سوال
غریب اور نادار لوگوں کے لیے زکوٰۃ کی رقم سے Ro plant لگانا کیسا؟
سائل:عبد اللہ:کراچی
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
ادائیگی ِ زکوٰۃکی بنیادی شرط ہے کہ مستحق ِ زکوٰۃ کو اس کا مالک بناکر رقم اسکے قبضے میں دے دی جائے،جبکہ یہاں RO پلانٹ لگانے میں یہ شرط مفقود ہے ۔لہذا RO پلانٹ لگانے کے لیے دیگر نفلی صدقات وغیرہ سے رقم لی جائے ۔
البتہ اگر ایسی صورتِ حال ہو کہ اس جگہ پانی کی اشد ضرورت ہو اور اس کے علاوہ کوئی اور انتظام نہ ہو اور نہ نفلی صدقات کی مد میں اتنی رقم ہو کہ یہ پلانٹ لگایا جاسکے تو اس ضرورتِ شدیدہ کے سبب زکوٰۃ کی رقم شرعی طریقہ کار کے ذریعےRO پلانٹ میں صرف کی جاسکتی ہے۔ طریقہ یہ ہے کہ مسئلہ سے واقف فقیر شرعی کو وہ مطلوبہ رقم زکوٰۃ کی نیت سے دے۔ پھر وہ فقیر شرعی و ہی رقم زکوٰۃ دینے والے کو یا کسی دوسرے شخص کو یہ کہہ کر واپس کردےکہ یہ رقم ROپلانٹ لگانے میں خرچ کی جائے یا پھر وہ فقیر شرعی خود اس مد میں رقم خرچ کردے۔ یاد رہے اگر شرعی ضرورت متحقق نہ ہو اور پھر ایسا کیا جائے تو یہ ناجائز و حرام ہے۔
زکوٰۃ کے لیے مالک بنا نا شرط ہے اس کی بابت درمختار میں ہے:وَیُشْتَرَطُ أَنْ یَکُونَ الصَّرْفُ (تَمْلِیکًا) لَا إبَاحَۃً کَمَا مَرَّ:ترجمہ: اور زکوۃ میں مالک بنانا شرط ہے ،اباحت (استفادہ کی اجازت دینا) کافی نہیں ہے جیسا کہ گزرا۔( تنویرالابصار مع الدرالمختار باب مصرف الزکوۃ جلد 2ص344)
شرعی طریقہ کارسے متعلق فتاوٰی ہندیہ میں ہے: وَالْحِیلَۃُ أَنْ یَتَصَدَّقَ بِمِقْدَارِ زَکَاتِہِ) عَلَی فَقِیرٍ، ثُمَّ یَأْمُرَہُ بَعْدَ ذَلِکَ بِالصَّرْفِ إلَی ہَذِہِ الْوُجُوہِ فَیَکُونَ لِلْمُتَصَدِّقِ ثَوَابُ الصَّدَقَۃِ وَلِذَلِکَ الْفَقِیرِ ثَوَابُ بِنَاء ِ الْمَسْجِدِ وَالْقَنْطَرَۃِ: ترجمہ: اور اس کا حیلہ(طریقہ ) یہ ہے کہ زکوٰۃ کی مقدار کسی فقیر پر صرف کرے، پھر اسے اِن وجوہ پر خرچ کرنے کو کہے، اس طرح صدقہ کرنے والے کو صدقہ کا ثواب اور اس فقیر کو تعمیرِ مسجد اور تعمیرِ پُل کا ثواب حاصل ہوجائے گا۔( فتاوی عالمگیریہ کتاب الحیل لفصل الثالث فی مسائل الزکوۃ جلد 6ص445)
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد احمد امین قادری نوری
الجـــــواب صحــــیـح:ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی
تاریخ اجراء:14شعبان المعظم4144 ھ/07مارچ2023 ء