ٹرانسپورٹ بروکر کو رقم دے کر مقررہ نفع لینا

    transport broker ko raqam de kar muqarrara nafa lena

    تاریخ: 11 نومبر، 2026
    مشاہدات: 21
    حوالہ: 1943

    سوال

    ایک شخص گاڑیوں کی بروکری کا کام کرتا ہے، یعنی مختلف ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے مالکان سے رابطہ کر کے ان کی گاڑیاں کسی جگہ مال لے جانے وغیرہ کے لیے لگواتا ہے اور اس پر کمیشن حاصل کرتا ہے۔ اب ایک دوسرا شخص اس کے ساتھ یہ کام شروع کرنا چاہتا ہے، اس طرح کہ وہ خود نہ گاڑیوں کے مالکان سے رابطہ کرے گا نہ بروکری کے معاملات طے کرے گا، بلکہ صرف گاڑیوں کے لیے درکار ایڈوانس رقم بروکر کو فراہم کرے گا؛ مثلاً بروکر کہتا ہے کہ فلاں گاڑی کو کام پر لگانے کے لیے اتنی رقم ایڈوانس دینی ہوگی تو دوسرا شخص وہ رقم اپنی طرف سے دے دے گا، جبکہ گاڑی والے سے معاملہ طے کرنا، گاڑی کا انتظام کرنا، کام کروانا اور بروکری کے دیگر تمام معاملات بروکر خود انجام دے گا۔

    بروکر اس شخص سے کہتا ہے کہ آپ جتنی گاڑیوں کے لیے ایڈوانس رقم فراہم کریں گے، ان معاملات سے حاصل ہونے والی کمیشن میں سے آپ کو بھی ایک مقررہ رقم یا طے شدہ حصہ دیا جائے گا، جو روزانہ، پندرہ دن بعد یا ماہانہ حساب کر کے دیا جا سکتا ہے؛ مثلاً اگر کوئی شخص ایک لاکھ روپے ایڈوانس کے طور پر فراہم کرے تو بروکر اسے پہلے سے طے شدہ مثلاً 2500 روپے یا کوئی اور مقررہ رقم بطور منافع/کمیشن دے گا۔ رقم فراہم کرنے والا کاروبار کے عملی معاملات میں شریک نہیں ہوگا، بلکہ صرف رقم فراہم کرے گا۔

    سوال یہ ہے کہ: (۱) کیا مذکورہ طریقے سے رقم فراہم کر کے اس کے بدلے پہلے سے طے شدہ رقم یا منافع/کمیشن لینا شرعاً جائز ہے؟ (۲) کیا یہ معاملہ قرض شمار ہوگا، اور اگر قرض ہے تو قرض دینے والے کے لیے اس پر مشروط نفع لینا سود کے حکم میں ہوگا؟ (۳) اگر یہ قرض کے بجائے شرکت، مضاربت یا کسی اور شرعی عقد کی صورت میں جائز ہو سکتا ہے تو اس کی درست شرعی صورت کیا ہوگی؟ (۴) اگر مذکورہ معاملہ ناجائز ہے تو اس کاروبار کو شرعی طور پر جائز طریقے سے کرنے کی کیا صورت بن سکتی ہے؟

    سائل: سعید الرحمن مدنی


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    ایڈوانس کے لیے رقم فراہم کر کے اس کے بدلے پہلے سے طے شدہ رقم، یا بروکری میں سے کوئی حصہ لینا شرعاً ناجائز و حرام ہے۔

    کیونکہ یہاں رقم فراہم کرنے والا نہ کوئی چیز خریدتا ہے نہ بیچتا ہے، بلکہ صرف گاڑیوں کے ایڈوانس کے لیے رقم بروکر کو دیتا ہے، اور یہ رقم بعد میں بعینہ اسے واپس ملتی ہے، اس لیے اس کا حکم قرض کا ہے۔ اور قرض دینے والے کے لیے قرض کی بنیاد پر کوئی بھی زائد رقم یا سہولت لینا سود ہے، جو قطعی حرام ہے؛ چاہے وہ ایک لاکھ پر 2500 روپے کی صورت میں مقرر ہو یا بروکری کے کسی حصے کے نام سے ہو، اور چاہے روزانہ دی جائے یا ماہانہ۔ نام بدل کر اسے منافع یا کمیشن کہہ دینے سے اس کی حقیقت نہیں بدلتی۔

