کرسمس سیل کے نام سے جم کی رعایت کی تشہیر

    christmas sale ke naam se gym ki riayat ki tashheer

    تاریخ: 10 نومبر، 2026
    مشاہدات: 26
    حوالہ: 1937

    سوال

    ہم ایک ٹیم کے طور پر امریکہ میں قائم ایک جم (GYM) کے لیے کام کر رہے ہیں، اور ہمارا کام SEO، ای میل/ایس ایم ایس مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ وغیرہ ہے۔جیسا کہ معلوم ہے، امریکہ اور برطانیہ میں کچھ مواقع سیل کے ایونٹس کے طور پر مشہور ہیں۔ ہمارے جم کے مالک نے ہمیں کہا ہے کہ ہم بلیک فرائیڈے سیل، کرسمس سیل وغیرہ پر مبنی ای میل/ایس ایم ایس مہمات اور ویب پیجز تیار کریں۔ ان مہمات میں ایسے الفاظ استعمال ہو سکتے ہیں جیسے "Christmas Sale is live now" یا "Black Friday Sale is live"۔ حقیقت میں ہم جم کی مصنوعات اور خدمات (جیسے ممبرشپ وغیرہ) پر صرف رعایت (ڈسکاؤنٹ) دے رہے ہوں گے، اور ان الفاظ کا مقصد جم کی طرف گاہکوں کو متوجہ کرنا ہے۔ چونکہ یہ مالک کی طرف سے سونپا گیا کام ہے، تو ہمیں اسے کس طرح پیش کرنا چاہیے؟

    کیا یہ جائز ہوگا؟ کیونکہ ہم کسی غیر مسلم مذہبی تہوار کی تشہیر نہیں کر رہے، بلکہ مالک کی درخواست پر صرف ایک رعایت کی تشہیر ان الفاظ کے ساتھ کر رہے ہیں۔براہِ کرم رہنمائی فرمائیں کہ ہم ان مواقع کے حوالے سے کس طرح کام کریں اور کسی بھی گناہ یا مشکل سے کیسے بچیں؟

    سائل: حمدان


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    جم کی ممبرشپ اور مصنوعات پر رعایت (ڈسکاؤنٹ) کی تشہیر کے لیے ای میل/ایس ایم ایس مہمات اور ویب پیجز تیار کرنا جائز ہے، اور "بلیک فرائیڈے سیل" کے نام سے تشہیر بھی جائز ہے کہ یہ کوئی مذہبی تہوار نہیں بلکہ خالص تجارتی رعایت کا دن ہے؛ البتہ "کرسمس سیل" یا "Christmas Sale is live" جیسے الفاظ کے ساتھ تشہیر کرنا، یا اس میں کرسمس کی علامات (جیسے صلیب، کرسمس ٹری، سانتا کلاز وغیرہ) شامل کرنا ناجائز و حرام ہے، کیونکہ یہ غیر مسلموں کے مذہبی تہوار کے نام پر کام کرنا اور اس کے نام کی تشہیر ہے، اور مالک کے کہنے سے یہ جائز نہیں ہو جاتا؛ لہذا اس موقع کی سیل کو ایسا نام دیا جائے جس میں کسی مذہبی تہوار کی نسبت نہ ہو، جیسے "Year-End Sale"، "Winter Sale" یا "December Sale"۔

    تفصیل یہ ہے کہ جائز چیزوں اور خدمات کی خرید و فروخت میں رعایت دینا اور اس کی تشہیر کرنا فی نفسہ جائز ہے، اور جم کی ممبرشپ اور جائز مصنوعات کی مارکیٹنگ، ای میل/ایس ایم ایس مہمات اور ویب پیجز بنانے کا کام کرنا اور اس پر اجرت لینا بھی جائز ہے۔ رہا "بلیک فرائیڈے"، تو یہ کسی مذہب کا تہوار یا عبادت کا دن نہیں، بلکہ وہاں کے عرف میں ایک تجارتی دن ہے جس میں دکاندار رعایتیں دیتے ہیں؛ لہذا اس نام سے سیل کی تشہیر میں کسی غیر مسلم مذہبی تہوار کی تعظیم یا اس کے ساتھ موافقت نہیں پائی جاتی، اس لیے یہ جائز ہے۔

