na mehram se musafaha o guftagu
سوال
ایک مرد کی سگی خالہ کا بیٹا گھر میں آئے تو کیا اس کزن کا اس مرد کی بیوی کو دیکھنا جائز ہے؟ اور کیا اس عورت کا اس سے ہاتھ کے ساتھ مصافحہ کرنا جائز ہے؟ اور کیا اس عورت کا اس سے باتیں کرنا، ہنسی مذاق کرنا وغیرہ جائز ہے؟ اور اگر وہ عورت ایسا کرے تو اس عورت پر کیا حکم ہے؟ اور اگر شوہر اس پر راضی ہو تو شوہر پر کیا حکم ہے؟ اور اگر شوہر جانتے بوجھتے ہوئے بھی اس کو نہ روکے تو اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟ اور اس عورت کے بیٹے پر کیا حکم ہے؟ کیا اس پر لازم ہے کہ وہ اپنی والدہ کو سمجھائے اور منع کرے؟ اور اگر وہ عورت اس کی بات نہ مانے تو پھر بیٹے پر کیا ذمہ داری باقی رہتی ہے؟ نیز شوہر کام پر بھی جاتا ہے، تو اس کی غیر موجودگی میں اس آدمی کا گھر میں رہنا کیسا ہے، جبکہ گھر میں صرف وہ عورت ہی نہیں بلکہ اس کے بچے بھی موجود ہوں؟ اور اگر وہ شخص ایک دو گھنٹے نہیں بلکہ تین یا چار دن تک اسی گھر میں مقیم رہے یا رہے، تو اس صورت میں شرعی حکم کیا ہوگا؟ ان تمام صورتوں کے متعلق شریعتِ مطہرہ کا تفصیلی حکم مع دلائل بیان فرما دیں۔ جزاکم اللہ خیرا
سائل:عبد الرحمن
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
شوہر کی سگی خالہ کا بیٹا عورت کے لیے محض اجنبی اور غیر محرم ہے۔ اس کا عورت کے چہرے کو دیکھنا ہے اور عورت کا اس کے سامنے بے پردہ آنا بسبب اندیشہِ فتنہ ناجائز و ممنوع ہے۔ بلکہ ان غیر محرم رشتہ داروں کا ضرر محض اجنبی یا بیگانے شخص سے زیادہ ہے؛ کیونکہ بیگانہ شخص غیر کے گھر میں آتے ڈرتا ہے، لیکن ان کی زیادہ آمد و رفت کے باعث فتنے کا خدشہ نسبتاً اجنبی شخص سے زیادہ ہوتا ہے۔
عورت جب محض اجنبیہ ہے تو اس کا نامحرم سے مصافحہ کرنا، بے تکلفانہ گفتگو اور ہنسی مذاق کرنا قطعاً ناجائز اور سخت حرام ہے۔ سخت ضرورت و حاجت ہو تو بقدرِ ضرورت بات کرنے کی اجازت ہے، لیکن اس مقام پر بھی آواز میں نرمی نہ ہو، بلکہ سخت لہجے سے بات کرنے کا حکم ہے۔
عورت کا شوہر کے خالہ زاد بھائی سے ہاتھ ملانا اور ہنسی مذاق کرنا اسے فاسقہ اور سخت گناہ گار بنا دیتا ہے۔ اسے چاہیے کہ اللہ تعالیٰ سے توبہ و استغفار کرے اور آئندہ ایسی فسق و فجور والی حرکات نہ کرنے کا عزمِ مصمم کرے۔شوہر کا ان تمام معاملات پر راضی رہنا یا علم ہونے کے باوجود قدرت رکھتے ہوئے خاموش رہنا، اسے دیوث بناتا ہے، اور دیوث شخص کے لیے جنت حرام قرار دی گئی ہے۔ اس بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سخت وعیدیں موجود ہیں۔
