ghusl ke baad safed ratoobat leukorrhea nikle to namaz aur tilawat ka hukm
سوال
غسل کے بعد دوبارہ درمیان میں سفید اور سائیڈ پہ داغ بن جائے تو کیا نماز اور تلاوت کر سکتے ہیں یا پھر دوبارہ غسل کرنا چاہیے؟
سائلہ: بنت اعجاز۔ (سیلانی ویب سائٹ)
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں نہ دوبارہ غسل لازم ہے، نہ وضو ، لہذا آپ نماز بھی پڑھ سکتی ہیں اور تلاوت بھی کر سکتی ہیں۔
کیونکہ غسل منی کے شہوت کے ساتھ نکلنے سے فرض ہوتا ہے، جبکہ یہ سفید داغ اُس رطوبت (لیکیوریا) کا ہے جو عورتوں کو شرمگاہ سے آتی رہتی ہے، اور یہ منی نہیں؛ نیز یہ رطوبت بدن کی دیگر رطوبتوں کی طرح پاک ہے، اور جب اس میں خون کی آمیزش نہ ہو تو یہ ناقضِ وضو بھی نہیں۔ہاں اگر اس رطوبت میں خون کی سرخی یا زردی ہو، یا یہ کسی بیماری یا درد (مثلا جسم کے اندر کوئی زخم یا آبلے ، ناسور اور پھنسیاں وغیرہ) کی وجہ سے نکلے، تو یہ ناپاک ہے اور اس کے نکلنے سے وضو ٹوٹ جائے گا، کیونکہ ایسی صورت میں اس میں خون وغیرہ نجاست کے ملے ہونے کا گمان ہوتا ہے؛ البتہ اس صورت میں بھی غسل لازم نہیں ہوگا، صرف وضو کرنا ہوگا۔
دلائل و جزئیات
غسل فرض ہونے کے اسباب کے متعلق امام برہان الدین علی بن ابی بکر مرغینانی (المتوفی: 593ھ) فرماتے ہیں: "والمعاني الموجبة للغسل إنزال المني على وجه الدفق والشهوة من الرجل والمرأة حالة النوم واليقظة". ترجمہ: اور غسل کو واجب کرنے والے اسباب (میں سے ایک) مرد اور عورت کی منی کا اچھل کر اور شہوت کے ساتھ نکلنا ہے، سوتے میں ہو یا جاگتے میں۔ (الہدایۃ، کتاب الطہارات، فصل فی الغسل، 1/19، دار احیاء التراث العربی بیروت)
شرمگاہ کی رطوبت کے پاک ہونے کے متعلق علامہ علاء الدین محمد بن علی حصکفی (المتوفی: 1088ھ) فرماتے ہیں: "أما عنده فهي طاهرة كسائر رطوبات البدن". ترجمہ: بہرحال امام اعظم کے نزدیک تو یہ (شرمگاہ کی رطوبت) بدن کی دیگر رطوبتوں کی طرح پاک ہے۔ (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الطہارۃ، باب الانجاس، 1/313، دار الفكربيروت)
اس رطوبت سے وضو نہ ٹوٹنے کے متعلق صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی (المتوفی: 1367ھ) فرماتے ہیں: ’’عورت کے آگے سے جو خالص رطوبت بے آمیزشِ خون نکلتی ہے ناقضِ وُضو نہیں، اگر کپڑے میں لگ جائے تو کپڑا پاک ہے‘‘۔(بہار شریعت،1/304، مکتبۃ المدینہ کراچی)
درد یا مرض کی وجہ سے نکلنے والی رطوبت کے ناقضِ وضو ہونے کے متعلق اعلی حضرت امام احمد رضا خان (المتوفی: 1340ھ) فرماتے ہیں: ’’حقیقتِ امر یہ ہے کہ درد و مرض سے جو کچھ بہے اسے ناقض ماننا اس بناء پر ہے کہ اس میں آمیزشِ خون وغیرہ نجاسات کا ظن ہے‘‘۔ (فتاوی رضویہ، کتاب الطہارۃ، 1/356، رضا فاؤنڈیشن لاہور) ۔
واللہ تعالی اعلم بالصواب