جلد ادائیگی پر قیمت میں کمی کا شرعی حکم

    jald adaigi par qeemat mein kami ka sharai hukm

    تاریخ: 11 نومبر، 2026
    مشاہدات: 19
    حوالہ: 1942

    سوال

    میرا گارمنٹس کا کام ہے، میری کسٹمر سے یہ بات ہوئی کہ بالفرض اس کسٹمر کا 40000 روپے کا بل بنا اور اس نے مجھے 15 دن میں کلیئر کر دیا تو اسے فی پیس 20 روپے ڈسکاؤنٹ ہوگا، یعنی اسے 38000 روپے کا بل دینا پڑے گا، اور اگر اس نے 15 دن میں بل کلیئر نہیں کیا تو 40000 روپے ہی دینے پڑیں گے۔ آیا یہ صورت جائز ہے یا نہیں؟ اور اس کا جائز طریقہ ارشاد فرما دیں۔

    سائل: میمن


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    اگر سودا ہوتے وقت ہی یہ طے کیا جائے کہ پندرہ دن میں ادائیگی ہو تو 38 ہزار ورنہ 40 ہزار، یا قیمت 40 ہزار ادھار طے ہو اور جلد ادائیگی پر کمی کی شرط ہو، تو یہ ناجائز ہے؛ البتہ اگر قیمت 40 ہزار فوری واجب الادا طے ہو، پھر سودا مکمل ہونے کے بعد بیچنے والا یہ کہے کہ پندرہ دن میں 38 ہزار ادا کر دو تو باقی 2 ہزار معاف ہیں، تو یہ جائز ہے۔

    پہلی صورت اس لیے ناجائز ہے کہ بیع میں قیمت عقد ہی کے وقت واجب ہو جاتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ سودا ہوتے وقت ایک متعین قیمت طے ہو جائے؛ جبکہ یہاں قیمت دو صورتوں کے درمیان معلق ہے اور سودا کسی ایک قیمت کو متعین کیے بغیر مکمل ہو جاتا ہے؛ یہ وہی صورت ہے جسے حدیث میں ’’ایک بیع میں دو شرطیں‘‘ فرما کر منع کیا گیا، اور فقہائے کرام نے صراحت کی ہے کہ نقد اور ادھار کی، یا مختلف مدتوں کی الگ الگ قیمتیں رکھ کر بغیر تعیین کے سودا کرنا ناجائز ہے اور اس سے بیع فاسد ہو جاتی ہے۔ یہ صورت ان صورتوں سے مختلف ہے جن میں قیمت کا فرق خود فروخت ہونے والی چیز کی مقدار یا نوعیت کے فرق سے ہو، یا اجارے کی ان صورتوں سے جن میں اجرت کام کرنے پر واجب ہوتی ہے اور اس وقت تک بات متعین ہو چکی ہوتی ہے؛ کیونکہ یہاں نہ مال میں فرق ہے نہ مقدار میں، فرق صرف ادائیگی کے وقت کا ہے۔

    دوسری صورت یعنی جب قیمت چالیس ہزار ادھار طے ہو، چاہے مدت صراحتاً طے کی گئی ہو یا تاجروں کے عرف میں ادھار کی مدت معروف ہو، اور پندرہ دن میں ادائیگی پر دو ہزار کم کرنا شرط ہو، تو یہ اس لیے ناجائز ہے کہ یہ کمی مدت سے پہلے ادائیگی کے بدلے میں ہے، یعنی مدت کا عوض لیا جا رہا ہے، اور فقہائے کرام نے صراحت کی ہے کہ ادھار دین کو جلد ادائیگی کی شرط پر کم کر دینا مدت کا عوض لینا ہے جو حرام ہے۔

    اور تیسری صورت اس لیے جائز ہے کہ جب قیمت فوری واجب الادا ہو تو گاہک پر پوری رقم ابھی ادا کرنا لازم ہے، اور بیچنے والا اسے پندرہ دن کی مہلت دے کر یہ کہتا ہے کہ اس مدت میں 38 ہزار ادا کر دو تو باقی معاف ہیں، تو یہ مدت کا عوض لینا نہیں، بلکہ ایک شرط کے ساتھ اپنے حق میں سے کچھ معاف کرنا ہے، جسے فقہائے کرام نے جائز قرار دیا ہے؛ پھر اگر گاہک پندرہ دن میں 38 ہزار ادا کر دے تو باقی 2 ہزار معاف ہو جائیں گے، اور اگر ادا نہ کرے تو پورے چالیس ہزار اس کے ذمے رہیں گے۔ اس کے لیے شرط یہ ہے کہ قیمت میں کوئی مدت طے نہ ہو، نہ صراحتاً نہ عرفاً، اور یہ معافی سودے کی شرط کے طور پر نہیں بلکہ سودا مکمل ہونے کے بعد کی جائے۔