بیٹے کو چاہیے کہ ادب و احترام اور تعظیم کے دائرے میں رہتے ہوئے نرمی سے اپنی والدہ کو ان گناہوں اور بے پردگی سے منع کرے۔ اگر بیٹے کے سمجھانے کے باوجود عورت باز نہ آئے تو بیٹے نے اپنی شرعی ذمہ داری پوری کر دی۔ اب بیٹا اپنے دل میں اس کو برا جانے اور والدہ کے لیے ہدایت کی دعا کرے۔ بیٹے کے لیے قطعاً جائز نہیں کہ وہ اس بارے میں والدہ سے بد اخلاقی، بدتمیزی اور ڈانٹ ڈپٹ سے کام لے؛ کیونکہ والدین کا ادب و احترام ہر حال میں لازم و ضروری ہے اور ان کا دل دکھانا کسی بھی اعتبار سے کبیرہ گناہ کا ارتکاب ہے۔شوہر کی غیر موجودگی میں اس خالہ زاد کا گھر میں آنا اور ٹھہرنا، خواہ گھر میں بچے بھی موجود ہوں، شدید فتنہ اور تہمت کا باعث ہونے کی بنا پر ممنوع ہے۔ خاص طور پر جب وہ ایک دو گھنٹے کے بجائے تین چار دن تک اس گھر میں مقیم رہے تو شوہر کی غیر موجودگی میں غیر محرم شخص کا یوں رہنا واضح طور پر ناجائز اور فتنہ انگیز ہے۔
اللہ تبارک و تعالٰی کا عورتوں کے پردہ کرنے ،غیر محرم کے سامنےسنگھار کرنے کےمتعلق فرمان عالی شان ہے :’’وَ قُلْ لِّلْمُؤْمِنٰتِ یَغْضُضْنَ مِنْ اَبْصَارِهِنَّ وَ یَحْفَظْنَ فُرُوْجَهُنَّ وَ لَا یُبْدِیْنَ زِیْنَتَهُنَّ اِلَّا مَا ظَهَرَ مِنْهَا وَ لْیَضْرِبْنَ بِخُمُرِهِنَّ عَلٰى جُیُوْبِهِنَّ۪-وَ لَا یُبْدِیْنَ زِیْنَتَهُنَّ اِلَّا لِبُعُوْلَتِهِنَّ اَوْ اٰبَآىٕهِنَّ اَوْ اٰبَآءِ بُعُوْلَتِهِنَّ اَوْ اَبْنَآىٕهِنَّ اَوْ اَبْنَآءِ بُعُوْلَتِهِنَّ اَوْ اِخْوَانِهِنَّ اَوْ بَنِیْۤ اِخْوَانِهِنَّ اَوْ بَنِیْۤ اَخَوٰتِهِنَّ اَوْ نِسَآىٕهِنَّ اَوْ مَا مَلَكَتْ اَیْمَانُهُنَّ اَوِ التّٰبِعِیْنَ غَیْرِ اُولِی الْاِرْبَةِ مِنَ الرِّجَالِ اَوِ الطِّفْلِ الَّذِیْنَ لَمْ یَظْهَرُوْا عَلٰى عَوْرٰتِ النِّسَآءِ۪-وَ لَا یَضْرِبْنَ بِاَرْجُلِهِنَّ لِیُعْلَمَ مَا یُخْفِیْنَ مِنْ زِیْنَتِهِنَّؕ-وَ تُوْبُوْۤا اِلَى اللّٰهِ جَمِیْعًا اَیُّهَ الْمُؤْمِنُوْنَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ‘‘. ترجمہ : اور مسلمان عورتوں کو حکم دو اپنی نگاہیں کچھ نیچی رکھیں اور اپنی پارسائی کی حفاظت کریں اور اپنا بناؤ نہ دکھائیں مگر جتنا خود ہی ظاہر ہے اور دوپٹے اپنے گریبانوں پر ڈالے رہیں اور اپنا سنگار ظاہر نہ کریں مگر اپنے شوہروں پر یا اپنے باپ یا شوہروں کے باپ یا اپنے بیٹے یا شوہروں کے بیٹے یا اپنے بھائی یا اپنے بھتیجے یا اپنے بھانجے یا اپنے دین کی عورتیں یا اپنی کنیزیں جو اپنے ہاتھ کی مِلک ہوں یا نوکر بشرطیکہ شہوت والے مرد نہ ہوں یا وہ بچے جنہیں عورتوں کی شرم کی چیزوں کی خبر نہیں اور زمین پر پاؤں زور سے نہ رکھیں کہ جانا جائے ان کا چھپا ہوا سنگار اور اللہ کی طرف توبہ کرو اے مسلمانو سب کے سب اس امید پر کہ تم فلاح پاؤ۔( النور:31)
