سوال
1:مسجد میں زکوۃ کی رقم لگ سکتی ہے یا نہیں ؟
2:نیز زکوۃ کی رقم سے دینی کتب خریدی جاسکتی ہیں یا نہیں ؟ تحریر جواب عنایت فرمائیں۔
سائل:مولانا محمد ندیم سعیدی :دوڑ ضلع نواب شاہ
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
1:زکوۃ کے لئے ضروری ہے کہ زکوۃ کی رقم کا کسی حقدارکو مالک بناکر رقم اسکے قبضے میں دے دی جائے،جب کہ مسجد میں یہ شرط نہیں پائی جاتی لہذا زکوۃ کی رقم بلاواسطہ مسجد اور اسکے امور میں صرف نہیں کی جاسکتی ۔ البتہ اگر شرعی ضرورت متحقق ہوجائے یعنی مسجد کے امور کے لئے رقم کی ضرورت ہے اور باوجود کوشش بسیار کے لوگ دلچسپی نہیں لیتے اور علاوہ زکوۃ کے دیگر مدات سے رقم نہیں دیتے ۔ یا پھر لوگوں کے پاس وسائل ہی نہیں کہ وہ امور مسجد میں رقم دیں تو اس ضرورت شدیدہ کی وجہ سے زکوۃ کی رقم مسجد میں حیلہ کرکے لگانے کی اجازت ہے۔ یاد رہے اگر شرعی ضرورت متحقق نہ ہو اور پھر حیلہ کیا جائے تو یہ ناجائز و حرام ہے۔اور دینے والے کی زکوۃ ادا نہ ہوگی۔حیلہ کا طریقہ یہ ہے کہ مسئلہ سے واقف شخص کو وہ مطلوبہ رقم زکوٰۃ کی نیت سے دے۔ پھر وہ شخص مسجد و ہی رقم زکوٰۃ دینے والے کو یا کسی دوسرے شخص کو یہ کہہ کر واپس کردے کہ آپ اسے مسجد پر صرف کر دیں یا وہ شخص خود مسجد پر وہ رقم خرچ کر دے۔
مسجد پر زکوۃ کی رقم صرف نہیں کی جاسکتی ، اس بارے میں در مختار میں ہے: (لا) يصرف (إلى بناء) نحو (مسجد و) لا إلى (كفن ميت وقضاء دينه)۔ ترجمہ:زکوۃ مسجد کی تعمیر اور میت کو کفن اور قرض کی ادائیگی میں خرچ نہیں کیا جائے گا۔(تنویرالابصار مع الدرالمختار ، کتاب الزکوۃ ، باب مصرف الزکوۃ جلد 3 ص 343)
اسی میں ہے:وَیُشْتَرَطُ أَنْ یَکُونَ الصَّرْفُ (تَمْلِیکًا) لَا إبَاحَۃً کَمَا مَرَّ:ترجمہ: اور زکوۃ میں مالک بنانا شرط ہے ،اباحت (استفادہ کی اجازت دینا) کافی نہیں ہے جیسا کہ گزرا۔( تنویرالابصار مع الدرالمختار باب مصرف الزکوۃ جلد 2ص344)
حیلہ سے متعلق فتاوٰی ہندیہ میں ہے: وَالْحِیلَۃُ أَنْ یَتَصَدَّقَ بِمِقْدَارِ زَکَاتِہِ) عَلَی فَقِیرٍ، ثُمَّ یَأْمُرَہُ بَعْدَ ذَلِکَ بِالصَّرْفِ إلَی ہَذِہِ الْوُجُوہِ فَیَکُونَ لِلْمُتَصَدِّقِ ثَوَابُ الصَّدَقَۃِ وَلِذَلِکَ الْفَقِیرِ ثَوَابُ بِنَاء ِ الْمَسْجِدِ وَالْقَنْطَرَۃِ: ترجمہ: اور اس کا حیلہ یہ ہے کہ زکوٰۃ کی مقدار کسی فقیر پر صرف کرے، پھر اسے اِن وجوہ پر خرچ کرنے کو کہے، اس طرح صدقہ کرنے والے کو صدقہ کا ثواب اور اس فقیر کو تعمیرِ مسجد اور تعمیرِ پُل کا ثواب حاصل ہوجائے گا۔( فتاوی عالمگیریہ کتاب الحیل لفصل الثالث فی مسائل الزکوۃ جلد 6ص445)
2:زکوۃ کی رقم سے دینی کتب خرید کر دی جاسکتی ہیں البتہ اس کے لئے شرط یہ ہے کہ جس کو یہ کتب دی جائیں وہ مستحق زکوۃ ہو۔اور یہ کہ جتنی کتب زکوۃ کی مد میں ادا کی گئی انکی مارکیٹ ویلیو کے مطابق جو انکی قیمت بنتی ہے اتنی رقم زکوۃ شمار ہوگی۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد زوہیب رضا قادری
الجواب الصحیح:ابوالحسنین مفتی وسیم اختر المدنی
تاریخ اجراء:12رمضان المبارک 1441 ھ/06 مئی 2020 ء