: 2165، مطبعۃ مصطفی البابی الحلبی مصر)

    محبت کرنے والوں کے لیے نکاح کے بہترین راستہ ہونے کے متعلق حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "لم نر للمتحابين مثل النكاح". ترجمہ: ہم نے دو محبت کرنے والوں کے لیے نکاح جیسی کوئی چیز نہیں دیکھی۔ (سنن ابن ماجہ، کتاب النکاح، باب ما جاء فی فضل النکاح، 1/593، رقم الحدیث: 1847، دار احیاء الکتب العربیۃ)

    بندے کی پسند کے ہمیشہ اس کے حق میں بہتر نہ ہونے کے متعلق ارشاد باری تعالی ہے: وَ عَسٰۤى اَنْ تَكْرَهُوْا شَیْــٴـاً وَّ هُوَ خَیْرٌ لَّكُمْۚ-وَ عَسٰۤى اَنْ تُحِبُّوْا شَیْــٴـاً وَّ هُوَ شَرٌّ لَّكُمْؕ-وَ اللّٰهُ یَعْلَمُ وَ اَنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ. ترجمہ: اور قریب ہے کہ کوئی بات تمہیں بری لگے اور وہ تمہارے حق میں بہتر ہو اور قریب ہے کہ کوئی بات تمہیں پسند آئے اور وہ تمہارے حق میں بری ہو اور اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔ (البقرۃ: 216)

    آزمائش کے طاقت کے مطابق ہونے کے متعلق ارشاد باری تعالی ہے: لَا یُكَلِّفُ اللّٰهُ نَفْسًا اِلَّا وُسْعَهَا. ترجمہ: اللہ کسی جان پر بوجھ نہیں ڈالتا مگر اس کی طاقت بھر۔ (البقرۃ: 286)

    غم و پریشانی سے گناہ معاف ہونے کے متعلق حضرت ابو سعید خدری اور حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "ما يصيب المسلم، من نصب ولا وصب، ولا هم ولا حزن ولا أذى ولا غم، حتى الشوكة يشاكها، إلا كفر الله بها من خطاياه". ترجمہ: مسلمان کو جو بھی تھکاوٹ، بیماری، فکر، غم، تکلیف اور پریشانی پہنچتی ہے، یہاں تک کہ اسے کانٹا بھی چبھتا ہے، تو اللہ تعالی اس کے ذریعے اس کے گناہ مٹا دیتا ہے۔ (صحیح البخاری، کتاب المرضی، باب ما جاء فی کفارۃ المرضی، 7/114، رقم الحدیث: 5641، دار طوق النجاة)

    محبت میں پاکدامن رہنے والے کے شہید ہونے کے متعلق امام ابو حامد محمد بن محمد غزالی (المتوفی: 505ھ) فرماتے ہیں: "وإنما الفضل والثواب الجزيل في تركه خوفا من الله تعالى مع القدرة وارتفاع الموانع وتيسر الأسباب لا سيما عند صدق الشهوة وهذه درجة الصديقين ولذلك قال صلى الله عليه وسلم من عشق فعف فكتم فمات فهو شهيد". ترجمہ: فضیلت اور بڑا ثواب تو اس میں ہے کہ قدرت ہو، رکاوٹیں نہ ہوں اور اسباب آسان ہوں، خصوصاً جبکہ خواہش سچی ہو، پھر بھی اللہ تعالی کے خوف سے گناہ چھوڑ دے، اور یہ صدیقین کا درجہ ہے، اسی لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جو کسی کی محبت میں مبتلا ہوا، پھر پاکدامن رہا، اور اسے چھپائے رکھا، پھر فوت ہو گیا، تو وہ شہید ہے۔ (احیاء علوم الدین، کتاب کسر الشہوتین، 3/105، دار المعرفۃ بیروت)