    اور اس معاملے کو مضاربت بھی قرار نہیں دیا جا سکتا، کیونکہ مضاربت میں ایک طرف سے مال اور دوسری طرف سے کام ہوتا ہے، اور نفع اسی مال کو تجارت میں لگانے سے حاصل ہوتا ہے۔ جبکہ یہاں بروکر اس رقم سے کوئی تجارت نہیں کرتا بلکہ اسے ایڈوانس کے طور پر آگے دے دیتا ہے، اور اس کی آمدنی اس کے اپنے کام یعنی بروکری کا کمیشن ہے، رقم کا نفع نہیں۔ نیز مضاربت اور شرکت دونوں میں شرط ہے کہ نفع فیصد کے اعتبار سے مشترک ہو اور کسی کے لیے مقررہ رقم طے نہ کی جائے، جبکہ یہاں پہلے سے طے شدہ رقم مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح دونوں کا بروکری کے کام میں شریک ہو کر اجرت تقسیم کرنا بھی درست نہیں، کیونکہ بروکروں کی شرکت ان کے کام میں جائز نہیں۔

    لہذا اگر رقم دینے والا بروکر کی مدد کرنا چاہے تو بغیر کسی نفع کی شرط کے قرضِ حسنہ دے، جس پر اسے ثواب ملے گا۔ اور اگر وہ اسی کام سے حلال نفع کمانا چاہے تو اس کی صورت یہ ہے کہ وہ محض رقم دینے والا نہ رہے، بلکہ مال والوں سے اپنے نام پر (یا بروکر کے ساتھ شریک ہو کر دونوں کے نام پر) ان کا مال ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کا ٹھیکہ ایک طے شدہ کرایے پر لے، اور مال کو منزل تک پہنچانے کی ذمہ داری قبول کرے۔ پھر گاڑی والوں سے اپنی طرف سے گاڑیاں کرایے پر لے کر یہ کام کروائے اور ایڈوانس اپنے سرمائے سے ادا کرے؛ کیونکہ جب کسی سے خود کام کرنے کی شرط نہ کی گئی ہو تو وہ دوسرے کو اجرت پر رکھ کر کام کروا سکتا ہے۔ مثلاً ایک تاجر کو اپنا مال کراچی سے لاہور بھیجنا ہے، رقم دینے والا خود اس تاجر سے 1لاکھ روپے کرایے پر یہ مال لاہور پہنچانے کا معاملہ طے کرے، پھر ایک ٹرک والے سے 90ہزار روپے میں یہ مال لاہور لے جانے کا معاملہ کرے اور ایڈوانس اپنی رقم سے ادا کرے؛ تو تاجر سے ملنے والے 1لاکھ اور ٹرک والے کو دیے گئے 90ہزار کا فرق، یعنی 10ہزار روپے، اس کا جائز نفع ہوگا، کیونکہ یہ نفع قرض کا نہیں بلکہ کام کی ذمہ داری اٹھانے کا ہے؛ اور اگر کام بگڑ جائے، مثلاً گاڑی خراب ہو جائے یا مال تاخیر سے پہنچے، تو تاجر کے سامنے اس کی ذمہ داری بھی اسی پر ہوگی۔ اس میں بروکر کو یا تو بطور ملازم یا وکیل مقررہ اجرت یا فی گاڑی طے شدہ کمیشن پر رکھا جائے، یا دونوں اس ٹھیکے میں شریک ہوں اور نفع فیصد کے اعتبار سے تقسیم کریں، مثلاً 60 اور 40فیصد، کوئی مقررہ رقم طے نہ ہو۔

    دلائل و جزئیات

    سود کی حرمت کے بارے میں اللہ تبارک وتعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: وَاَحَلَّ اللہُ الْبَیۡعَ وَحَرَّمَ الرِّبٰوا.ترجمہ: اور اللہ نے حلال کیا بیع کو اور حرام کیاسود۔(البقرۃ:275)

    سود لینے اور دینے والوں پر لعنت کے متعلق حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں: "لعن رسول الله ﷺ آكل الربا، وموكله، وكاتبه، وشاهديه، وقال: هم سواء". ترجمہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سود کھانے والے، کھلانے والے، اسے لکھنے والے اور اس کے دونوں گواہوں پر لعنت فرمائی، اور فرمایا: یہ سب (گناہ میں) برابر ہیں۔ (صحیح مسلم، کتاب المساقاۃ، باب لعن آکل الربا ومؤکلہ، 3/1219، الرقم: 1598، دار احیاء التراث العربی بیروت)

