nawasa nawasi ka nana ki wirasat mein hissa aur ailai qawaneen ordinance 1961 ka sharai hukm
سوال
میرے دادا محمد حسین ولد علی محمد کا مورخہ 23.1.2008 کو انتقال ہو گیا ہے میرے دادا محمد حسین کے والد اور والدہ کا ان سے پہلے انتقال ہو چکا ہے میرے دادا کی ایک بیٹی ثمینہ جو شادی شدہ تھیں اس کے دو بچے عبداللہ اور صبیحہ بھی ہیں جو اب شادی شدہ ہو چکے ہیں۔ میرے دادا کی بیٹی ثمینہ کا میرے دادا کے انتقال سے سات سال پہلے انتقال ہو چکا تھا یعنی 31.8.2001 کو اور میرے دادا کی زوجہ سلمہ کا میرے دادا کی وفات کے بعد انتقال ہوا ہے یعنی تاریخ 22.5.2015 کو میرے دادا محمد حسین کے وفات کے وقت ان کے یہ وارث موجود تھے 1- سلمہ زوجہ محمد حسین مرحوم (تاریخ وفات 22.5.2015) 2- اقبال حسین ولد محمد حسین (حیات ہے) 3- امجد حسین ولد محمد حسین مرحوم (حیات ہے) 4- ایاز حسین ولد محمد حسین مرحوم (تاریخ وفات 30.3.2013) 5- حسینہ دختر محمد حسین زوجہ محمد رفیق (حیات ہے) 6- شبانہ دختر محمد حسین زوجہ عبدالغنی (حیات ہے) 7- فرزانہ دختر محمد حسین زوجہ نصر اللہ (حیات ہے) چونکہ میرے دادا کی شادی شدہ بیٹی ثمینہ کا میرے دادا کے انتقال سے سات سال پہلے انتقال ہو چکا ہے کیا مرحوم محمد حسین کی زمین سے پہلے فوت شدہ اس کی بیٹی ثمینہ کو کوئی حصہ ملے گا یا نہیں اس سلسلے میں مسلم لا 1961 کی روشنی میں مجھے فتوی جاری کی جائے کہ اگر بیٹی کا والد سے پہلے انتقال ہو گیا ہے تو اس کے 2 بچوں کو نانا کی زمین سے کوئی حصہ ملے گا یا نہیں ملے گا اور فقہ حنفیہ کی روشنی میں مجھے فتوی جاری کی جائے میں آپ کا شکر گزار رہوں گا۔
سائل: منظر علی ولد مرحوم ایاز حسین
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
مرحومہ ثمینہ کا انتقال اپنے والد محمد حسین سے پہلے ہو چکا تھا، اس لیے والد کے ترکے میں نہ ان کا کوئی حصہ ہے اور نہ ان کے بچوں عبد اللہ اور صبیحہ کا؛ کیونکہ محمد حسین مرحوم کے بیٹے موجود ہیں، اور بیٹوں کی موجودگی میں نواسا اور نواسی شرعاً وارث نہیں ہوتے۔ البتہ ورثاء اگر اپنی خوشی سے اپنے حصے میں سے ان بچوں کو کچھ دے دیں تو یہ صلہ رحمی اور باعثِ ثواب ہے کہ اس کا استحبابی حکم قرآن میں آیا۔
تفصیل یہ ہے کہ وراثت کا حق مورث کی وفات کے وقت ثابت ہوتا ہے، اور وارث بننے کے لیے ضروری ہے کہ وارث مورث کی وفات کے وقت زندہ ہو؛ لہذا جو اولاد والد سے پہلے فوت ہو جائے، وہ والد کی وارث نہیں بنتی، اور جب وہ خود وارث نہ بنی تو اس کے واسطے سے اس کی اولاد کو بھی کوئی حصہ منتقل نہیں ہوتا۔ نیز بیٹی کی اولاد یعنی نواسا اور نواسی شرعاً "ذوی الارحام" میں سے ہیں، جو اسی وقت وارث بنتے ہیں جب میت کے ذوی الفروض (میاں بیوی کے علاوہ) اور عصبات میں سے کوئی موجود نہ ہو؛ جبکہ یہاں محمد حسین مرحوم کے بیٹے موجود ہیں جو عصبہ ہیں، لہذا ان کی موجودگی میں عبد اللہ اور صبیحہ وراثت کے حقدار نہیں۔
