awaraha billiyon ko khana dena band karna aur mangal ko nakhun katne ka hukm
سوال
(۱) میرے گھر میں چھ سات بلیاں (پالتو نہیں) ہیں جن کو میں روز کھانا ڈالتا ہوں، اگر وہ باہر جائیں تو کتے مار دیتے ہیں، تو اسی وجہ سے میں نے انہیں کھانا ڈالنا شروع کیا۔ اب اگر میں کھانا ڈالنا بند کر دوں یا انہیں کہیں دور چھوڑ آؤں تو گنہگار ہوں گا؟ کیونکہ ان کو اب عادت لگ گئی ہے، یہ باہر نہیں جاتیں۔ (۲) کیا منگل کو گوشت والے کھانے بنانا یا بال ناخن کاٹنا منع ہے؟
سائل: محمد سعود شہزاد۔
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
(۱) ان بلیوں کو کھانا ڈالنا آپ پر لازم نہیں، لہذا کھانا بند کرنے یا انہیں کہیں اور چھوڑ آنے سے آپ گنہگار نہیں ہوں گے، بشرطیکہ انہیں ایسی جگہ نہ چھوڑیں جہاں ان کے ہلاک ہونے کا غالب گمان ہو؛ البتہ کھانا ڈالتے رہیں تو ثواب ہے۔ کیونکہ یہ بلیاں آپ کی ملکیت نہیں کہ ان کا خرچ آپ پر واجب ہو، اور گناہ جانور کو باندھ کر کھانے سے روکنے میں ہے، جبکہ یہ آزاد ہیں اور خود غذا تلاش کر سکتی ہیں؛ اور ہلاکت کی جگہ چھوڑنا انہیں اذیت دینا ہے، جبکہ ہر جاندار کے ساتھ بھلائی میں ثواب ہے۔
(۲) منگل کے دن گوشت والے کھانے پکانا اور بال یا ناخن کاٹنا منع نہیں۔ کیونکہ شریعت میں اس کی کوئی ممانعت نہیں، اور کسی دن کو منحوس سمجھنا بدشگونی ہے جس کی حدیث میں نفی فرمائی گئی ہے۔ البتہ بدھ کے دن ناخن نہیں کاٹنے چاہئیں، کیونکہ حدیث میں اس سے ممانعت آئی ہے کہ اس سے برص کا اندیشہ ہے؛ مگر جس کے ناخن کاٹے انتالیس دن ہو چکے ہوں اور چالیسواں دن بدھ ہو، اس پر اسی دن کاٹنا واجب ہے، کیونکہ چالیس دن سے زیادہ ناخن رکھنا مکروہ تحریمی ہے۔
دلائل و جزئیات:
جانوروں کے ساتھ بھلائی کے ثواب پر حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پیاسے کتے کو پانی پلانے والے شخص کی مغفرت کا واقعہ بیان فرمایا، تو صحابہ نے عرض کی: کیا جانوروں میں بھی ہمارے لیے اجر ہے؟ فرمایا: "في كل كبد رطبة أجر". ترجمہ: ہر تر جگر والے (جاندار) میں اجر ہے۔ (صحیح البخاری، کتاب المساقاۃ، باب فضل سقی الماء، 3/111، رقم الحدیث: 2363، دار طوق النجاة)
جانور کو باندھ کر کھانے سے روکنے پر وعید میں حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "دخلت امرأة النار في هرة ربطتها فلم تطعمها ولم تدعها تأكل من خشاش الأرض". ترجمہ: ایک عورت ایک بلی کی وجہ سے جہنم میں گئی، جسے اس نے باندھ رکھا تھا، نہ خود اسے کھلایا اور نہ اسے چھوڑا کہ وہ زمین کے کیڑے مکوڑے کھا لیتی۔ (صحیح البخاری، کتاب بدء الخلق، باب خمس من الدواب فواسق، 4/130، رقم الحدیث: 3318، دار طوق النجاة)
بدشگونی کی نفی کے متعلق حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "لا عدوى ولا طيرة، ويعجبني الفأل الصالح الكلمة الحسنة". ترجمہ: نہ کوئی بیماری (خود بخود) متعدی ہوتی ہے اور نہ بدشگونی (کی کوئی حقیقت) ہے، اور مجھے نیک فال یعنی اچھی بات پسند ہے۔ (صحیح البخاری، کتاب الطب، باب الفأل، 7/135، رقم الحدیث: 5756، دار طوق النجاة)
بدھ کے دن ناخن کاٹنے کے متعلق اعلی حضرت امام احمد رضا خان (المتوفی: 1340ھ) سے سوال ہوا تو آپ نے فرمایا: ’’نہ چاہیے، حدیث میں اِس سے نَہی آئی کہ معاذاللہ مورِث برص ہوتا ہے۔ بعض علماء رحمہم اللہ تعالٰی نے بدھ کو ناخن کتروائے، کسی نے بربنائے حدیث منع کیا، فرمایا صحیح نہ ہوئی، فوراً برص ہوگئی، شب کو زیارت جمال بے مثال حضور پر نور محبوب ذی الجلال صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم سے مشرف ہوئے۔ شافی کافی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے حضور اپنے حال کی شکایت عرض کی، حضور والا صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: کیا تم نے نہ سنا تھا کہ ہم نے اس سے نَہی فرمائی ہے۔ عرض کی: حدیث میرے نزدیک صحت کو نہ پہنچی، ارشاد ہوا: تمہیں اتنا کافی تھا کہ یہ حدیث ہمارے نام پاک سے تمہارے کان تک پہنچی، یہ فرما کر حضور مُبری الاکمہ والابرص ومُحیی الموتیٰ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے اپنا دست اقدس کہ پناہِ دو جہاں و دستگیرِ بے کساں ہے، اُن کے بدن پر لگایا، فوراً اچھے ہوگئے اور اُسی وقت سے توبہ کی کہ اب کبھی حدیث سن کر ایسی مخالفت نہ کروں گا‘‘۔ (فتاوی رضویہ، 22/574، مسئلہ: 203، رضا فاؤنڈیشن لاہور)
چالیسواں دن بدھ کا ہونے کی صورت کے متعلق آپ فرماتے ہیں: ’’ اگر روز چہارشنبہ (بدھ) وجوب کا دن آجائے مثلا انتالیس دن سے نہیں تراشے تھے، آج بدھ کو چالیسواں دن ہے اگرآج بھی نہیں تراشتا تو چالیس دن سے زائد ہوجائیں گے اور یہ ناجائز ومکروہ تحریمی ہے ‘‘۔ (فتاوی رضویہ، 22/685، مسئلہ: 234، رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔
واللہ تعالی اعلم بالصواب