والدہ پانچ بیٹے اور تین بیٹیاں

    walida paanch betay aur teen betiyan

    تاریخ: 6 مئی، 2026
    مشاہدات: 5
    حوالہ: 1276

    سوال

    میرا نام ناصر علی خان ہے، نو سال پہلے میرے والد صاحب کا انتقال ہوگیا تھا،اب مسئلہ یہ ہے کہ میرے والد صاحب کی جو جائیداد ہے ہم اسے فروخت کرکے شریعت کے حساب سے تقسیم کرنا چاہتے ہیں ، والدہ حیات ہیں انکے علاوہ ہم پانچ بھائی اور تین بہنیں ہیں، شریعت کے حساب سے پانچ بھائیوں ،تین بہنوں اور ایک والدہ ، ہر ایک کا کیا حصہ بنے گا ہمیں بتادیں۔

    سائل : ناصر علی خان، کراچی


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    اگر معاملہ ایسا ہی ہے جیسا سوال میں ذکر کیا گیا تو آپکے والد کی وراثت کے کل کے 104 حصے کیے جائیں گے جس میں سے آپکی والدہ کو 13 حصے ہر بھائی کو 14 حصے اور ہر بہن کو 7 حصے دیئے جائیں گے۔

    مذکورہ تقسیم اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ حصوں کے مطابق ہے ،

    بیویوں کے بارے میں ارشاد ہے قال اللہ تعالیٰ وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ إِنْ لَمْ يَكُنْ لَكُمْ وَلَدٌ فَإِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ:ترجمہ کنز الایمان : تمہارے ترکہ میں عورتوں کا چوتھائی ہے اگر تمہارے اولاد نہ ہو پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں ۔

    لڑکے اور لڑکیوں کے حصے کے بارے میں فرمایا: قال اللہ تعالیٰ یُوصِیکُمُ اللَّہُ فِی أَوْلَادِکُمْ لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَیَیْنِ :ترجمہ کنز الایمان :۔ اللہ تعالی تمہیں حکم دیتا ہے تمھاری اولاد کے بارے کہ بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر ہے۔السراجی فی المیراث ص19میں ہےومع الابن للذکر مثل حظ الانثیین ترجمہ: اور للذکر مثل حظ الانثیین کے تحت بیٹی کو بیٹے کے حصے کا نصف ملے گا۔

    نوٹ : مال تقسیم کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ جتنا مال وراثت ہے اس سب کی قیمت لگالی جائے،اور کل رقم کو اوپر ذکر کردہ کل حصوں یعنی 104 پر تقسیم کردیا جائے جو جواب آئے اسکو 104 میں سے ہر ایک کا جو حصہ ہے اس میں ضرب دے دیں اس طرح کل وراثت سے ہر ایک کا حصہ رقم کی صورت میں معلوم ہوجائے گا ۔

    واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

    کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد زوہیب رضا قادری

    الجواب الصحیح:ابوالحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    تاریخ اجراء:14 ربیع الاول 1440 ھ/22 نومبر2018 ء