    جبکہ کرسمس عیسائیوں کا مذہبی تہوار ہے جو ان کے عقیدے کے مطابق (معاذ اللہ) "خدا کے بیٹے" کی پیدائش کی خوشی میں منایا جاتا ہے، اور یہ عقیدہ کفر و شرک پر مبنی ہے؛ غیر مسلموں کے مذہبی تہواروں پر مبارکباد دینا، ان کے نام پر تحفے دینا اور ان میں ان کی موافقت کرنا حرام ہے، اور اگر اس تہوار کی تعظیم کی نیت ہو تو کفر ہے، جیسا کہ فقہائے کرام نے مجوسیوں کے تہوار "نیروز" کے نام پر تحفہ دینے کو حرام اور تعظیم کی نیت سے دینے کو کفر فرمایا ہے۔ اور "کرسمس سیل" کا معنی ہی یہ ہے کہ یہ رعایت کرسمس کی خوشی اور اس کے نام پر دی جا رہی ہے، اور "Christmas Sale is live" جیسے جملوں کے ذریعے لوگوں کو اسی تہوار کی خوشی میں شریک ہونے کی دعوت دی جاتی ہے؛ تو یہ اس تہوار کے نام پر کام کرنا، اس کی تشہیر کرنا اور اس میں غیر مسلموں کی موافقت ہے، اگرچہ مقصود صرف گاہکوں کو متوجہ کرنا ہو۔ لہذا جب تک تہوار کی تعظیم کی نیت نہ ہو یہ کفر تو نہیں، لیکن حرام ضرور ہے؛ اور چونکہ یہ گناہ کا کام ہے، اس لیے مالک کی طرف سے سونپے جانے کی وجہ سے اسے کرنا جائز نہیں ہوگا، کیونکہ خالق کی نافرمانی میں کسی مخلوق کی اطاعت نہیں۔ البتہ "Holiday Sale" کا یہ حکم نہیں، کیونکہ یہ کسی خاص مذہبی تہوار کا نام نہیں، بلکہ وہاں کے عرف میں "Thanksgiving" سے نئے سال تک کے موسم کو کہا جاتا ہے، لہذا اس نام سے تشہیر حرام نہیں؛ تاہم چونکہ کرسمس بھی اسی موسم میں آتا ہے، اس لیے شبہے سے بچنے کے لیے بہتر یہ ہے کہ ایسا نام اختیار کیا جائے جس میں کسی تہوار کی طرف اشارہ بھی نہ ہو۔

    اور یہاں معصیت عینِ عمل ہی میں ہے، کیونکہ "کرسمس سیل" کے الفاظ لکھنا اور شائع کرنا خود انہی کا عمل ہے، اور یہی الفاظ تہوار کے نام پر رعایت کا اعلان ہیں؛ ان کے اور معصیت کے درمیان کسی فاعلِ مختار کا فعل حائل نہیں جو ان سے معصیت کی نسبت منقطع کر دے، اور فقہائے کرام نے تہوار کے نام پر ہدیہ دینے کو مطلقاً حرام، اور تعظیم کی نیت سے دینے کو کفر فرمایا ہے۔

    اس سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ مالک کو اپنا شرعی عذر بتا دیا جائے، اور اس موقع کی سیل کے لیے ایسے نام تجویز کیے جائیں جن میں کسی مذہبی تہوار کی نسبت نہ ہو، جیسے "Year-End Sale"، "Winter Sale" یا "December Sale"؛ کیونکہ تجارتی مقصد، یعنی گاہکوں کو متوجہ کرنا، ان ناموں سے بھی پورا ہو جاتا ہے۔ اور اگر یہ سیل انہی دنوں میں ہو تو صرف وقت کا ایک ہونا تہوار کے ساتھ موافقت نہیں، جبکہ اس کی نسبت تہوار کی طرف نہ کی جائے اور نہ اس میں تہوار کی علامات ہوں۔ اور اگر مالک کرسمس ہی کے الفاظ پر اصرار کرے تو آپ لوگ اس خاص حصے کی تحریر و ڈیزائن خود نہ کریں، اور باقی جائز کام انجام دیتے رہیں۔

    دلائل و جزئیات

    گناہ کے کاموں میں مدد نہ کرنے کے متعلق ارشاد باری تعالی ہے: وَ لَا تَعَاوَنُوْا عَلَى الْاِثْمِ وَ الْعُدْوَانِ. ترجمہ: اور گناہ اور زیادتی پر باہم مدد نہ دو۔ (المائدۃ: 2)

    گناہ کے کام میں کسی کی اطاعت جائز نہ ہونے کے متعلق حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "لا طاعة لمخلوق في معصية الله عز وجل". ترجمہ: اللہ عزوجل کی نافرمانی میں کسی مخلوق کی اطاعت نہیں۔ (مسند احمد، مسند علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ، 2/333، رقم الحدیث: 1095، مؤسسۃ الرسالۃ بیروت)

    غیر مسلموں سے مشابہت اختیار کرنے کی ممانعت کے متعلق حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "من تشبه بقوم فهو منهم". ترجمہ: جو کسی قوم سے مشابہت اختیار کرے وہ انہی میں سے ہے۔ (سنن ابی داود، کتاب اللباس، باب فی لبس الشہرۃ، 4/44، رقم الحدیث: 4031، المکتبۃ العصریۃ بیروت)

