walid ki hayat mein milkiyat ka taqaza karna
سوال
میرا نام حبیب اللہ ہے ،ہمارے چار بچے ہیں ،تین بیٹے ایک بیٹی ہے ہمارا گھر جس کی مالیت ڈھائی کروڑ ہے اور ایک دوکان تھی جو بیچ دی جس کے 30 لاکھ ملتے تھے جو ہم نے کسی جگہ انویسٹ کردیئے ہیں ،جس کا ماہانہ پیسے آتے ہیں جو میرے خرچ میں کام آتے ہیں برائے مہربانی ان دونوں چیزوں کا حصہ بتا دیں،(گھر اور دوکان اپنے ذاتی پیسوں سے بنایا) ہم دو نوں میاں و بیوی حیات ہیں بیٹے کہہ رہے ہیں گھر بیچ کر ہمیں ہمارا حصہ دے دیں اور و کہتے ہیں کہ اس میں ان کا کوئی حصہ نہیں بنتاہے ،اور گھر میرے نام پر ہے جب بھی کوئی گھر یا دکان خریدنہ ہوتی میں نے اپنا زیور بیچ کر رقم ادا کی اب آپ ان بس چیزوں کا شرعی حل عنایت فرمائیں ۔
نوٹ:سائل سے تفصیلات حاصل کرنے سے معلوم ہوا کہ اس کی اجازت سے اس کے تینوں بیٹوں نے اپنے لئے سیکنڈ فلور کو مل کر اپنی اپنی رقم سے بنایا تھا۔
سائل: حبیب اللہ
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
یاد رکہیں !وراثت کا تعلق کسی شخص کی وفات کے بعد اس کے ترکہ کی تقسیم سے ہوتا ہے۔ شریعت میں وراثت سے مراد وہ مال و حقوق ہیں جو میت اپنے پیچھے چھوڑ جائے اور جن کے شرعی مستحقین اس کی وفات کے بعد اس کے وارث قرار پائیں۔لہٰذا جب تک والد حیات ہیں، ان کی جائیداد بدستور ان کی ذاتی ملکیت ہے۔ ہر شخص اپنی زندگی میں اپنی جائیداد کا خود مالک ہوتا ہے اور اسے اپنی جائیداد میں بیع، ہبہ اور دیگر جائز تصرفات کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہوتا ہے۔ اس کی زندگی میں نہ تو اولاد کا اور نہ ہی کسی دوسرے شخص کا اس کی جائیداد میں بطورِ وراثت کوئی حصہ ہوتا ہے؛ کیونکہ وراثت کا حق مورث کی وفات کے وقت پیدا ہوتا ہے، نہ کہ اس کی زندگی میں۔
آپ کے سوال کے مطابق جہاں تک انویسٹ کی گئی رقم کا حکم ہے، تو چونکہ مذکورہ رقم اس دکان سے حاصل ہوئی تھی جو آپ (سائل) اور آپ کی زوجہ نے اپنے ذاتی مال سے خریدا تھا، اس لیے اس دکان سے حاصل ہونے والی آمدنی کے مالک بھی آپ اور آپ کی زوجہ ہی ہیں، آپ کے بیٹوں کا کوئی حق یا حصہ نہیں ہے۔ البتہ اس سے آپ کے اور آپ کی زوجہ کے انتقال کے بعد دونوں کے ترکہ میں سے شرعی اصول و قواعد کے مطابق آپ کے بیٹے بطورِ وراثت حصہ پائیں گے۔
جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ بیٹوں نے والدین کی اجازت سے گھر کی موجودہ منزل کے اوپر دوسری منزل تعمیر کروائی، تو اس صورت میں اگر وہ گھر فروخت کرنا چاہیں یا اسے چھوڑنا چاہیں، تو تعمیر کردہ دوسری منزل کے مالک وہی بیٹے ہوں گے جنہوں نے اس کی تعمیر میں رقم لگائی تھی۔ چنانچہ فروخت کی صورت میں دوسری منزل کی قیمت میں سے ہر بیٹے کو اس کی لگائی گئی رقم کے تناسب سے حصہ ملے گا۔
کیونکہ کہ متقدمین فقہاء کرام کے نزدیک جب کوئی شخص ملکِ غیر میں کچھ تعمیرات کرتا تھا جیسا کہ درخت اُگا نایا مکان بنا نا تو اسے درخت و مکان کو اکھاڑنے کا حکم دیا جاتا تھا کہ یہ زمین مالک کی ہے اور تعمیرات کرنے والے کو اس اکھڑے ہوئےدرخت یا مکان کے ملبہ وغیرہا کی قیمت دے دی جاتی تھی۔جبکہ دور حاضر میں اس قول پر فتوی نہیں کہ عرف بدل چکا ہے۔پچھلے زمانے میں تعمیرات کی اتنی قیمت نہیں ہوتی تھی جتنی آج ہے۔