    اس حدیث کی سند کے متعلق امام شمس الدین محمد بن عبد الرحمن سخاوی (المتوفی: 902ھ) فرماتے ہیں: "وهو مما أنكره ابن معين وغيره على سويد ... ولكنه لم يتفرد به، فقد رواه الزبير بن بكار حدثنا عبد الملك بن عبد العزيز بن الماجشون عن عبد العزيز بن أبي حازم عن ابن أبي نجيح عن مجاهد به مرفوعا، وهو سند صحيح". ترجمہ: اور یہ ان روایات میں سے ہے جن کا ابن معین وغیرہ نے سوید (بن سعید) پر انکار کیا لیکن سوید اس روایت میں منفرد نہیں، کیونکہ اسے زبیر بن بکار نے عبد الملک بن عبد العزیز ماجشون سے، انہوں نے عبد العزیز بن ابی حازم سے، انہوں نے ابن ابی نجیح سے، اور انہوں نے مجاہد سے مرفوعاً روایت کیا ہے، اور یہ سند صحیح ہے۔ (المقاصد الحسنۃ، حرف المیم، ص 658، رقم: 1153، دار الکتاب العربی بیروت)

    اس حدیث میں شہادت سے مراد کے متعلق شیخ الاسلام زکریا بن محمد انصاری شافعی(المتوفی: 926ھ) فرماتے ہیں: "ووردت الأحاديث بشهداء أخر: كصاحب السل، ومن قتل دون ماله، والغريب، ومن عشق فعف فكتم فمات، ومن مات مستمرا على طلبه العلم. والمراد بشهادة من عدا من قتل في سبيل الله أن يكون له في الآخرة أجر الشهداء". ترجمہ: اور احادیث میں دوسرے شہداء کا بھی ذکر آیا ہے، جیسے سِل (ٹی بی) کا مریض، جو اپنے مال کی حفاظت میں قتل کیا جائے، مسافر، جو کسی کی محبت میں مبتلا ہو کر پاکدامن رہا، اسے چھپائے رکھا اور فوت ہو گیا، اور جو علم کی طلب میں مسلسل لگا رہتے ہوئے فوت ہوا؛ اور اللہ کی راہ میں قتل ہونے والے کے علاوہ دوسروں کی شہادت سے مراد یہ ہے کہ انہیں آخرت میں شہداء کا اجر ملے گا۔ (منحۃ الباری بشرح صحیح البخاری، کتاب الجہاد والسیر، باب الشہادۃ سبع سوی القتل، 5/643-644، مکتبۃ الرشد ریاض)

    اللہ تعالی کے بندے کے گمان کے مطابق معاملہ فرمانے کے متعلق حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالی فرماتا ہے: "أنا عند ظن عبدي بي، وأنا معه إذا ذكرني". ترجمہ: میں اپنے بندے کے گمان کے مطابق ہوں جو وہ میرے بارے میں رکھتا ہے، اور جب وہ مجھے یاد کرتا ہے تو میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں۔ (صحیح البخاری، کتاب التوحید، باب قول الله تعالى: {ويحذركم الله نفسه}، 9/121، رقم الحدیث: 7405، دار طوق النجاة)

    اللہ تعالی کے دلوں کو دیکھنے کے متعلق حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "إن الله لا ينظر إلى صوركم وأموالكم. ولكن ينظر إلى قلوبكم وأعمالكم". ترجمہ: بیشک اللہ تعالی تمہاری صورتوں اور مالوں کو نہیں دیکھتا، بلکہ تمہارے دلوں اور عملوں کو دیکھتا ہے۔ (صحیح مسلم، کتاب البر والصلۃ والآداب، 4/1987، رقم الحدیث: 2564، دار احیاء التراث العربی بیروت)

    دل کے خیال پر عمل کیے بغیر گرفت نہ ہونے کے متعلق حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "إن الله تجاوز عن أمتي ما حدثت به أنفسها، ما لم تعمل أو تتكلم". ترجمہ: بیشک اللہ تعالی نے میری امت کے دلوں میں آنے والے خیالات معاف فرما دیے ہیں، جب تک وہ ان پر عمل نہ کریں یا زبان سے نہ کہیں۔ (صحیح البخاری، کتاب الطلاق، 4/76، رقم الحدیث: 5269، دار طوق النجاة)۔

    واللہ تعالی اعلم بالصواب

    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابو امیر خسروسید باسق رضا

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    30 جمادی الاولی 1448ھ/11 نومبر 2026ء کو جاری کیا گیا