اللہ تعالی کا فرمان مبارک:’’يَاأَيُّهَا النَّبِيُّ قُلْ لِأَزْوَاجِكَ وَبَنَاتِكَ وَنِسَاءِ الْمُؤْمِنِينَ يُدْنِينَ عَلَيْهِنَّ مِنْ جَلَابِيبِهِنَّ ذَلِكَ أَدْنَى أَنْ يُعْرَفْنَ فَلَا يُؤْذَيْنَ وَكَانَ اللَّهُ غَفُورًا رَحِيمًا ‘‘.ترجمہ : اے نبی اپنی بیبیوں اور صاحبزادیو ں اور مسلمانوں کی عورتوں سے فرمادو کہ اپنی چادروں کا ایک حصہ اپنے منہ پر ڈالے رہیں یہ اس سے نزدیک تر ہے کہ ان کی پہچان ہو تو ستائی نہ جائیں اور اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔(الاحزاب :59)
اس کے متعلق صحیح ابن خزیمہ میں روایت ہے :’’عنْ فَاطِمَةَ بِنْتِ الْمُنْذِرِ، عَنْ أَسْمَاءَ قَالَتُ: كُنَّا نُغَطِّي وُجُوهَنَا مِنَ الرِّجَالِ، وَكُنَّا نَمْتَشِطُ قَبْلَ ذَلِكَ۔ ترجمہ :( صحيح ابن خزيمة،كتاب المناسك،ج:4،ص:203، المكتب الإسلامي بيروت)
پردہ کِن سے کرنا ہے اور کِن سے نہیں اس کے متعلق اعلی حضرت عظیم البرکت الشاہ اماماحمد ضاخان علیہ رحمۃ الرّحمٰن لکھتے: ’’پردہ صرف اُن سے نادرست ہے جو بسبب نسب کے عورت پر ہمیشہ ہمیشہ کو حرام ہوں اور کبھی کسی حالت میں ان سے نکاح ناممکن ہو جیسے باپ، دادا،نانا، بھائی، بھتیجا، بھانجا، چچا، ماموں، بیٹا، پوتا، نواسا۔۔۔۔۔۔ ضابطہ کلیہ ہے کہ نامحرموں سے پردہ مطلقاً واجب اور مَحارم نسبی سے پردہ نہ کرنا واجب، اگر کرے گی گنہگار ہوگی اور محارم غیر نسبی مثل علاقہ مصاہرت ورضاعت ان سے پردہ کرنا اور نہ کرنا دونوں جائز، مَصلحت وحالت پرلحاظ ہوگا۔ (فتاویٰ رضویہ، ج:22، ص:235،240،رضا فاؤنڈیشن)
ایک اور مقام پہ لکھتے ہیں:’’جیٹھ، دیور، بہنوئی ، پھپا، خالو، چچازاد، ماموں زاد پھپی زاد ، خالہ زاد بھائی یہ سب لوگ عورت کے لئے محض اجنبی ہیں بلکہ ان کاضرر نرے بیگانے شخص کے ضرر سے زائد ہے کہ محض غیر آدمی گھر میں آتے ہوئے ڈرے گا اور یہ آپس کے میل جول کے باعث خوف نہیں رکھتے عورت نرے اجنبی شخص سے دفعۃً میل نہیں کھا سکتی اور ان سے لحاظ ٹوٹا ہوتا ہے۔ ولہذا جب رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے غیر عورتوں کے پاس جانے کو منع فرمایا ایک صحابی انصاری نے عرض کی، یا رسول اللہ ! جیٹھ دیور کے لئے کیا حکم ہے؟ فرمایا: الحمو الموت، والبخاری عن عقبۃ بن عامر رضی اﷲ تعالٰی عنہ۔ جیٹھ دیور تو موت ہیں۔ امام احمد اور بخاری نے اسے عقبہ بن عامر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کیا۔ (فتاوی رضویہ ،ج:22،ص:28،رضا فاؤنڈیشن)
چہرہ ستر میں نہیں لیکن فتنہ کی وجہ سے ظاہر کرنا منع ہے اس بارے 'اللباب' میں ہے :’’ ولا يجوز أن ينظر الرجل من الأجنبية إلا إلى وجهها وكفيها، وإن كان لا يأمن الشهوة لا ينظر إلى وجهها إلا لحاجةٍ.ترجمہ :اجنبیہ عورت کے چہرے اورہتھیلی کے علاوہ مرد کا عورت کے کسی حصہ کو دیکھنا جائز نہیں اور اگر شہوت کاخوف ہے تو عورت کے چہرے کی طرف بھی حاجت کے علاوہ نہ دیکھے ۔(اللباب في شرح الکتاب،ج:4،ص:162، المكتبة العلمية، بيروت – لبنان)