    غیر مسلموں کے تہوار کے نام پر تحفہ دینے کے حرام، اور تعظیم کی نیت سے کفر ہونے کے متعلق علامہ علاء الدین محمد بن علی حصکفی (المتوفی: 1088ھ) فرماتے ہیں: "(والإعطاء باسم النيروز والمهرجان لا يجوز) أي الهدايا باسم هذين اليومين حرام (وإن قصد تعظيمه) كما يعظمه المشركون (يكفر)... ولو أهدى لمسلم ولم يرد تعظيم اليوم بل جرى على عادة الناس لا يكفر وينبغي أن يفعله قبله أو بعده نفيا للشبهة ولو شرى فيه ما لم يشتره قبل إن أراد تعظيمه كفر وإن أراد الأكل كالشرب والتنعيم لا يكفر زيلعي". ترجمہ: اور نیروز اور مہرجان کے نام پر (تحفے) دینا جائز نہیں، یعنی ان دونوں دنوں کے نام پر ہدیے دینا حرام ہے، اور اگر اس نے ان دنوں کی تعظیم کا ارادہ کیا، جیسا کہ مشرکین اس کی تعظیم کرتے ہیں، تو وہ کفر کرے گا … اور اگر کسی مسلمان کو ہدیہ دیا اور اس کا ارادہ دن کی تعظیم کرنا نہیں تھا بلکہ صرف لوگوں کی عادت کے مطابق ایسا کیا تو کفر نہیں کرے گا، اور شبہے کو دور کرنے کے لیے مناسب ہے کہ یہ کام اس دن سے پہلے یا بعد میں کرے؛ اور اگر کسی نے اس دن ایسی چیز خریدی جو وہ اس سے پہلے نہیں خریدتا تھا، تو اگر اس نے دن کی تعظیم کا ارادہ کیا تو کفر کرے گا، اور اگر اس کا ارادہ کھانے، پینے اور آرام و آسائش کا تھا تو کفر نہیں کرے گا (زیلعی)۔ (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الخنثی، مسائل شتی، 6/754، دار الفکر بیروت)

    معصیت کے فاعلِ مختار کے فعل سے ہونے کی صورت میں اجرت کے جائز ہونے کے متعلق علامہ سید محمد امین ابن عابدین شامی (المتوفی: 1252ھ) علامہ زیلعی رحمۃ اللہ علیہ سے نقل فرماتے ہیں: "(قوله وحمل خمر ذمي) قال الزيلعي: وهذا عنده وقالا هو مكروه ... وله أن الإجارة على الحمل وهو ليس بمعصية، ولا سبب لها وإنما تحصل المعصية بفعل فاعل مختار". ترجمہ: (ذمی کی شراب اٹھانے کی اجرت جائز ہونا) امام زیلعی نے فرمایا: یہ امام اعظم کے نزدیک ہے، اور صاحبین نے فرمایا کہ یہ مکروہ ہے اور امام اعظم کی دلیل یہ ہے کہ اجارہ اٹھانے پر ہے اور یہ نہ معصیت ہے اور نہ اس کا سبب، معصیت تو فاعلِ مختار کے فعل سے حاصل ہوتی ہے۔ (رد المحتار، کتاب الحظر والاباحۃ، فصل فی البیع، 6/391-392، دار الفکر بیروت)

    غیر مسلموں کے تہوار میں ان کی موافقت کے متعلق علامہ عبد الرحمن بن محمد شیخی زادہ (المتوفی: 1078ھ) فرماتے ہیں: "ويكفر بخروجه إلى نيروز المجوس والموافقة معهم فيما يفعلونه في ذلك اليوم وبشرائه يوم نيروز شيئا لم يكن يشتريه قبل ذلك تعظيما للنيروز لا للأكل والشرب وبإهدائه ذلك اليوم للمشركين ولو بيضة تعظيما لذلك اليوم". ترجمہ: اور مجوسیوں کے نیروز (کے میلے) کی طرف نکلنے، اور اس دن وہ جو کچھ کرتے ہیں اس میں ان کی موافقت کرنے سے، اور نیروز کے دن نیروز کی تعظیم کے لیے، نہ کہ کھانے پینے کے لیے، ایسی چیز خریدنے سے جو وہ اس سے پہلے نہیں خریدتا تھا، اور اس دن کی تعظیم کے لیے اس دن مشرکوں کو تحفہ دینے سے، اگرچہ ایک انڈا ہی ہو، آدمی کافر ہو جاتا ہے۔ (مجمع الانہر، کتاب السیر، باب المرتد، الفاظ الکفر انواع، 1/698، دار احیاء التراث العربی بیروت)

    غیر مسلموں کے مذہبی تہواروں پر مبارکباد دینے کے متعلق مفتی محمد شریف الحق امجدی (المتوفی: 1421ھ) فرماتے ہیں: ’’ان مشرکانہ مذہبی تیوہاروں پر ہندوؤں کو مبارک باد دینا اشد حرام بلکہ منجر الی الکفر ہے‘‘۔

    (فتاوی شارح بخاری، 2/566، دائرۃ البرکات ھند)۔

    واللہ تعالی اعلم بالصواب


    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابو امیر خسروسید باسق رضا

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    23 جمادی الاولی 1448ھ/4 نومبر 2026ء کو جاری کیا گیا