فجر کی دو سنتیں افضل ہیں
    تاریخ: 8 جنوری، 2026
    مشاہدات: 1
    حوالہ: 549

    سوال

    السلام علیکم : میرا سوال یہ ہے کہ فجر کی سنتیں دوسری سنتوں سے افضل کیوں ہیں؟ برائے مہربانی اس سوال کا جواب دیں۔

    سائل: محمد فدا حسین : گلشن حدید کراچی

    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    فجر کی دو سنتیں دیگر تمام سنتوں سے افضل ہیں کیونکہ کثیر احادیث میں انکی فضیلت وارد ہوئی ہے:چناچہ ابو داؤد شریف میں ہے :

    عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا، قَالَتْ: «إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَمْ يَكُنْ عَلَى شَيْءٍ مِنَ النَّوَافِلِ أَشَدَّ مُعَاهَدَةً مِنْهُ عَلَى الرَّكْعَتَيْنِ قَبْلَ الصُّبْحِ»ترجمہ: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ فجر کی دو سنتوں سے زیادہ کسی سنت کی حفاظت نہیں کی فرماتے تھے۔(ابو داؤد، کتاب الصلوۃ باب رکعتی الفجر ،حدیث نمبر 1254)

    اسی میں ہے :عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «لَا تَدَعُوهُمَا، وَإِنْ طَرَدَتْكُمُ الْخَيْلُ»ترجمہ:حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تم فجر کی دو سنتوں کو مت چھوڑو اگر چہ تم پر گھوڑے دوڑا دیے جائیں۔(ایضا حدیث نمبر 1258)

    اور مصنف عبدالرزاق میں ہے:

    عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ: قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «رَكْعَتَا الْفَجْرِ أَحَبُّ إِلَيَّ مِنَ الدُّنْيَا وَمَا فِيهَا»ترجمہ: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا کہ فجر کی دو رکعت سنتیں مجھے دنیا ومافیھا سے زیادہ محبوب ہیں ۔(مصنف عبد الرزاق ،جلد 3 ص 57،حدیث نمبر 4778،الشاملہ)

    مراقی الفلاح شرح نور الایضاح میں ہے:

    ركعتان قبل" صلاة "الفجر" وهو أقوى السنن حتى روى الحسن عن أبي حنيفة رحمه الله تعالى لو صلى قاعدا من غير عذر لا يجوز وروى المرغيناني عن أبي حنيفة رحمه الله أنها واجبة:ترجمہ: فجر کے فرضوں سے پہلے دو رکعت سنت تمام سنتوں میں سب سے افضل ہے ، حتیٰ کہ امام حسن بن زیاد نے امام ابو حنیفہ سے روایت کیا کہ یہ بغیر عذر کے جائز نہ ہونگی، اور علامہ مرغینانی نے امام ابوحنیفہ سے روایت کیا کہ یہ واجب ہیں ۔

    بدائع الصنائع میں ہے: وأقوى السنن ركعتا الفجر لورود الشرع بالترغيب فيهما ما لم يرد في غيرهما:ترجمہ:سب سے افضل سنتیں فجر کی دو سنتیں ہیں ، کیونکہ شریعت نے انکے بارے میں جتنی ترغیب دی ہے کسی اور کے بارے میں اتنی ترغیب نہیں دی۔(بدائع الصنائع،کتاب الصلوۃ ،فضل الصلوۃ المسنونۃ،جلد1ص284)

    واللہ تعالٰی اعلم بالصواب

    کتبــــــــــــــــــہ:محمد زوہیب رضا قادری

    الجواب الصحیح:ابوالحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    تاریخ اجراء:23 ربیع الثانی 1440 ھ/31 دسمبر 2018 ء