tiktok account aur youtube channel bechne ka hukm
سوال
ہم ٹک ٹاک اکاؤنٹ بناتے ہیں اس کو اسلامک پوائنٹ پر گرو (grow) کرتے ہیں۔ گرو کرنے کے بعد اس کی ارننگ تو جائز نہیں ہوتی کیونکہ اسلامک بھی ایڈ کی بنیاد پر ارننگ کی جاتی ہے وہ جائز نہیں ہوتی۔ تو ہم اس کو گرو کرنے کے بعد سیل کر دیتے ہیں کسی اور کو جی میل تبدیل کر کے۔ اسی طرح یوٹیوب میں کرتے ہیں۔ یوٹیوب کو گرو کرتے ہیں، گرو کرنے کے بعد اس کو سیل کر دیتے ہیں۔ اب یہ سیل کرنا جائز ہوگا یا ناجائز ہوگا؟ کیونکہ آگے جو بندہ لے گا وہ چاہے تو اس کو مونیٹائز کر سکتا ہے۔ مونیٹائز کرنے کے بعد اس سے ارننگ لے سکتا ہے۔
سائل: مدثر عطاری
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
ٹک ٹاک اکاؤنٹ بیچنا ناجائز ہے۔ اور یوٹیوب چینل اگر یوٹیوب کے دیے ہوئے طریقے یعنی "برانڈ اکاؤنٹ" کے ذریعے خریدار کو ملکیت منتقل کر کے بیچا جائے تو جائز ہے، اور اپنا جی میل اکاؤنٹ ہی خریدار کے حوالے کر کے بیچا جائے تو ناجائز ہے۔ اور خریدار کے آگے مونیٹائز کرنے کی وجہ سے بیچنا ناجائز نہیں ہوتا۔
تفصیل مسئلہ:
ٹک ٹاک کی شرائطِ استعمال (Terms of Service) میں ہے:
"Do not give others access to your account, or transfer your account to anyone else, without our permission."
https://www.tiktok.com/legal/page/us/terms-of-service/en
یعنی: ہماری اجازت کے بغیر نہ کسی کو اپنے اکاؤنٹ تک رسائی دو اور نہ اپنا اکاؤنٹ کسی اور کو منتقل کرو۔
اور یوٹیوب کی شرائطِ استعمال میں ہے:
"You are not allowed to: access, reproduce, download, distribute, transmit, broadcast, display, sell, license, alter, modify or otherwise use any part of the Service or any Content except: (a) as expressly authorized by the Service; or (b) with prior written permission from YouTube and, if applicable, the respective rights holders."
https://www.youtube.com/static?template=terms
یعنی: سروس کے کسی حصے کو بیچنا یا کسی اور طرح استعمال کرنا ممنوع ہے، مگر یہ کہ سروس نے خود صراحتاً اس کی اجازت دی ہو یا یوٹیوب کی پیشگی تحریری اجازت ہو۔
اکاؤنٹ بناتے وقت یہ شرائط قبول کی جاتی ہیں، اور جو شرط شرعاً جائز ہو اس کی پابندی لازم ہے؛ اس لیے ٹک ٹاک اکاؤنٹ بیچنا اور اپنا جی میل حوالے کر کے یوٹیوب چینل بیچنا اس عہد کی خلاف ورزی ہے۔ جبکہ برانڈ اکاؤنٹ کے ذریعے ملکیت کی منتقلی خود یوٹیوب کی دی ہوئی سہولت ہے، اور چینل کا حق اس کے بنانے والے کو اصالۃً حاصل ہے، کسی ضرر کو دور کرنے کے لیے نہیں، تو دوسرے کے حق میں اس سے دست بردار ہو کر عوض لینا جائز ہے۔ رہا خریدار کا مونیٹائز کرنا تو وہ اس کا اپنا فعل ہے، چینل کی خرید و فروخت سے کوئی گناہ بعینہ قائم نہیں ہوتا۔
دلائل و جزئیات:
عہد پورا کرنے پر اللہ تعالی فرماتا ہے: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَوْفُوا بِالْعُقُودِ. ترجمہ: اے ایمان والو! اپنے قول پورے کرو۔ (المائدۃ: 1)
قبول کی ہوئی شرائط کی پابندی کے متعلق حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "المسلمون على شروطهم". ترجمہ: مسلمان اپنی شرطوں پر (قائم رہتے) ہیں۔
(سنن ابی داود، کتاب الاقضیۃ، باب فی الصلح، 3/304، رقم الحدیث: 3594، المکتبۃ العصریۃ بیروت)
اصالۃً ثابت حق سے دست بردار ہو کر عوض لینے کے متعلق علامہ ابن عابدین شامی (المتوفی: 1252ھ) فرماتے ہیں: "إنما هو لدفع الضرر عن الشفيع والمرأة، وما ثبت لذلك لا يصح الصلح عنه ... أما حق الموصى له بالخدمة، فليس كذلك بل ثبت له على وجه البر والصلة فيكون ثابتا له أصالة فيصح الصلح عنه إذا نزل عنه لغيره". ترجمہ: (حقِ شفعہ اور باری کا حق) شفیع اور عورت سے ضرر دور کرنے کے لیے ہے، اور جو حق اس غرض سے ثابت ہو اس پر صلح (کر کے عوض لینا) صحیح نہیں ... رہا وہ شخص جس کے لیے غلام کی خدمت کی وصیت کی گئی تو اس کا حق ایسا نہیں، بلکہ وہ اسے احسان اور صلہ کے طور پر ملا ہے، تو وہ اس کے لیے اصالۃً ثابت ہے، لہذا جب وہ دوسرے کے حق میں اس سے دست بردار ہو تو اس پر صلح (کر کے عوض لینا) صحیح ہے۔ (رد المحتار علی الدر المختار، کتاب البیوع، مطلب فی بیع الجامکیۃ، 4/520، دار الفکر بیروت)
کسی چیز سے معصیت بعینہ قائم ہونے اور نہ ہونے کے ضابطے کے متعلق امام اہلسنت امام احمد رضا خان (المتوفی: 1340ھ) فرماتے ہیں: "الذي يظهر لي أنّ الشيء إذا صلح في حدّ ذاته لأن يستعمل في معصية وفي غيرها ولم يتعيّن للمعصية فلم يكن بيعه إعانةً عليها؛ لاحتمال أن يستعمل في غير المعصية، وإنما يتعين ذلك بقصد القاصدين والشك لا يؤثر، وغلبة الظن في أمثال المقام ملتحق باليقين، والتغيير لكونه فعل فاعل مختار يقطع النسبة. إذا تمهد هذا، فاعلم أن معنى ما تقوم المعصية بعينه أن يكون في أصل وضعه موضوعة للمعصية أو تكون هي المقصودة العظمى منه". ترجمہ: میرے لیے جو ظاہر ہوا وہ یہ کہ جب کوئی چیز اپنی ذات کے اعتبار سے معصیت اور غیر معصیت دونوں میں استعمال ہو سکے اور معصیت کے لیے متعین نہ ہو تو اس کی خرید و فروخت گناہ پر اعانت نہیں، کیونکہ احتمال موجود ہے کہ وہ غیر معصیت میں استعمال ہو، اور اس کا معصیت کے لیے متعین ہونا قصد کرنے والے کے قصد سے ہوگا، اور شک مؤثر نہیں، اور ایسے مسائل میں غلبۂ ظن یقین سے ملحق ہوتا ہے، اور تبدیلی چونکہ فاعل مختار کا فعل ہے اس لیے وہ (بیچنے والے سے معصیت کی) نسبت کو ختم کر دیتی ہے۔ جب یہ تمہید سمجھ آ گئی تو جان لو کہ جس چیز کے ساتھ معصیت بعینہ قائم ہو اس کا معنی یہ ہے کہ وہ چیز اصل وضع میں ہی معصیت کے لیے موضوع ہو یا اس سے بڑا مقصد ہی معصیت ہو۔ (جد الممتار علی رد المحتار، کتاب الحظر والاباحۃ، 7/75-77، دار الکتب العلمیۃ)۔
واللہ تعالی اعلم بالصواب