    اس کے علاوہ یہ بھی جائز ہے کہ سودا کرتے وقت ہی گاہک سے طے کر لیا جائے کہ وہ کس مدت میں ادائیگی کرے گا، اور اسی کے مطابق ایک متعین قیمت پر سودا مکمل کیا جائے، مثلاً پندرہ دن کی مدت پر 38 ہزار، یا زیادہ مدت پر چالیس ہزار؛ کیونکہ نقد اور ادھار کی الگ الگ قیمتیں بتانا جائز ہے، بشرطیکہ جدا ہونے سے پہلے کسی ایک قیمت پر سودا پکا ہو جائے۔ البتہ جب 38 ہزار پر سودا ہو جائے تو گاہک کے پندرہ دن میں ادائیگی نہ کرنے پر بھی اس سے اڑتیس ہزار ہی لیے جائیں گے، کیونکہ تاخیر کی وجہ سے اضافی رقم لینا سود ہے۔ اسی طرح یہ بھی جائز ہے کہ قیمت طے ہونے کے بعد بیچنے والا کسی شرط کے بغیر ادائیگی کے وقت اپنی خوشی سے کچھ کمی کر دے۔

    دلائل و جزئیات

    ایک بیع میں نقد اور ادھار کی دو قیمتیں رکھنے کے ناجائز ہونے، اور مجلس میں ایک قیمت متعین کر لینے پر جائز ہونے کے متعلق شمس الائمہ امام محمد بن احمد سرخسی رحمۃ اللہ علیہ (المتوفی: 483ھ) فرماتے ہیں: "على أنه إلى أجل كذا بكذا وبالنقد بكذا أو قال إلى شهر بكذا أو إلى شهرين بكذا فهو فاسد؛ لأنه لم يعاطه على ثمن معلوم ولنهي النبي صلى الله عليه وسلم عن شرطين في بيع وهذا هو تفسير الشرطين في بيع ومطلق النهي يوجب الفساد في العقود الشرعية وهذا إذا افترقا على هذا فإن كان يتراضيان بينهما ولم يتفرقا حتى قاطعه على ثمن معلوم، وأتما العقد عليه فهو جائز؛ لأنهما ما افترقا إلا بعد تمام شرط صحة العقد". ترجمہ: اس شرط پر کہ فلاں مدت تک ادھار ہو تو اتنی قیمت اور نقد ہو تو اتنی، یا کہا کہ ایک مہینے کے ادھار پر اتنی اور دو مہینے کے ادھار پر اتنی، تو یہ بیع فاسد ہے؛ کیونکہ اس نے متعین قیمت پر سودا نہیں کیا، اور اس لیے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک بیع میں دو شرطوں سے منع فرمایا، اور یہی ایک بیع میں دو شرطوں کی تفسیر ہے، اور شرعی عقود میں مطلق ممانعت فساد کو واجب کرتی ہے؛ اور یہ اس وقت ہے جب وہ اسی حالت پر جدا ہو جائیں، لیکن اگر وہ آپس میں راضی ہو جائیں اور جدا ہونے سے پہلے ایک متعین قیمت طے کر کے اسی پر عقد مکمل کر لیں تو یہ جائز ہے، کیونکہ وہ عقد کے صحیح ہونے کی شرط پوری ہونے کے بعد ہی جدا ہوئے۔ (المبسوط للسرخسی، کتاب البیوع، باب البیوع الفاسدۃ، 13/8، دار المعرفۃ بیروت)

    مختلف مدتوں کی الگ الگ قیمتیں رکھ کر بیچنے کے متعلق فتاوی ہندیہ میں ہے: "رجل باع على أنه بالنقد بكذا وبالنسيئة بكذا وإلى شهر بكذا وإلى شهرين بكذا لم يجز". ترجمہ: کسی شخص نے اس شرط پر بیچا کہ نقد ہو تو اتنی قیمت، ادھار ہو تو اتنی، ایک مہینے تک ہو تو اتنی اور دو مہینے تک ہو تو اتنی، تو یہ جائز نہیں۔ (الفتاوى الهندية، كتاب البيوع، 3/136، دار الفكر بيروت)