اس بارے بہار شریعت میں ہے :’’عورت کا چہرہ اگرچہ عورت نہیں، مگر بوجہ فتنہ غیر محرم کے سامنے مونھ کھولنا منع ہے یوہیں اس کی طرف نظر کرنا، غیر محرم کے ليے جائز نہیں اور چھونا تو اور زیادہ منع ہے۔ ‘‘(بہار شریعت ،ج01،حصہ 03،ص 484،مکتبۃ المدینہ ،کراچی)
نامحرم سے ہاتھ ملانے اور چھونے کے متعلق رسو ل اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایاجیساکہ :’’ لأن يطعن في رأس أحدكم بمخيط من حديد خير له من أن يمس امرأة لا تحل له‘‘ ترجمہ:تم میں سے کسی کے سر میں لوہے کا سُوا (بڑی سوئی) چُبھو دیا جائے، یہ اِس سے زیادہ بہتر ہے کہ وہ نا محرم خاتون کو چھوئے۔(المعجم الکبیر للطبرانی،باب المیم ،ج:20، ص: 211، مكتبة ابن تيمية ، القاهرة)
کنز العمال فی سنن الاقوال و الافعال میں ہے:’’ لأن يكون في رأس رجل مشط من حديد حتى يبلغ العظم خير من أن تمسه امرأة ليست له بمحرم‘‘. ترجمہ:کسی شخص کے سر میں لوہے کی کنگھی پھیری جائے، حتی کہ وہ اُس کا گوشت چیرتی ہوئی ہڈی تک پہنچ جائے، یہ اِس سے بہتر ہے کہ کوئی ایسی عورت اُس مرد کو چھوئے جو اُس کی محرم نہ ہو۔ (کنز العمال فی سنن الاقوال و الافعال،ج:5،ص:324،مؤسسة الرسالة)
جوان لڑکی سے مصافحہ کے متعلق علامہ زَیْلَعی حنفی رحمۃُاللہ تعَالی علیْہ لکھتےہیں:’’قال عليه الصلاة والسلام «من مس كف امرأة ليس منها بسبيل وضع على كفه جمر يوم القيامة» وهذا إذا كانت شابة تشتهى، وأما إذا كانت عجوزا لا تشتهى فلا بأس بمصافحتها، ومس يدها لانعدام خوف الفتنة‘‘ ترجمہ:سرکار علیہ الصلاة والسلام نے فرمایا:'جس نے کسی عورت کی ہتھیلی کو چھوا، حالانکہ اُس کے لیے اُس عورت کی ہتھیلی چھونے کا کوئی جواز نہ تھا، تو قیامت کے دن اُس کی ہتھیلی پر انگارہ رکھا جائے گا 'یہ وعید اُس صورت میں ہے کہ جب لڑکی قابل شہوت ہو،باقی رہا اگر بوڑھی ہو کہ جس سے شہوت کا اندیشہ نہ ہو ،تو اُس سے مصافحہ کرنے اور اُس کے ہاتھ کو چھونے میں کوئی حرج نہیں؛ کیونکہ بوڑھی عورت کی صورت میں فتنے کا خوف معدوم ہوتا ہے۔(تبیین الحقائق، جلد7،کتاب الكراهية، صفحہ 40،مطبوعہ دار الکتب العلمیۃ، بیروت)
مرد کے جوان عور ت سے مصافحہ کرنے کےمتعلق 'الموسوعة الفقهية الكويتية'میں ہے:’’مصافحة الرجل للمرأة الأجنبية الشابة فقد ذهب الحنفية والمالكية والشافعية والحنابلة في الرواية المختارة إلى تحريمها، وقيد الحنفية التحريم بأن تكون الشابة مشتهاة‘‘. ترجمہ:مرد كا جوان عورت سے مصافحہ کرنا ۔ اِس مسئلہ میں احناف، مالکیہ، شافعیہ اور حنابلہ کے مختار قول کے مطابق یہ حکم ہے کہ یہ حرام ہے۔ احناف اِس مسئلہ میں حرمت کا قول اُس وقت کرتے ہیں کہ جب لڑکی جوان ہو۔ (الموسوعۃ الفقھیۃ الکویتیہ، ج:37، ص:359، وزارة الأوقاف والشئون الإسلامية ، الكويت)
