اردو ناولز پڑھنے کا حکم

    urdu novels parhne ka hukm

    تاریخ: 12 نومبر، 2026
    مشاہدات: 40
    حوالہ: 1948

    سوال

    پاکستانی اردو اسلامک فکشن ناولز کے بارے میں ہے، جیسے نمل، مالا، بسمل، پیرِ کامل اور بخت۔ ان ناولز میں اسلامک ٹیچنگز اور اچھے مورل لیسنز کے ساتھ لو/رومانس بھی اسٹوری کا ایک پارٹ ہوتا ہے، لیکن ایکسپلیسٹ یا ان اپروپریئٹ سینز نہیں ہوتے اور رومانس بھی بہت زیادہ نہیں ہوتا۔ کیا ایسے ناولز پڑھنا اسلام میں جائز ہے؟ کیا صرف اس وجہ سے کہ اسٹوری میں میل اور فی میل کریکٹرز کے بیچ لو/رومانس ہے، ناول پڑھنا نا جائز ہو جائے گا؟ پلیز قرآن، اتھینٹک احادیث اور شریعہ کے پرنسپلز کی روشنی میں رہنمائی فرما دیں۔

    سائل :سمیہ :کراچی

    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    کسی بھی قسم کا ناول پڑھنا مطلقاً ممنوع ہے، خواہ اس کا موضوع کچھ بھی ہو۔ عشقیہ، فتنہ انگیز ناول اور افسانے پڑھنا وقت کے ضیاع کے ساتھ ساتھ انسان کے دل و دماغ پر منفی اثر بھی ڈالتے ہیں، کیونکہ انسان جو کچھ پڑھتا یا دیکھتا ہے اس کا براہِ راست اثر اس کے دل پر پڑتا ہے اورذہن میں بالکل ویسے ہی فاسد خیالات جنم لیتے ہیں۔

    موجودہ دور کے جوان مرد و زن میں روز بروز بڑھتی ہوئی بے راہ روی اور آراستہ و پیراستہ آزاد خیالی کا ایک نمایاں سبب یہی عشقیہ ناولز اور گمراہ کن میگزینز ہیں، جو معاشرتی اقدار کو دیمک کی طرح چاٹ کر بے حیائی اور گناہ کی راہ ہموار کر رہے ہیں،دیکھو ۔۔۔! جن خواتین کو مکرِ زناں کا ذکر ہونے کے سبب سورۂ یوسف کی تفسیر سے بھی احتیاط برتنے کا حکم دیا گیا تھا، وہی آج ان بے باک تحریروں کے اثرِ بد کے باعث بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہیں، لہٰذا ایسے فتنہ انگیز اور فسق و فجور پر مبنی ناولز پڑھنے کی ہرگز اجازت نہیں ہے۔انکے بجائے کوئی ایسا اسلامی ناول ہو جو عشق و محبت کے ابتذال سے پاک ہو کر مستند تاریخِ اسلام کے درخشندہ واقعات کو شرعی حدود کے اندر رہتے ہوئے کسی خوبصورت قالب میں پیش کرے تو اس کا مطالعہ شرعاً جائز ہے، جس کی بہترین مثال علامہ ارشد القادری رحمہ اللہ کی شہرہ آفاق تصنیف "زلف و زنجیر" ہے؛ بالکل اسی طرح اصلاح و موعظت اور نصیحت کے مقصد سے لکھے گئے فرضی حکایاتی اسلوب، جیسا کہ مولانا روم رحمہ اللہ کی مثنوی شریف، کو بھی پڑھنا اور ان سے خیر و حکمت کے موتی چننا مکمل طور پر جائز ہے۔ نیز علامہ غلام رسول سعیدی رحمہ اللہ کی شاہکار تصنیف "توضیح البیان" بھی اس کی ایک عمدہ مثال ہے جس میں اردو زبان کی چاشنی، شستہ انداز، اور مخالفین کو دلیل کے ساتھ ساتھ ادبی انداز میں چاروں شانے چت کرنے کا لاجواب طریقہ موجود ہے، جس کے مطالعے سے ادبی ذوق بھی پورا ہوتا ہے اور شرعی جواز بھی قائم رہتا ہے۔