دلائل وجزئیات:
وراثت کے متعلق الفقہ الاسلامی وادلتہ میں ہے:الإرث لغة: بقاء شخص بعد موت آخر بحيث يأخذ الباقي ما يخلفه الميت. وفقهاً: ما خلفه الميت من الأموال والحقوق التي يستحقها بموته الوارث الشرعي".ترجمہ:وراثت لغت میں ایک شخص کا دوسرے شخص کی موت کے بعد اس طور پر زندہ باقی رہنا کہ میت جو مال چھوڑ گیا ہے زندہ شخص اسے لے لے اور ازروئے فقہ وراثت وہ مال و حقوق ہیں جو میت چھوڑ گیا ،جن کے حقدار اسکی موت کے بعد شرعی وارث ہونگے۔ (الفقہ الاسلامی وادلتہ، الباب السادس المیراث،10/7697،دار الفکر)
اسی طرح رد المحتار میں ہے: "لِأَنَّ تَرَكَهُ الْمَيِّتُ مِنْ الْأَمْوَالِ صَافِيًا عَنْ تَعَلُّقِ حَقِّ الْغَيْرِ بِعَيْنٍ مِنْ الْأَمْوَالِ۔ترجمہ:(اس مال کو میت کا ترکہ کہنے کی وجہ) کیونکہ اسے میت چھوڑتا ہے اس طور پر کہ وہ ترکہ اموال میں کسی عین کے ساتھ غیر کے حق کے تعلق سے خالی ہوتا ہے۔(رد المحتار،کتاب ا لفرائض،6/759،دار الفکر)
جد الممتار میں امام اہلسنت امام احمد رضا خان فرماتے ہیں: "فإنه لا حق للورثة في صحة المورث" مورث یعنی والد کی حالتِ صحت اور زندگی میں ورثہ کا اس کے مال میں کوئی شرعی حق نہیں ہوتا۔ (جد الممتار، كتاب الهبة، باب الرجوع في الهبة، ج8 ص232)
علامہ ابن عابدین الشامی رحمہ اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ زمانے کے بدلنے سے بعض شرعی احکام بھی بدل جاتے ہیں، لیکن اس سے مراد وہ احکام ہیں جو عرف، عادت، ضرورت اور حالات کے ساتھ وابستہ ہوں؛ قطعی اور منصوص احکام نہیں جیساکہ فتاوی شامی میں ہے: لا بد من معرفۃ عادات الناس فکثیر من الاحکام تختلف باختلاف الزمان لتغیر عرف اھلہ او لحدوث ضرورۃ او فساد اھل الزمان بحیث لو بقی الحکم علی ما کان علیہ او لا للزم منہ المشقۃ و الضرر بالناس و لخالف قواعد الشریعۃ المبنیۃ علی التخفیف و التیسیر و دفع الضرر و الفساد لبقاء العالم علی اثم نظام و احسن احکام و لھذا تری مشائخ المذھب خالفوا ما نص علیہ المجتھد فی مواضع کثیرۃ بناھا علی ما کان فی زمنہ لعلمھم بانہ لو کان فی زمنھم لقال بما قالوا بہ اخذاً من قواعد مذھبہ".ترجمہ:لوگوں کی عادتوں کی پہچان ضروری ہے کہ بہت سے احکام ،زمانہ بدلنے سے بدل جاتے ہیں کہ اہل زمانہ کا عرف تبدیل ہونے یا کسی ضرورت کے پیدا ہونے یا اہل زمانہ کے فساد کی وجہ سے ایسی صورت پیدا ہوجاتی ہے کہ اگر وہ پہلا حکم باقی رہے، تو اس سے لوگوں پر ضرر اور مشقت لازم ہوگااور یہ ان شرعی قوانین کے مخالف ہے کہ جن کی بنیاد تخفیف و تیسیر یعنی آسانی دینے اور ضرر و فساد،دور کرنے پر ہے تاکہ دنیا ، اتم نظام اور احسن احکام پر باقی رہے۔ اسی وجہ سے تم مذہب کے مشائخ کو دیکھو گے کہ وہ کثیر مقامات پر اپنے زمانے کے عرف کی بنا پر مجتہد سے منصوص مسئلہ کے خلاف کرتے ہیں ،کیونکہ مجتہد کے مذہب کے قوانین سے اخذ کرتے ہوئے یہ حضرات جانتے ہیں کہ اگر ان کے زمانے میں وہ مجتہد ہوتے تو یہی فرماتے جو انہوں نے فرمایا۔(رسائل ابن عابدین،جلد:2،صفحہ:125،مطبوعہ سھیل اکیڈمی)
واللہ اعلم بالصواب