اے آئی آواز سے بلا اجازت ویڈیوز بنانے اور کمائی کا حکم

    ai aawaz se bila ijazat videos banane aur kamai ka hukm

    تاریخ: 24 نومبر، 2026
    مشاہدات: 70
    حوالہ: 1979

    سوال

    سوشل میڈیا پر بعض لوگ بعض علماء کی اے ائی وائس کی ویڈیوز بنا کر اس سے ارننگ کر رہے ہیں، یہ جائز ہے یا ناجائز ؟اور سوشل میڈیا کی ارننگ تو ایک الگ بات ہے وہ تو ناجائز ہے نا اور یہ جو ویڈیوز بنا رہے ہیں اے ائی وائس سے اجمل رضا قادری کی یہ جائز ہے یا ناجائز ہے؟

    سائل: مدثر عطاری


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    علماء کی اجازت کے بغیر ان کی اے آئی آواز سے ویڈیوز بنانا ناجائز و گناہ ہے، اور اگر ویڈیو میں یہ وضاحت بھی نہ ہو کہ یہ اے آئی آواز ہے تو اس میں جھوٹ اور دھوکے کا گناہ مزید ہے؛ اور ایسی ویڈیوز سے ہونے والی کمائی بھی ناجائز ہے۔ ہاں اگر وہ خود اجازت دیں، ویڈیو میں واضح ہو کہ یہ اے آئی آواز ہے، اور کلام خلافِ شرع نہ ہو تو ایسی ویڈیو بنانا جائز ہے، اور سوشل میڈیا پر جائز مواد سے ہونے والی کمائی بھی جائز ہے۔اجازت کے بغیر اس لیے ناجائز ہے کہ کسی کی آواز اور انداز کی نقل اتارنا جبکہ وہ اسے ناپسند کرے شرعاً ممنوع ہے؛ اور آج کل جس طرح اے آئی کے ذریعے طرح طرح کی فضول باتیں بلوائی جاتی ہیں، اس سے کوئی بھی شخص راضی نہیں ہوتا، اور یہ ممانعت تو اس صورت میں ہے جب کوئی غیر شرعی بات نہ بلوائی جائے، ورنہ خلافِ شرع کلام بلوانے کا وبال اور عذاب اس سے کہیں بڑھ کر ہے۔ اور وضاحت نہ ہونے کی صورت میں سننے والا اس کلام کو انہی کا کلام سمجھتا ہے حالانکہ انہوں نے یہ نہیں کہا، تو یہ ان پر جھوٹ باندھنا اور سننے والوں کو دھوکا دینا ہے۔ کمائی کا حکم اس پر موقوف ہے کہ گناہ کس کے فعل سے قائم ہو؛ جب ویڈیو بنانا خود گناہ ہے تو اس سے ہونے والی کمائی گناہ ہی کا نتیجہ ہے، اس لیے ناجائز ہے؛ اور جائز مواد پر چلنے والے اشتہارات میں اگر کوئی خلافِ شرع چیز ہو تو وہ ویڈیو بنانے والے کے فعل سے قائم نہیں بلکہ دوسرے کے فعل سے، اس لیے جائز مواد کی کمائی ناجائز نہیں۔

    دلائل و جزئیات:

    جھوٹ کی مذمت میں اللہ تعالی فرماتا ہے: إِنَّمَا يَفْتَرِي الْكَذِبَ الَّذِينَ لَا يُؤْمِنُونَ بِآيَاتِ اللَّهِ وَأُولَئِكَ هُمُ الْكَاذِبُونَ. ترجمہ: جھوٹ بہتان وہی باندھتے ہیں جو اللہ کی آیتوں پر ایمان نہیں رکھتے اور وہی جھوٹے ہیں۔ (النحل: 105)

    دھوکے کی مذمت میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "من غشنا فليس منا". ترجمہ: جس نے ہمیں دھوکا دیا وہ ہم میں سے نہیں۔ (صحیح مسلم، کتاب الایمان، 1/99، رقم الحدیث: 101، دار احیاء التراث العربی بیروت)

    کسی کی نقل اتارنے کی ممانعت میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "ما أحب أني حكيت أحدا وأن لي كذا وكذا". ترجمہ: مجھے یہ پسند نہیں کہ میں کسی کی نقل اتاروں اگرچہ مجھے اس کے بدلے اتنا اتنا (مال) ملے۔ (سنن الترمذی، ابواب صفۃ القیامۃ، 4/660، رقم الحدیث: 2503، مطبعۃ مصطفی البابی الحلبی مصر)

    کسی چیز سے معصیت بعینہ قائم ہونے اور نہ ہونے کے ضابطے کے متعلق امام اہلسنت امام احمد رضا خان (المتوفی: 1340ھ) فرماتے ہیں: "الذي يظهر لي أنّ الشيء إذا صلح في حدّ ذاته لأن يستعمل في معصية وفي غيرها ولم يتعيّن للمعصية فلم يكن بيعه إعانةً عليها؛ لاحتمال أن يستعمل في غير المعصية، وإنما يتعين ذلك بقصد القاصدين والشك لا يؤثر، وغلبة الظن في أمثال المقام ملتحق باليقين، والتغيير لكونه فعل فاعل مختار يقطع النسبة. إذا تمهد هذا، فاعلم أن معنى ما تقوم المعصية بعينه أن يكون في أصل وضعه موضوعة للمعصية أو تكون هي المقصودة العظمى منه". ترجمہ: میرے لیے جو ظاہر ہوا وہ یہ کہ جب کوئی چیز اپنی ذات کے اعتبار سے معصیت اور غیر معصیت دونوں میں استعمال ہو سکے اور معصیت کے لیے متعین نہ ہو تو اس کی خرید و فروخت گناہ پر اعانت نہیں، کیونکہ احتمال موجود ہے کہ وہ غیر معصیت میں استعمال ہو، اور اس کا معصیت کے لیے متعین ہونا قصد کرنے والے کے قصد سے ہوگا، اور شک مؤثر نہیں، اور ایسے مسائل میں غلبۂ ظن یقین سے ملحق ہوتا ہے، اور تبدیلی چونکہ فاعل مختار کا فعل ہے اس لیے وہ (بیچنے والے سے معصیت کی) نسبت کو ختم کر دیتی ہے۔ جب یہ تمہید سمجھ آ گئی تو جان لو کہ جس چیز کے ساتھ معصیت بعینہ قائم ہو اس کا معنی یہ ہے کہ وہ چیز اصل وضع میں ہی معصیت کے لیے موضوع ہو یا اس سے بڑا مقصد ہی معصیت ہو۔ (جد الممتار علی رد المحتار، کتاب الحظر والاباحۃ، 7/75-77، دار الکتب العلمیۃ)۔

    واللہ تعالی اعلم بالصواب


    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابو امیر خسروسید باسق رضا

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    8 جمادی الآخرہ 1448ھ/19 نومبر 2026ء کو جاری کیا گیا