    قرآنِ پاک میں اللہ رب العزت ارشاد فرماتا ہے: اِنَّ الَّذِیْنَ یُحِبُّوْنَ اَنْ تَشِیْعَ الْفَاحِشَةُ فِی الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ فِی الدُّنْیَا وَ الْاٰخِرَةِ وَ اللّٰهُ یَعْلَمُ وَ اَنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ۔ ترجمہ: وہ لوگ جو چاہتے ہیں کہ مسلمانوں میں بُرا چرچا پھیلے ان کے لیے دردناک عذاب ہے دنیا اور آخرت میں اور اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے (سورۃ النور، آیت 19)

    یونہی مسند ابی یعلی میں حدیث پاک منقول ہے:عن عائشة قالت:سئل رسول الله صلی اللہ علیہ و سلم عن الشعر. فقال: «هو كلام. فحسنه حسن و قبيحه قبيح۔ترجمہ: حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے شعر کے متعلق پوچھا گیا،تو آپ نے جوابا ارشاد فرمایا کہ شعر بھی ایک کلام ہے،ان میں سے اچھا، اچھا ہے اور برا، برا ہے۔(مسند ابو یعلی، جلد 08، صفحہ 200، حدیث: 4760، مطبوعہ: دار المأمون للتراث، دمشق)

    علامہ ارشد القادری زلف و زنجیر کتاب تحریر کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں: ان تاریخی کہانیوں کی ترتیب و اشاعت سے میرا مقصود صرف اتنا ہے کہ موجودہ دور کے مسلم نو جوانوں کا ذہن حیا سوز گندے اور شہوت انگیز افسانوں سے ہٹا کر اسے پاکیزہ خیالات اور صحت مند رحجانات کا مرکز بنایا جائے اور غیر شعوری طور پر ان کے دلوں کو ایمان کی ان لطیف لذتوں سے آشنا کیا جائے جن کی معنوی کشش کے بل پر آسانی کے ساتھ بہکی ہوئی زندگیوں کا رخ موڑا جا سکتا ہے۔ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ انسان فطری طور پر قصص و حکایات سے دلچسپی رکھتا ہے۔ میرے خیال میں اس فطری خواہش سے جنگ کرنے کی بجائے اُسے صحیح رخ پر لگا دینا وقت کا مفید ترین اقدام ہے۔ تجربہ شاہد ہے کہ ایک ہی بات جو براہ راست درس و پیغام کے انداز میں کہی گئی عام طبیعتیں اس سے مانوس نہیں ہو سکیں لیکن وہی بات جب کہانی کے سانچے میں ڈھل گئی تو حلق کے نیچے اترنے میں زیادہ دیر نہیں لگی۔(زلف و زنجیر مع لالہ زار، صفحہ 04، مطبوعہ: شبیر برادرز، لاھور)

    مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں: اور دوستو! تین چیزوں سے اپنی لڑکیوں اوربیویوں کو بہت بچاؤ، ایک ناول۔۔۔یہ لڑکیوں کے لیے زہر قاتل ہیں۔ (ملتقطا من اسلامی زندگی، صفحہ 112، مطبوعہ: المکتبۃ المدینہ، کراچی)

    فتاوی رضویہ میں اعلی حضرت علیہ الرحمۃ اولاد کے حقوق بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں: نہ ہرگز ہرگز بہار دانش، مینا بازار، مثنوی غنیمت وغیرہا کتب عشقیہ و غزلیات فسقیہ دیکھنے دے کہ نرم لکڑی جدھر جھکائے جھک جاتی ہے صحیح حدیث سے ثابت ہے کہ لڑکیوں کو سورہ یوسف شریف کا ترجمہ نہ پڑھایاجائے کہ اس میں مکر زنان کا ذکر فرمایا ہے، پھر بچوں کو خرافات شاعرانہ میں ڈالنا کب بجا ہوسکتا ہے۔ (فتاوی رضویہ، جلد 24 ، صفحہ 455، مطبوعہ: رضافاؤنڈیشن، لاہور)۔

    واللہ تعالٰی اعلم بالصواب


    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمد زوہیب رضا قادری

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    25 جمادی الاول 1448ھ/ 05 نومبر 2026 ء کو جاری کیا گیا