chaar bete ek beti aur inteqal shuda bete ke wurasa
سوال
ہمارے والدین کا انتقال ہوچکا ہے ، والد کا 2005 میں اور والدہ کا 2011 میں ، ہم چار بھائی(عبدالرزاق،موسیٰ ،زبیر،آصف) اور ایک بہن(رخسانہ بانو) ہے ۔ والد کے نام ایک عدد فلیٹ ہے جو ہماری جماعت نے کچھ رقم کے عوض والد کو دیا تھا رقم میں نے لگائی تھی جہاں میں نوکری کرتا تھا وہاں سے لون لیا تھا، لیکن اب میں اسکا تقاضہ نہیں کررہا ۔اب مسئلہ یہ ہے کہ میرے ایک بھائی( آصف) کا بھی وصال ہوچکا ہے وہ شادی شدہ ہیں لیکن کوئی اولاد نہیں ہے ۔ انکی بیوہ (جنکا نام اقصی ہے)سے ہمارے اچھے تعلقات ہیں ، ہمارے ہاں اسکا آنا جانا ہے لیکن اب اسکی دوسری جگہ شادی کررہے ہیں تو ہمیں یہ معلوم کرنا ہے کہ اسکا کیا حصہ ہے ،؟ تاکہ ہم گنہ گار نہ ہوں۔
سائل : عبدالرزاق : کراچی
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
بر تقدیرِصدقِ سائل یعنی اگر معاملہ ایسا ہی ہے جیسا کہ سوال میں ذکر کیا گیا تو اس صورت میں حکم شرع یہ ہےکہ آپکے والد کی وراثت کے کل 126 حصے کیے جائیں گے جس میں سے آپ اور آپ کے جو بھائی حیات ہیں یعنی (عبدالرزاق،موسیٰ ،زبیر) ان میں سے ہر ایک کو 34،34 حصے دیئے جائیں گے اور آپکی بہن(رخسانہ بانو) کو 17 حصے جبکہ مرحوم بھائی کی زوجہ(اقصیٰ) کو 7 حصے دیئے جائیں گے۔
مذکورہ تقسیم اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ حصوں کے مطابق ہے ،
بیویوں کے بارے میں ارشاد ہے قال اللہ تعالیٰ وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ إِنْ لَمْ يَكُنْ لَكُمْ وَلَدٌ فَإِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ:ترجمہ کنز الایمان : تمہارے ترکہ میں عورتوں کا چوتھائی ہے اگر تمہارے اولاد نہ ہو پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں ۔
لڑکے اور لڑکیوں کے حصے کے بارے میں فرمایا، قال اللہ تعالیٰ یُوصِیکُمُ اللَّہُ فِی أَوْلَادِکُمْ لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَیَیْنِ :ترجمہ کنز الایمان :۔ اللہ تعالی تمہیں حکم دیتا ہے تمھاری اولاد کے بارے کہ بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر ہے۔السراجی فی المیراث ص19میں ہےومع الابن للذکر مثل حظ الانثیین : ترجمہ: اور للذکر مثل حظ الانثیین کے تحت بیٹی کو بیٹے کے حصے کا نصف ملے گا۔
نوٹ : مال تقسیم کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ فلیٹ کی قیمت لگالی جائے،اور کل قیمت کو اوپر ذکر کردہ کل حصوں یعنی 126 پر تقسیم کردیا جائے جو،جواب آئے اسکو 126 میں سے ہر ایک کے حصے میں ضرب دے دیں اس طرح کل وراثت سے ہر ایک کا حصہ معلوم ہوجائے گا ۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد زوہیب رضا قادری
الجواب الصحیح:ابوالحسنین مفتی وسیم اختر المدنی
تاریخ اجراء:26 ربیع الاول 1440 ھ/05 دسمبر 2018 ء