غیر محرم سے بات کرنے میں نرمی سے بات نہیں کرنی اس بارے اللہ عزو جل کا فرمان امہات المومنین کو تعلیمات دینے کے حوالے سے :یٰنِسَآءَ النَّبِیِّ لَسْتُنَّ كَاَحَدٍ مِّنَ النِّسَآءِ اِنِ اتَّقَیْتُنَّ فَلَا تَخْضَعْنَ بِالْقَوْلِ فَیَطْمَعَ الَّذِیْ فِیْ قَلْبِهٖ مَرَضٌ وَّ قُلْنَ قَوْلًا مَّعْرُوْفًاۚ ترجمہ :اے نبی کی بیبیو تم اَور عورتوں کی طرح نہیں ہو اگر اللہ سے ڈرو تو بات میں ایسی نرمی نہ کرو کہ دل کا روگی کچھ لالچ کرے ہاں اچھی بات کہو( الاحزاب :32)
عورت کی آواز کے متعلق علامہ ابن عابدین خاتم المحققین علامہ سید محمد بن عمر ابن عابدین الشامی (المتوفی: 1252ھ) فرماتے ہیں:(قوْلُهُ وَصَوْتِهَا) مَعْطُوفٌ عَلَى الْمُسْتَثْنَى يَعْنِي أَنَّهُ لَيْسَ بِعَوْرَةٍ ح (قَوْلُهُ عَلَى الرَّاجِحِ) عِبَارَةُ الْبَحْرِ عَنْ الْحِلْيَةِ أَنَّهُ الْأَشْبَهُ. وَفِي النَّهْرِ وَهُوَ الَّذِي يَنْبَغِي اعْتِمَادُهُ. وَمُقَابِلُهُ مَا فِي النَّوَازِلِ: نَغْمَةُ الْمَرْأَةِ عَوْرَةٌ، وَتَعَلُّمُهَا الْقُرْآنَ مِنْ الْمَرْأَةِ أَحَبُّ... وَلَا يَظُنُّ مَنْ لَا فِطْنَةَ عِنْدَهُ أَنَّا إذَا قُلْنَا صَوْتُ الْمَرْأَةِ عَوْرَةٌ أَنَّا نُرِيدُ بِذَلِكَ كَلَامَهَا، لِأَنَّ ذَلِكَ لَيْسَ بِصَحِيحٍ، فَإِذًا نُجِيزُ الْكَلَامَ مَعَ النِّسَاءِ لِلْأَجَانِبِ وَمُحَاوَرَتِهِنَّ عِنْدَ الْحَاجَةِ إلَى ذَلِكَ، وَلَا نُجِيزُ لَهُنَّ رَفْعَ أَصْوَاتِهِنَّ وَلَا تَمْطِيطَهَا وَلَا تَلْيِينَهَا وَتَقْطِيعَهَا لِمَا فِي ذَلِكَ مِنْ اسْتِمَالَةِ الرِّجَالِ إلَيْهِنَّ وَتَحْرِيكِ الشَّهَوَاتِ مِنْهُمْ، وَمِنْ هَذَا لَمْ يَجُزْ أَنْ تُؤَذِّنَ الْمَرْأَةُ. ترجمہ : مصنف کا قول:( وَصَوْتها یعنی عورت کی آواز) اسکا عطف ہے مستثنی پر، یعنی عورت کی آواز عورة (ستر)نہیں ۔(مصنف کا قول: عَلَى الرَّاجِحِ یعنی راجح قول کے مطابق) البحر میں الحلیہ کے حوالے سے ہے کہ یہی قول زیادہ مناسب ہے۔ اور النہر میں ہے کہ اسی قول پر اعتماد کرنا مناسب ہے ۔اس قول کے مقابل وہ قول ہے جو النوازل میں مذکور ہے کہ عورت کی سریلی آوازستر ہے، اور عورت کا کسی عورت سے قرآن سیکھنا زیادہ پسندیدہ ہے۔اور جس شخص میں سمجھ بوجھ کی کمی ہو، وہ یہ گمان نہ کرے کہ جب ہم کہتے ہیں کہ عورت کی آواز ستر ہے، تو اس سے ہم عورت کا کلام کرنا مراد لیتے ہیں؛ کیونکہ یہ بات درست نہیں۔ لہٰذا اجنبی مردوں کے لیے ضرورت کے وقت عورتوں سے کلام کرنا اور ان سے بات چیت کرنا جائز قرار دیتے ہیں، لیکن عورتوں کے لیے اپنی آواز بلند کرنا، آواز کو کھینچنا، نرم و ملائم بنانا اور لہجے میں ناز و ادا پیدا کرنا جائز قرار نہیں دیتے؛ کیونکہ اس میں مردوں کو اپنی طرف مائل کرنے اور ان کی شہوت کو ابھارنے کا اندیشہ ہے۔اوراسی وجہ سے عورت کے آذان دینے کو جائز نہیں کرتے ۔ (رد المحتار،كتاب الصلاة،باب شروط الصلاة،مطلب في ستر العورة،ج:1ص:406،دار الفکر بیرورت)