    قرض پر نفع کے سود ہونے کے متعلق علامہ ابن عابدین شامی رحمۃ اللہ علیہ (المتوفی: 1252ھ) فرماتے ہیں: "وفي الأشباه كل قرض جر نفعا حرام". ترجمہ: اور الاشباہ میں ہے کہ ہر وہ قرض جو نفع کھینچ کر لائے، حرام ہے۔ (رد المحتار، کتاب البیوع، فصل فی القرض، 5/166، دار الفکر بیروت)

    مضاربت کی حقیقت اور اس میں مقررہ رقم کی شرط کے ناجائز ہونے کے متعلق امام برہان الدین مرغینانی رحمۃ اللہ علیہ (المتوفی: 593ھ) فرماتے ہیں: "المضاربة عقد على الشركة بمال من أحد الجانبين ومراده الشركة في الربح وهو يستحق بالمال من أحد الجانبين والعمل من الجانب الآخر ولا مضاربة بدونها ... ومن شرطها أن يكون الربح بينهما مشاعا لا يستحق أحدهما دراهم مسماة من الربح لأن شرط ذلك يقطع الشركة بينهما ولا بد منها كما في عقد الشركة". ترجمہ: مضاربت ایسا عقد ہے جس میں ایک جانب کے مال کے ساتھ شرکت ہو، اور اس سے مراد نفع میں شرکت ہے، جس کا استحقاق ایک جانب سے مال اور دوسری جانب سے عمل کی بنیاد پر ہوتا ہے، اور اس عمل کے بغیر مضاربت نہیں ہوتی اور اس کی شرط یہ ہے کہ نفع دونوں کے درمیان مشترک (فیصد کے اعتبار سے) ہو، کوئی ایک نفع میں سے مقررہ دراہم کا مستحق نہ ہو، کیونکہ ایسی شرط دونوں کے درمیان شرکت کو ختم کر دیتی ہے، جبکہ شرکت ضروری ہے، جیسا کہ عقدِ شرکت میں ہے۔ (الهداية في شرح بداية المبتدي، كتاب المضاربة، 3/200، دار إحياء التراث العربي بيروت)

    بروکروں کی ان کے کام میں شرکت کے ناجائز ہونے کے متعلق فتاوی ہندیہ میں ہے: "ولا تجوز شركة الدلالين في عملهم". ترجمہ: اور دلالوں کی ان کے کام میں شرکت جائز نہیں۔ (الفتاوى الهندية، كتاب الشركة، الباب الرابع، شركة الأعمال، 2/331، دار الفكر بيروت)

    جس کام میں خود کرنے کی شرط نہ ہو اس میں دوسرے کو اجرت پر رکھ کر کام کروانے کے جواز کے متعلق امام مرغینانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "وإذا شرط على الصانع أن يعمل بنفسه ليس له أن يستعمل غيره؛ لأن المعقود عليه العمل في محل بعينه فيستحق عينه كالمنفعة في محل بعينه، وإن أطلق له العمل فله أن يستأجر من يعمله؛ لأن المستحق عمل في ذمته، ويمكن إيفاؤه بنفسه وبالاستعانة بغيره بمنزلة إيفاء الدين". ترجمہ: اور جب کاریگر پر یہ شرط لگائی جائے کہ وہ خود کام کرے گا تو اسے دوسرے سے کام کروانے کا حق نہیں، کیونکہ عقد ایک متعین ذات کے عمل پر ہوا ہے، لہذا وہی عمل مستحق ہوگا، جیسے کسی متعین چیز کی منفعت؛ اور اگر اس سے مطلق کام طے ہوا ہو تو وہ کسی اور کو اجرت پر رکھ کر کام کروا سکتا ہے، کیونکہ اس کے ذمے کام لازم ہے، جسے وہ خود بھی ادا کر سکتا ہے اور دوسرے کی مدد سے بھی، جیسے قرض کی ادائیگی۔

    (الهداية في شرح بداية المبتدي، كتاب الإجارات، باب الأجر متى يستحق، 3/233، دار إحياء التراث العربي بيروت)۔

    واللہ تعالی اعلم بالصواب


    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابو امیر خسروسید باسق رضا

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    10 جمادی الاولی 1448ھ/22 اکتوبر 2026ء کو جاری کیا گیا