فقیر شرعی مستحق زکوۃ ہے
    تاریخ: 21 فروری، 2026
    مشاہدات: 8
    حوالہ: 834

    سوال

    میرا پانچ بیٹے اور پانچ بیٹیاں ہیں، تین بیٹیوں کی شادی ہوگئی ہے ہمارا نہ گھراپنا ہے نہ کاروبار نہ اسباب۔ ایک بیٹی کا نکاح کرنا ہے اسکے سسرال والوں کا تقاضہ ہے کہ جلد کریں کیا ہم زکوۃ لے سکتے ہیں؟

    سائلہ:زیتون:کراچی۔


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    صورت مستفسرہ میں آپ کا زکوۃ لینا جائز ہے کیونکہ آپ فقیر شرعی ہیں ۔اور وہ لوگ جن کو زکوۃ دینا جائز ہے ان میں سے ایک فقیرشرعی بھی ہے ،اور فقیر شرعی یہ ہے کہ جس کے پاس کچھ نہ کچھ مال ہو مگر اتنا نہ ہوکہ نِصاب کوپہنچ جائےیانِصاب کی قَدَر توہو مگر اس کی حاجتِ اَصلِیَّۃ(یعنی ضَروریات زندَگی)میں مُسْتَغْرَق(گِھراہوا)ہو ۔مثلا رہنے کا مکان، خانہ داری کاسامان،سُواری کےجانور(یا اسکوٹر یا کار) کاریگروں کے اَوزار، پہننے کے کپڑے ،

    اللہ تعالیٰ نے مصارف زکوۃ یعنی جن لوگوں کو زکوۃ دی جاسکتی ہے ان کا بیان قرآن مجید میں فرمادیا ہے ۔ارشاد باری تعالیٰ ہے :إِنَّمَا الصَّدَقَاتُ لِلْفُقَرَاءِ وَالْمَسَاكِينِ وَالْعَامِلِينَ عَلَيْهَا وَالْمُؤَلَّفَةِ قُلُوبُهُمْ وَفِي الرِّقَابِ وَالْغَارِمِينَ وَفِي سَبِيلِ اللَّهِ وَابْنِ السَّبِيلِ فَرِيضَةً مِنَ اللَّهِ وَاللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ۔ترجمہ: زکوٰۃ تو انہیں لوگوں کے لئے ہے جو محتاج اور نرے نادار اور جو اسے تحصیل کرکے لائیں اور جن کے دلوں کو اسلام سے الفت دی جائے اور گردنیں چھوڑانے میں اور قرضداروں کو اور اللّٰہ کی راہ میں اور مسافر کو یہ ٹھہرایا ہوا ہے اللّٰہ کا اور اللّٰہ علم و حکمت والا ہے ۔

    وغیرہ ،جیسا کہ الدرالمختار مع رد المحتار میں ہے:(فَقِيرٌ، وَهُوَ مَنْ لَهُ أَدْنَى شَيْءٍ) أَيْ دُونَ نِصَابٍ أَوْ قَدْرُ نِصَابٍ غَيْرِ نَامٍ مُسْتَغْرِقٍ فِي الْحَاجَةِ۔ترجمہ:فقیر وہ ہے جس کے پاس کچھ نہ کچھ ہو، یعنی جو نصاب سے کم ہو یا نصاب کی مقدار ہو لیکن مال نامی نہ ہو اور اسکی حاجت میں مستغرق ہو۔(کتاب الزکاۃ ،باب مصرف الزکاۃ، ج:2، ص: 339، طبع : دار الفکر،بیروت)

    واللہ تعالٰی اعلم بالصواب

    کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد زوہیب رضا قادری

    الجواب الصحیح:ابوالحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    تاریخ اجراء:29 شعبان المعظم 1442 ھ/13 اپریل 2021 ء