warasat teen batn ka masla
سوال
معشوق احمد کا انتقال ہوا ، ورثاء میں تین بیٹے(سیف، نجم، عین) اور تین بیٹیاں(تحسین، تنویر،نسرین) ہیں ، اسکے بعد ایک بیٹے (سیف )کاانتقال ہوجاتا ہے اسکی ایک بیوی (نسرین)اور ایک بیٹی (عنبرین)ہے۔ پھر بیوی (نسرین )کا انتقال ہوا ورثاء میں صرف ایک بیٹی (عنبرین)اور 3 بھائی(ظفر، طارق،اور محفوظ) حیات ہیں ۔ جبکہ انکے علاوہ ایک بھائی حامد کا پہلے انتقال ہوچکا ہے۔
سائل:معیز احمد:کراچی
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
اگر معاملہ ایسا ہی ہے جیسا کہ سوال میں ذکر کیا گیا تو امور متقدمہ علی الارث(یعنی میت کے کفن دفن کے اخراجات،اگر اس پر قرضہ ہو تو اسکی ادائیگی ،اگر اس نے کسی غیر وارث کے لئے کوئی وصیت کی تو ایک ثلث سے اس وصیت کے نفاذ)کے بعد مال وراثت کوتمام ورثاء میں انکے شرعی حصص کے مطابق تقسیم کیا جائے گا جس کی تفصیل یہ ہے کہ کل مالِ وراثت کے 1512 حصے کئے جائیں گے ۔وراثت کے مستحق قرار پائے جانے ورثاء کے حصص درج ذیل ہیں ۔
نجم:372 عین:372 تحسین:186 تنویر:186 نسرین:186 عنبرین:189 ظفر:7 طارق:7 محمود:7
مذکورہ تقسیم اللہ کے مقرر کردہ حصوں کے مطابق ہے،بیویوں کے بارے میں ارشاد ہے :قال اللہ تعالیٰ :وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ إِنْ لَمْ يَكُنْ لَكُمْ وَلَدٌ فَإِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ۔ترجمہ کنز الایمان : تمہارے ترکہ میں عورتوں کا چوتھائی ہے اگر تمہارے اولاد نہ ہو پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں ۔(النساء : آیت نمبر 11)
لڑکیوں کے بارے میں ارشاد ہے قال اللہ تعالٰی:فَإِنْ كُنَّ نِسَاءً فَوْقَ اثْنَتَيْنِ فَلَهُنَّ ثُلُثَا مَا تَرَكَ، وَإِنْ كَانَتْ وَاحِدَةً فَلَهَا النِّصْفُ۔ترجمہ: پھر اگر نری لڑکیاں ہوں اگردو سے اوپر تو ان کو ترکہ کی دو تہائی، اور اگر ایک لڑکی تو اس کا آدھا۔
لڑکے لڑکیوں کے بارے میں ارشاد فرمایا:یُوصِیکُمُ اللَّہُ فِی أَوْلَادِکُمْ لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَیَیْنِ۔ترجمہ کنز الایمان : اللہ تعالی تمہیں حکم دیتا ہے تمھاری اولاد کے بارے کہ بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر ہے۔(النساء: 10)
فائدہ :رقم تقسیم کرنے کا حسابی طریقہ :جائیداد منقولہ وغیر منقولہ کی تمام رقم کو فتوی میں بیان کردہ کل حصو ں یعنی 1512 پر تقسیم کریں جو جواب آئےاس جواب کو محفوظ کرلیں اور پھراس محفو ظ جواب کو ہر وارث کے حصہ میں ضرب کریں جو جواب آ ئے گا وہ ہر وارث کی رقم ہو گی جو بطور وراثت اسے اپنے مورث سے مل رہی ہے ۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد زوہیب رضا قادری
الجواب الصحیح:ابوالحسنین مفتی وسیم اختر المدنی
تاریخ اجراء:21جمادی الاول 1442 ھ/07 جنوری 2021 ء