    بیع اور اجارے میں دو صورتوں کے درمیان اختیار کے فرق کے متعلق امام برہان الدین مرغینانی رحمۃ اللہ علیہ (المتوفی: 593ھ) فرماتے ہیں: "غير أنه لا بد من اشتراط الخيار في البيع، وفي الإجارة لا يشترط ذلك؛ لأن الأجر إنما يجب بالعمل، وعند ذلك يصير المعقود عليه معلوما، وفي البيع يجب الثمن بنفس العقد فتتحقق الجهالة على وجه لا ترتفع المنازعة إلا بإثبات الخيار". ترجمہ: مگر بیع میں خیار کی شرط ضروری ہے، اور اجارے میں یہ شرط نہیں، کیونکہ اجرت کام کرنے سے واجب ہوتی ہے، اور اس وقت معقود علیہ متعین ہو جاتا ہے؛ جبکہ بیع میں قیمت نفسِ عقد سے واجب ہو جاتی ہے، تو ایسی جہالت پائی جاتی ہے جس سے جھگڑا خیار ثابت کیے بغیر ختم نہیں ہوتا۔ (الهداية في شرح بداية المبتدي، كتاب الإجارات، باب الإجارة على أحد الشرطين، 3/244، دار إحياء التراث العربي بيروت)

    ادھار رقم میں جلد ادائیگی کے بدلے کمی کے ناجائز ہونے کے متعلق امام مرغینانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "ولو كانت له ألف مؤجلة فصالحه على خمسمائة حالة لم يجز لأن المعجل خير من المؤجل وهو غير مستحق بالعقد فيكون بإزاء ما حطه عنه، وذلك اعتياض عن الأجل وهو حرام". ترجمہ: اور اگر کسی کے ایک ہزار (درہم) ادھار واجب ہوں، اور وہ پانچ سو فوری ادائیگی پر صلح کر لے تو یہ جائز نہیں، کیونکہ فوری ادائیگی ادھار سے بہتر ہے، جبکہ عقد کی رو سے وہ (فوری ادائیگی کا) مستحق نہیں تھا، تو یہ (فوری ادائیگی) اس کمی کے مقابلے میں ہو جائے گی، اور یہ مدت کا عوض لینا ہے جو حرام ہے۔ (الهداية في شرح بداية المبتدي، كتاب الصلح، باب الصلح في الدين، 3/195، دار إحياء التراث العربي بيروت)

    فوری واجب الادا دین میں مقررہ وقت پر کچھ ادائیگی کی شرط کے ساتھ باقی معاف کرنے کے جواز کے متعلق امام مرغینانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "ومن له على آخر ألف درهم فقال أد إلي غدا منها خمسمائة على أنك بريء من الفضل ففعل فهو بريء، فإن لم يدفع إليه الخمسمائة غدا عاد عليه الألف وهو قول أبي حنيفة ومحمد ... ولهما أن هذا إبراء مقيد بالشرط فيفوت بفواته ... وأنه يصلح غرضا حذار إفلاسه وتوسلا إلى تجارة أربح منه". ترجمہ: اور جس کے کسی پر ایک ہزار درہم ہوں، وہ اس سے کہے: کل مجھے اس میں سے پانچ سو ادا کر دو اس شرط پر کہ باقی سے تم بری ہو، اور اس نے ایسا کر دیا تو وہ بری ہو جائے گا؛ اور اگر کل پانچ سو ادا نہ کیے تو اس پر پورے ہزار لوٹ آئیں گے، یہ امام ابو حنیفہ اور امام محمد کا قول ہے اور ان دونوں کی دلیل یہ ہے کہ یہ ایک شرط کے ساتھ مقید معافی ہے، جو شرط کے فوت ہونے سے فوت ہو جاتی ہے اور یہ (جلد وصولی) ایک معقول غرض ہو سکتی ہے، مقروض کے مفلس ہو جانے کے خوف سے، یا اس سے زیادہ نفع والی تجارت تک پہنچنے کے لیے۔ (الهداية في شرح بداية المبتدي، كتاب الصلح، باب الصلح في الدين، 3/195، دار إحياء التراث العربي بيروت)

    بیچنے والے کا اپنی مرضی سے قیمت میں کمی کرنے کے جواز کے متعلق امام مرغینانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "ويجوز للبائع أن يزيد للمشتري في المبيع ويجوز أن يحط عن الثمن". ترجمہ: اور بیچنے والے کے لیے جائز ہے کہ خریدار کو مبیع میں اضافہ کر دے، اور یہ بھی جائز ہے کہ قیمت میں کمی کر دے۔ (الهداية، كتاب البيوع، باب المرابحة والتولية، 3/59-60، دار إحياء التراث العربي بيروت)۔

    واللہ تعالی اعلم بالصواب


    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابو امیر خسروسید باسق رضا

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    10 جمادی الاولی 1448ھ/22 اکتوبر 2026ء کو جاری کیا گیا