منت کا شرعی حکم

    mannat ka sharai hukm

    تاریخ: 15 ستمبر، 2026
    مشاہدات: 9
    حوالہ: 1762

    سوال

    رزلٹ سے پہلے میں نے اللہ سے کہا تھا کہ اگر اللہ مجھے فزکس میں پاس کروا دے، تو میں ۲۰۰ رکعت نفل پڑھوں گی۔ اور اوور آل رزلٹ کے بارے میں بھی میں نے کہا تھا کہ اگر اللہ مجھے پاس کروا دے تو میں ۱۰۰ رکعت نفل پڑھوں گی۔ الحمدللہ میں پاس ہو گئی ہوں۔ اب مجھ سے اتنی زیادہ رکعت ایک ساتھ پڑھی نہیں جا رہی اور مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ میری منت شرعاً واجب ہوئی ہے یا نہیں، اور اگر ہوئی ہے تو مجھے کتنی رکعت اور کس طرح ادا کرنی ہیں؟ پلیز میرے ایگزیکٹ الفاظ اور نیت کو دیکھ کر رہنمائی فرما دیں۔

    سائل : اُم ہانی :کراچی۔


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    صورتِ مستفسرہ میں منت شرعاً واجب ہوچکی ہے،کیونکہ شرع شریف کا ضابطہ ہے کہ اگر کوئی شخص کسی ایسی چیز کی منت مانے جس کی جنس سے پہلے ہی کوئی عبادت شرعاً فرض یا واجب ہو ، اور اس منت کو کسی ایسے کام پر معلق کرے جس کا ہونا وہ خود چاہتا ہو (مثلاً جیساکہ سوال میں امتحان میں پاس ہونا)تو مطلوبہ شرط کے پائے جاتے ہی وہ منت شرعاً واجب ہو جاتی ہے اور اس کا پورا کرنا لازمی ہو جاتا ہے۔لہذا اب آپ پر 300 رکعات کی ادائیگی لازم ہوچکی ہے البتہ چونکہ یہ نذ ر، نذرِ مطلق ہے لہذا یہ ضروری نہیں کہ ایک ہی دن یا ایک ہی نشست میں ادا کی جائیں آپ اپنی سہولت کے اعتبار سے مختلف دنوں، ہفتوں یا مہینوں میں قسط وار (تھوڑا تھوڑا کر کے) ادا کر سکتی ہیں۔ اگر آپ روزانہ صرف 10 رکعت پڑھیں مثلاً ہر نماز کے ساتھ دو رکعات نفل کا اضافہ کرلیں تو اس طرح محض ایک مہینے میں ہی منت کی تمام رکعتیں با آسانی ادا ہوجائیں گی۔

    تنویر الابصار مع الدرالمختار میں ہے:فان علقہ بشرط يريدہ كان قدم غائبي او شفى مريضي یوفی وجوباً ان وجد الشرط، ملخصا ۔ ترجمہ: پس اگر کسی نے (نذر کو) کسی ایسی شرط کے ساتھ معلق کیا جس کا وہ ارادہ اور خواہش رکھتا ہو، جیسے میرے غائب کی آمد یا میرے مریض کی شفایابی، تو شرط پائی جانے کی صورت میں اس کا پورا کرنا ہی واجب ہوگا۔(الدر المختار،کتاب الایمان، ج 05، ص 543-542، مطبوعہ کوئٹہ)

    بہار شریعت میں ہے:اگر ایسی چیز پر معلق کیا کہ اوس کے ہونے کی خواہش ہے ،مثلاً: اگر میرا لڑکا تندرست ہوجائے یا پردیس سے آجائے یا میں روزگار سے لگ جاؤں ،تو اتنے روزے رکھوں گا یا اتنا خیرات کروں گا ،ایسی صورت میں جب شرط پائی گئی یعنی بیمار اچھا ہوگیا یا لڑکا پردیس سے آگیا یا روزگار لگ گیا تو اوتنے روزے رکھنا یا خیرات کرنا ضرور ہے۔یہ نہیں ہوسکتا کہ یہ کام نہ کرے اور اس کے عوض میں کفارہ دیدے۔

    (بھارشریعت ،ج02،ص314، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

    مبسوطِ سرخسی میں ہے: رجل قال لله علی صوم شهر فله أن يصومه متفرقا ، ما يلزمه بالنذر فرع لما هو واجب بايجاب الله تعالى وما أوجب الله تعالى من الصوم مطلقا فتعيين وقت الأداء الى العبد والخيار اليه فی الأداء متفرقا أو متتابعا كقضاء رمضان ، فكذلك ما يوجبه على نفسہ ۔ ترجمہ : کسی شخص نے کہا کہ اللہ کے لیے مجھ پر ایک مہینے کے روزے لازم ہیں ، تو ( ایک مہینے کے روزے ) الگ الگ رکھنا اس کے لیے جائز ہے، ( کیونکہ ) منت کے ذریعہ جو چیز لازم ہوتی ہے ، وہ اس کی فرع ہوتی ہے ، جو چیز اللہ عزوجل کی طرف سے لازم ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے روزے مطلق فرض ہیں ، تو وقت کو معین کرنا بندے کے سپرد کیا گیا اور بندے کو اختیار دیا گیا کہ وہ الگ الگ رکھ لے یا اکٹھے رکھ لے ۔ جیسا کہ رمضان شریف کی قضا کے روزے ۔ ( جیسے روزے کے معاملہ میں یہ قاعدہ ہے ) تو ایسے ہی ہر اس چیز کا حکم ہے ، جو بھی بندہ اپنے اوپر لازم کرے ۔ ( المبسوط للسرخسی ، کتاب الصوم ، جلد 3 ، صفحہ 170 ، مطبوعہ دار الفکر ، بیروت )

    واللہ تعالٰی اعلم بالصواب


    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمد زوہیب رضا قادری

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    30 جمادی الاول 1448ھ/ 11 نومبر 2026 ء کو جاری کیا گیا