ek welfare idare ko zakat ki raqam dena
سوال
ہمارا ادارہ ' انڈیپنٹ لیونگ سینٹر گلگت برائے معذور افراد'ایک رجسٹر ادارہ ہے جس میں متعدد افراد ، یتیم . بیواؤں کو فنی تربیت دی جاتی ہے اور ان کے دیگر مسائل جس میں فنی تربیت کے علاوہ بحالی ، پنک اینڈ ڈراپ ، راشن ، کپڑے ، مالی معاونت کی جاتی ہے اور تمام افرادانتہائی ضرورت مند ہوتے ہیں۔ اور سارے مسلمان ہیں ۔زکوة کے سلسلے میں فتویٰ درکار تھا۔
سائل:محمد زاہد : گلگت بلتستان
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
ادارے میں موجود افراد، یتیموں اور بیواؤں میں سے جو شرعی فقیر ہوں، اگر ادارہ انہیں مالی معاونت، کپڑے اور راشن کا مالک بنا کر دے، تو اس سے زکوٰۃ ادا ہو جائے گی۔باقی ادارہ جو خدمات فراہم کرتا ہے، مثلاً پک اینڈ ڈراپ اور دیگر فنی تربیت، ان معاملات پر اگر براہِ راست زکوٰۃ کی رقم خرچ کی جائے تو اس سے زکوٰۃ ادا نہیں ہوگی، اگرچہ ان خدمات سے مستفید ہونے والے افراد مستحقِ زکوٰۃ اور شرعی فقیر ہوں؛ کیونکہ یہاں تملیک نہیں پائی جاتی، جبکہ زکوٰۃ کی ادائیگی کے لیے شرعی فقیر کو مالک بنانا لازم و ضروری ہے۔ اگر مالک بنانا نہ پایا جائے تو زکوٰۃ ادا نہیں ہوتی۔
البتہ اگر ادارہ فنی تربیت کے اخراجات، پک اینڈ ڈراپ اور دیگر انتظامی و بحالی کے کاموں میں زکوٰۃ کی رقم استعمال کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے شرعی حیلہ اختیار کرنا ہوگا۔ شرعی حیلے کا طریقہ یہ ہے کہ زکوٰۃ دینے والا یا ادارے کا کوئی نمائندہ کسی قابلِ اعتماد، عاقل و بالغ شرعی فقیر کو زکوٰۃ کی نیت سے زکوٰۃ کی رقم کا مالک بنا دے۔ اس کے قبضے میں رقم آنے کے بعد وہ شرعی فقیر اپنی خوشی اور رضامندی سے وہ رقم ادارے کو بطورِ ہبہ دے دے۔ اس طرح ہبہ مکمل ہونے کے بعد ادارہ اس رقم کو مذکورہ معاملات میں خرچ کر سکتا ہے۔
زکوۃ کسی فقیر شرعی کو دی جائے اس بارے تنویر ابصار مع الدر المختارمیں ہے :تملیک جزء مال عینه الشارع من مسلم فقیر غیر هاشمی و لا مولاه ۔ترجمہ:مال کے ایک حصے کا مسلم فقیر جو ہاشمی اور ہاشمی کا غلام نہ ہوکو مالک بنا دینا جس کو شارع نے متعین کیا ہو ا ۔(رد المحتار،کتاب الزکاة،ج:3،ص:172،مکتبہ امدادیہ)
حیلہ کے متعلق فتاوی رضویہ میں ہے: یتیم خانے کی خریداری میں روپیہ لگا دینے سے زکوۃ ہرگز ادا نہ ہوگی لانہ ان کان وقفا والزکاۃ تملیک فلایجتمعان (کیونکہ یتیم خانہ اگر وقف ہے اور زکوۃ میں تملیک ہوتی ہے لہذا ان دونوں کا اجتماع نہیں ہو سکتا) نہ کسی غنی کو صرف مقدمہ کے لیے دینے سے ادا ہو سکے اگرچہ وہ مقدمہ مذہبی دینی ہو فان الغنی لیس بمصرف( کیونکہ غنی زکوۃ کا مصرف نہیں )نہ کسی فقیر نہ مسکین کے دینی خواہ دنیاوی مقدمہ میں وکیلوں مختاروں کو دینے اور خرچوں میں اٹھانے سے ادا ممکن جب تک فقیر کو دے کر اس کے قبضے کے بعد اس سے لے کر صرف نہ کیا جائے فان الصدقۃ لا تحصل الا بتملیک مصرفھا ولاتتم الا بقبضۃ (کیونکہ صدقہ تب ادا ہوگا جب کسی مصرف کو مالک بنایا جائے گا اور تملیک کا اہتمام قبضے کے بغیر نہیں ہو سکتا )پس اگر اس قسم کے معاملات میں اٹھانا چاہیں تو اس کا طریقہ یہ ہے کہ جو شخص شرعا مصرف زکوۃ ہے اسے بنیت زکوۃ دے کر اس کا قبضہ کرا دیں پھر وہ اپنی طرف سے اپنے آپ خواہ اسے دیکھ کر خریداری یتیم خانہ خوا کسی دین مقدمہ وغیرہ نور خیر میں لگا دے(فتاوی رضویہ :جلد 10 مطبوعہ رضا فاونڈیشن )
والله تعالى اعلم بالصواب