اجبیہ سے خلوت کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :’’ عَنْ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ لَا يَخْلُوَنَّ أَحَدُكُمْ بِامْرَأَةٍ فَإِنَّ الشَّيْطَانَ ثَالِثُهَا وَمَنْ سَرَّتْهُ حَسَنَتُهُ وَسَاءَتْهُ سَيِّئَتُهُ فَهُوَ مُؤْمِنٌ‘‘.ترجمہ: حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہےفرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم میں سے کوئی شخص کسی عورت کے ساتھ تنہائی اختیار نہ کرے، کیونکہ ان دونوں کے ساتھ تیسرا شیطان ہوتا ہے۔ اور جس شخص کو اپنی نیکی خوش کرے اور اپنی برائی بری معلوم ہو، تو وہ مؤمن ہے۔(مسند احمد،ج:1،ص:269،مؤسسة الرسالة)
اسی کے تحت اعلی حضرت اما احمد رضا خان لکھتے ہیں :’’خلوت اجنبیہ کے ساتھ حرام ہے۔ احادیث امیر المومنین عمر وعبداللہ بن عمر و جابر بن سمرہ وعامر بن ربیعہ رضی اللہ تعالٰی عنہم میں مرفوعا وراد : الالا یخلون رجل بامرأۃ الاکان ثالثھما الشیطان ۱؎ وفی الاشباہ وتحرم الخلوۃ بالاجنبیۃ ویکرہ الکلام معہا :سن لو یعنی آگاہ ہوجاؤ کہ کوئی مرد کسی غیر محرم عورت کے پاس اکیلا نہیں بیٹھتا مگر حال یہ ہوتا ہے کہ تیسرا ان کے ساتھ شیطان ہوتاہے۔ (لہذا وہ لعین انھیں برائی میں ڈالنے کی کوشش کرتاہے) اور الاشباہ والنظائر (کتب فقہ میں ہے) کہ غیر محرم عورت کے ساتھ تنہا بیٹھنا (اور خلوت اختیار کرنا ) شرعا حرام ہے اور اس سے باتیں کرنا مکروہ اور ناپسندیدہ کام ہے۔(فتاوی رضویہ )
دیوث کون ہے اس کے متعلق رد المحتار میں ہے :’’ قَالَ الزَّيْلَعِيُّ: هُوَ الَّذِي يَرَى مَعَ امْرَأَتِهِ أَوْ مَحْرَمِهِ رَجُلًا فَيَدَعُهُ خَالِيًا بِهَا. وَقِيلَ هُوَ الْمُتَسَبِّبُ لِلْجَمْعِ بَيْنَ اثْنَيْنِ لِمَعْنًى غَيْرِ مَمْدُوحٍ، وَقِيلَ هُوَ الَّذِي يَبْعَثُ امْرَأَتَهُ مَعَ غُلَامٍ بَالِغٍ، أَوْ مَعَ مُزَارِعِهِ إلَى الضَّيْعَةِ، أَوْ يَأْذَنُ لَهُمَا بِالدُّخُولِ عَلَيْهَا فِي غَيْبَتِهِ‘‘. ترجمہ : امام زیلعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: دیوث وہ شخص ہے جو اپنی بیوی یا محرم عورت کے ساتھ کسی مرد کو دیکھے، پھر اس مرد کو اس عورت کے ساتھ تنہائی میں چھوڑ دے۔اور ایک قول یہ ہے کہ دیوث وہ شخص ہے جو کسی غیر پسندیدہ مقصد کے لیے دو افراد کو آپس میں ملانے کا سبب بنے۔اور ایک قول یہ ہے کہ دیوث وہ شخص ہے جو اپنی بیوی کو کسی بالغ لڑکے یا اپنے مزارع کے ساتھ اپنی جاگیر پر بھیج دے، یا اپنی غیر موجودگی میں ان دونوں کو اپنی بیوی کے پاس آنے کی اجازت دے دے۔(رد المحتار ، [كتاب الحدود،باب التعزير،ج:4،ص:70،دار الفکر بیروت)