رہا مسلم عائلی قوانین آرڈیننس 1961ء کی دفعہ 4، جس میں یہ ہے کہ مورث کی وفات سے پہلے اگر اس کا کوئی بیٹا یا بیٹی فوت ہو جائے تو اس کی وہ اولاد جو مورث کی وفات کے وقت زندہ ہو، اپنے مرحوم والد یا والدہ کے حصے کے برابر حصہ پائے گی، تو یہ دفعہ قرآن و سنت کے مقرر کردہ نظامِ وراثت کے خلاف ہے، اس لیے شرعاً اس کا اعتبار نہیں؛ اور یہ دستورِ پاکستان کے اس بنیادی اصول کے بھی خلاف ہے کہ تمام قوانین کو قرآن و سنت کے مطابق بنایا جائے گا اور کوئی قانون ان کے منافی نہیں بنایا جائے گا (دستورِ پاکستان، آرٹیکل 227)؛ چنانچہ اسی دستوری اختیار کے تحت وفاقی شرعی عدالت نے "اللہ رکھا بنام وفاقِ پاکستان" کے مقدمے میں اس دفعہ کو احکامِ اسلام کے منافی قرار دیا، اگرچہ اس فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ کے شریعت اپیلیٹ بینچ میں زیرِ سماعت ہونے کی وجہ سے اس پر عمل درآمد تاحال موقوف ہے۔
اور بیٹوں کی موجودگی میں نواسے اور نواسی کا وارث نہ ہونا صرف فقہ حنفی کا حکم نہیں، بلکہ اس پر چاروں ائمہ کا اتفاق ہے؛ چنانچہ فقہ حنبلی میں بھی ذوی الارحام کو عصبہ یا صاحبِ فرض کی موجودگی میں وراثت نہیں ملتی، اور فقہ شافعی و مالکی کا اصل مذہب تو یہ ہے کہ ذوی الارحام کسی حال میں وارث ہی نہیں ہوتے، بلکہ اصحابِ فرض اور عصبات نہ ہونے کی صورت میں بھی مال بیت المال کو جاتا ہے، اور ان کے جن متاخرین نے انہیں حصہ دیا ہے، وہ بھی اسی صورت میں دیا ہے جب نہ کوئی عصبہ ہو اور نہ کوئی صاحبِ فرض۔ لہذا یہ عذر قبول نہیں کہ یہ قانون فقہ حنفی کے خلاف سہی، کسی دوسرے فقہی مذہب کے مطابق ہے؛ بلکہ یہ قانون چاروں فقہی مذاہب کے متفقہ موقف کے خلاف ہے۔
لہذا عدالت سے اس قانون کی بنیاد پر حصہ مل بھی جائے، تب بھی نواسے اور نواسی کا نانا کے ترکے سے حصہ لینا شرعاً جائز نہیں، اور دیگر ورثاء کی رضامندی کے بغیر لیا جائے تو یہ دوسروں کا حق لینا ہے۔ البتہ یتیم نواسا نواسی ہونے کی وجہ سے ان کے ساتھ حسنِ سلوک کیا جائے، اور ورثاء میں سے عاقل بالغ افراد اپنی رضامندی سے اپنے حصے میں سے انہیں کچھ دے دیں تو یہ بہت اچھا عمل ہے، کہ قرآن کریم میں تقسیمِ ترکہ کے وقت ایسے رشتہ داروں اور یتیموں کو کچھ دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔
دلائل و جزئیات
وارث کے لیے مورث کی وفات کے وقت زندہ ہونے کی شرط کے متعلق علامہ علاء الدین حصکفی (المتوفی: 1088ھ) فرماتے ہیں: "وشروطه: ثلاثة: موت مورث حقيقة، أو حكما كمفقود، أو تقديرا كجنين فيه غرة ووجود وارثه عند موته حيا حقيقة أو تقديرا كالحمل والعلم بجهة إرثه". ترجمہ: اور وراثت کی تین شرطیں ہیں: مورث کا حقیقتاً فوت ہونا، یا حکماً جیسے مفقود، یا تقدیراً جیسے وہ جنین جس میں غرہ لازم ہو؛ اور مورث کی موت کے وقت اس کے وارث کا حقیقتاً یا تقدیراً زندہ ہونا، جیسے حمل؛ اور وارث کی جہتِ وراثت کا معلوم ہونا۔ (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الفرائض، 6/758، دار الفکر بیروت)
بیٹی کی اولاد کے ذوی الارحام میں سے ہونے کے متعلق امام عبد اللہ بن محمود موصلی (المتوفی: 683ھ) فرماتے ہیں: "وذوو الأرحام: كل قريب ليس بذي سهم ولا عصبة ... وهم أولاد البنات، وأولاد بنات الابن". ترجمہ: اور ذوی الارحام ہر وہ قریبی رشتہ دار ہے جو نہ ذوی الفروض میں سے ہو اور نہ عصبہ، … اور وہ بیٹیوں کی اولاد اور پوتیوں کی اولاد ہیں۔ (الاختیار لتعلیل المختار، کتاب الفرائض، فصل فی ذوی الارحام، 5/105، دار الکتب العلمیۃ بیروت)
