ایک معاہدہ میں دو معاہدہ کرنا

    aik muahida mein do muahida karna

    تاریخ: 3 اگست، 2026
    مشاہدات: 30
    حوالہ: 1696

    سوال

    ہم دو بھائی ایک مکان میں اوپر نیچے رہتے تھے، ایک سال پہلے میں نے اپنا پورشن بھائی کو بیچ دیا اور یہ طے پایا کہ ایک سال کے اندر رقم ادا کرنی ہے ۔ اگر بھائی ایک سال کےا ندر رقم نہیں کرسکا تو ایک سال کے بعد جتنے عرصہ رہیں گے کرایہ ادا کریں گے ، اسی طرح ایک شق یہ بھی تھی کہ ہم ایک سال کے اندر اندر انہیں قبضہ دے دیں گے ،اگر قبضہ نہ دے سکے تو جتنا عرصہ بعد قبضہ دیں گے اسکا ہم کرایہ ادا کریں گے۔ اب ایک سال ہوچکا ہے اور ہم انہیں قبضہ دے چکے ہیں لیکن تاحال بھائی نے مکمل رقم ادا نہیں کی۔ کچھ رقم رہتی ہے تو کیا اب ایک سال کے بعد ہمیں ان سے کرایہ لینا جائز ہے یا نہیں ؟

    سائل: حاجی اقبال: کراچی


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    مذکورہ صورت میں ایک سال مکمل ہونے کے بعد مکمل رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں آپکا اپنے بھائی سے کرایہ لینا جائز نہیں ہے، اسی طرح ایک سال میں قبضہ نہ دینے کی صورت میں آپکا کرایہ دینا بھی ناجائز ہے۔اس معاہدہ کے ناجائز ہونے کی وجہ یہ ہے کہ یہ صفقتان فی صفقۃ کی صورت ہے، یعنی ایک عقد میں دو معاہدہ کرنا ہے۔اور نبی کریم ﷺ نے صفقتان فی صفقۃ سے منع فرمایا۔چناچہ مسند احمد بن حنبل میں ہے: عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ مَسْعُودٍ،قَالَ،نَهَى رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ صَفْقَتَيْنِ فِي صَفْقَةٍ وَاحِدَةٍ۔ ترجمہ:حضرت عبداللہ بن مسعود سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک سودے میں دو سودے کرنے سے منع فرمایا۔( مسند احمد بن حنبل،ج 6 ص 324،حدیث نمبر 3783)

    ہدایہ شرح بدایۃ المبتدی میں ہے: فيصير صفقتان في صفقة واحدة وهي منهي عنه۔ترجمہ:تو یہ ایک سودے میں دو سودے ہیں جو کہ (بحکم ِ حدیث )ممنوع ہے۔( ہدایہ شرح بدایۃ المبتدی، باب الاجارۃ الفاسدۃ ، ج3 ص 241)

    آپ کے لئے بہتر یہ ہے کہ اپنے بھائی کو رقم ادا کرنے کے لئے کچھ وقت اور دے دیں ، یہ آپکے لئے صلہ رحمی کی صورت میں باعث اجر و ثواب ہوگا۔

    واللہ تعالٰی اعلم بالصواب

    کتبـــــــــــــــــــــــــــہ: محمد زوہیب رضا قادری

    الجواب الصحیح:ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    تاریخ اجراء:28 ربیع الثانی1441 ھ/26 دسمبر2019ء