دیوث سے بروز محشر اللہ تعالی کلام نہیں کرے گا چنانچہ سنن نسائی میں ہے :’’ عَنِ ابْنِ عَجْلَانَ قَالَ: سَمِعْتُ أَبِي يُحَدِّثُ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ ﷺ: «ثَلَاثَةٌ لَا يُكَلِّمُهُمُ اللهُ عز وجل يَوْمَ الْقِيَامَةِ: الشَّيْخُ الزَّانِي، وَالْعَائِلُ الْمَزْهُوُّ، وَالْإِمَامُ الْكَذَّابُ».ترجمہ : حضرت ابن عجلان رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے اپنے والد کو حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تین آدمی ایسے ہیں جن سے اللہ عزوجل قیامت کے دن کلام نہیں فرمائے گا: بوڑھا زانی، تکبر کرنے والا محتاج، اور جھوٹ بولنے والا حاکم۔‘ (سنن النسائی، كتاب الزكاة، الفقير المختال،ج:5،ص:86،حدیث:2575، المكتبة التجارية الكبرى بالقاهرة)
دیوث جنت میں داخل نہیں ہوگا چنانچہ الترغیب و الترهیب میں ہے :’’وَعَن ابْن عمر رضي الله عنهما عَن رَسُول الله ﷺ قَالَ ثَلَاثَة لَا ينظر الله إِلَيْهِم يَوْم الْقِيَامَة الْعَاق لوَالِديهِ ومدمن الْخمر والمنان عطاءه وَثَلَاثَة لَا يدْخلُونَ الْجنَّة الْعَاق لوَالِديهِ والديوث والرجلة‘‘.ترجمہ : ترجمہ: حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:’’تین آدمی ایسے ہیں جن کی طرف اللہ تعالیٰ قیامت کے دن نظرِ رحمت نہیں فرمائے گا: والدین کا نافرمان، شراب کا عادی، اور احسان جتانے والا۔ اور تین آدمی جنت میں داخل نہیں ہوں گے: والدین کا نافرمان، دیوث، اور مردوں سے مشابہت اختیار کرنے والی عورت۔(الترغیب و الترهيب،ج:3،ص:223، دار الكتب العلمية ، بيروت)
والدین کے ساتھ حسن سلوک کیا جائے اس بارے اللہ عز وجل کا فرمان عالی شان ہے :’’ وَقَضَىٰ رَبُّكَ أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا إِيَّاهُ وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا ۚ إِمَّا يَبْلُغَنَّ عِندَكَ الْكِبَرَ أَحَدُهُمَا أَوْ كِلَاهُمَا فَلَا تَقُل لَّهُمَا أُفٍّ وَلَا تَنْهَرْهُمَا وَقُل لَّهُمَا قَوْلًا كَرِيمًا‘‘.ترجمہ: اور تمہارے رب نے حکم فرمایا کہ اس کے سوا کسی کو نہ پوجو اور ماں باپ کے ساتھ اچھا سلوک کرو اگر تیرے سامنے ان میں ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان سے ہُوں نہ کہنا اور انہیں نہ جھڑکنا اور ان سے تعظیم کی بات کہنا ۔(بنی اسرائیل:23)
امام اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں: "اطاعتِ والدین جائزباتوں میں فرض ہے اگرچہ وہ خودمرتکب کبیرہ ہوں ۔۔۔۔ ہاں اگروہ کسی ناجائزبات کاحکم کریں تواس میں ان کی اطاعت جائز نہیں، لاطاعۃ لاحدفی معصیۃ اللہ تعالی، ماں باپ اگر گناہ کرتے ہوں ان سے بہ نرمی وادب گزارش کرے اگر مان لیں بہتر ورنہ سختی نہیں کر سکتا بلکہ ان کے لئے دعا کرے۔"(فتاوی رضویہ، ج 25، ص 204، 205، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
والله تعالى اعلم بالصواب