قوانین کے قرآن و سنت کے مطابق ہونے کے متعلق دستورِ پاکستان میں ہے:
“All existing laws shall be brought in conformity with the Injunctions of Islam as laid down in the Holy Quran and Sunnah, in this Part referred to as the Injunctions of Islam, and no law shall be enacted which is repugnant to such Injunctions.” (The Constitution of the Islamic Republic of Pakistan, 1973, Part IX: Islamic Provisions, Article 227(1))
یعنی:تمام موجودہ قوانین کو قرآن پاک اور سنت میں مذکور اسلامی احکام (جنہیں اس حصے میں احکامِ اسلام کہا گیا ہے) کے مطابق بنایا جائے گا، اور کوئی ایسا قانون نہیں بنایا جائے گا جو ان احکام کے منافی ہو۔
دفعہ 4 کے منافیِ اسلام قرار پانے اور فیصلے کے معطل ہونے کے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے حکم میں ہے:
“the judgment passed by the Federal Shariat Court in the case of Allah Rakha V. Federation of Pakistan (PLD 2000 FSC 1), declaring Section 4 of the Muslim Family Law Ordinance, 1961, being repugnant to the injunctions of Islam upon challenge automatically stands suspended till disposal of the appeal as provided under Article 203D of the Constitution.” (High Court of Sindh, Karachi, SMA No. 149 of 2017, Order dated 26.10.2017, citing Mst. Fazeelat Jan and others v. Sikandar through Legal Heirs and others, PLD 2003 SC 475)
یعنی: وفاقی شرعی عدالت کا اللہ رکھا بنام وفاقِ پاکستان (PLD 2000 FSC 1)کا فیصلہ، جس میں مسلم عائلی قوانین آرڈیننس 1961ء کی دفعہ 4 کو احکامِ اسلام کے منافی قرار دیا گیا، چیلنج ہونے پر آرٹیکل 203D کے مطابق اپیل کے فیصلے تک خود بخود معطل ہے۔
فقہ شافعی میں ذوی الارحام کے وارث نہ ہونے اور متاخرین کے نزدیک بھی ان کے مؤخر ہونے کے متعلق امام یحییٰ بن شرف نووی (المتوفی: 676ھ) فرماتے ہیں: "ولو فقدوا كلهم فأصل المذهب أنه لا يورث ذوو الأرحام ولا يرد على أهل الفرض بل المال لبيت المال وأفتى المتأخرون إذا لم ينتظم أمر بيت المال بالرد على أهل الفرض غير الزوجين ما فضل عن فروضهم بالنسبة فإن لم يكونوا صرف إلى ذوي الأرحام وهم من سوى المذكورين من الأقارب وهم عشرة أصناف أبو الأم وكل جد وجدة ساقطين وأولاد البنات". ترجمہ: اور اگر یہ سب (مذکورہ) ورثاء موجود نہ ہوں تو اصل مذہب یہ ہے کہ ذوی الارحام کو وارث نہیں بنایا جائے گا، اور نہ اصحابِ فرض پر رد کیا جائے گا، بلکہ مال بیت المال کا ہے؛ اور متاخرین نے فتویٰ دیا کہ جب بیت المال کا نظام درست نہ ہو تو میاں بیوی کے علاوہ اصحابِ فرض پر ان کے حصوں کی نسبت سے بچا ہوا مال لوٹایا جائے، اور اگر وہ بھی نہ ہوں تو ذوی الارحام کو دیا جائے، اور وہ مذکورہ ورثاء کے علاوہ رشتہ دار ہیں، جن کی دس قسمیں ہیں: نانا، ہر ساقط دادا اور دادی، اور بیٹیوں کی اولاد۔ (منہاج الطالبین، کتاب الفرائض، ص 180-181، دار الفكر)
فقہ مالکی میں ذوی الارحام کو مال نہ دینے کے متعلق علامہ خلیل بن اسحاق مالکی (المتوفی: 776ھ) فرماتے ہیں: "ثم بيت المال ولا يرد ولا يدفع لذوي الأرحام". ترجمہ: پھر (عصبات کے بعد) بیت المال ہے، اور نہ (اصحابِ فرض پر) رد کیا جائے گا اور نہ ذوی الارحام کو دیا جائے گا۔ (مختصر خلیل، باب الفرائض، ص 261، دار الحديث القاهرة)
فقہ حنبلی میں عصبہ اور صاحبِ فرض کی موجودگی میں ذوی الارحام کے وارث نہ ہونے کے متعلق علامہ موفق الدین ابن قدامہ مقدسی حنبلی (المتوفی: 620ھ) فرماتے ہیں: "باب ذوي الأرحام: وهم كل قرابة ليس بعصبة ولا ذي فرض ولا ميراث لهم مع عصبة ولا ذي فرض إلا مع أحد الزوجين ... فولد البنات وولد بنات الابن والأخوات بمنزلة أمهاتهم". ترجمہ: ذوی الارحام کا باب: اور وہ تمام رشتہ دار ہیں جو نہ عصبہ ہوں اور نہ صاحبِ فرض، اور عصبہ یا صاحبِ فرض کی موجودگی میں انہیں وراثت نہیں ملتی، سوائے میاں بیوی میں سے کسی ایک کے ساتھ اور بیٹیوں کی اولاد، پوتیوں کی اولاد اور بہنوں کی اولاد اپنی ماؤں کی جگہ پر ہیں۔
(عمدۃ الفقہ، کتاب الفرائض، باب ذوی الارحام، ص 80، المكتبة العصرية)
تقسیمِ ترکہ کے وقت غیر وارث رشتہ داروں اور یتیموں کو کچھ دینے کے استحبابی حکم پر ارشاد باری تعالی ہے: وَ اِذَا حَضَرَ الْقِسْمَةَ اُولُوا الْقُرْبٰى وَ الْیَتٰمٰى وَ الْمَسٰكِیْنُ فَارْزُقُوْهُمْ مِّنْهُ وَ قُوْلُوْا لَهُمْ قَوْلًا مَّعْرُوْفًا. ترجمہ: پھر بانٹتے وقت اگر رشتہ دار اور یتیم اور مسکین آجائیں تو اس میں سے انہیں بھی کچھ دو اور ان سے اچھی بات کہو۔ (النساء: 8)
اس آیت میں دیے گئے حکم کے استحبابی ہونے کے متعلق امام ابو البرکات عبد اللہ بن احمد نسفی رحمۃ اللہ علیہ (المتوفی: 710ھ) فرماتے ہیں: "﴿وإذا حضر القسمة﴾ أي قسمة التركة ﴿أولوا القربى﴾ ممن لا يرث ﴿واليتامى والمساكين﴾ من الأجانب ﴿فارزقوهم﴾ ... وهو أمر ندب وهو باقٍ لم ينسخ". ترجمہ: اور جب تقسیم کے وقت حاضر ہوں" یعنی ترکے کی تقسیم کے وقت، "رشتہ دار" یعنی وہ جو وارث نہ ہوں، "اور یتیم اور مسکین" یعنی غیر رشتہ داروں میں سے، "تو انہیں کچھ دو" اور یہ حکم استحباب کے لیے ہے، اور یہ باقی ہے، منسوخ نہیں ہوا۔ (تفسیر النسفی (مدارک التنزیل)، تحت سورۃ النساء: 8، 1/333، دار الکلم الطیب بیروت)
اور اس حکم کے صرف بالغ ورثاء کے لیے ہونے کے متعلق علامہ ابو السعود محمد بن محمد عمادی رحمۃ اللہ علیہ (المتوفی: 982ھ) فرماتے ہیں: "﴿فارزقوهم منه﴾ أي أعطوهم شيئا من المال المقسوم ... وهو أمر ندب كلف به البالغون من الورثة تطييبا لقلوب الطوائف المذكورة وتصدقا عليهم". ترجمہ: تو انہیں اس میں سے کچھ دو" یعنی تقسیم کیے جانے والے مال میں سے انہیں کچھ دو اور یہ استحبابی حکم ہے جس کے مخاطب ورثاء میں سے بالغ افراد ہیں، تاکہ مذکورہ لوگوں کا دل خوش ہو اور ان پر صدقہ ہو۔ (تفسیر ابی السعود (ارشاد العقل السلیم)، تحت سورۃ النساء: 8، 2/147، دار احیاء التراث العربی بیروت) ۔
واللہ تعالی اعلم بالصواب