warasat ka masla aik bewa do bete aur aik beti
سوال
السلام علیکم
جناب ایک شخص یوسف صاحب کا انتقال ہوا تھا ،موصوف نے ایک بیوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی۔اب ان میں ترکہ کی تقسیم کیسے ہوگی۔ مرحوم کی ایک بیٹی اور تھی جس کا انتقال میت سے پہلے ہوا تھا لیکن ان کی بھی اولاد ہے تو شریعت کے مطابق ان کاکیا حصہ ہوگا۔ترکہ کی کل رقم چوالیس لاکھ (4400000 )ہے۔
سائل : مولانا ذیشان نعیمی
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
اگر معاملہ ایسا ہی ہے جیسا کہ سوال میں مذکور ہے تو جس بیٹی کا انتقال میت سے پہلے ہوا اس کی اولادکو میت کی وراثت سے کچھ نہیں ملے گا۔ کیونکہ مسائل میراث کا اصول ہے کہ قریبی رشتہ دار کی موجودگی میں دور والا رشتہ دار محروم رہتا ہے۔ تو جب میت کے سگے بیٹے اور بیٹیاں موجود ہیں تو پہلا حق انکا ہی ہے۔
تنویرالابصار مع الدرالمختار کتاب الفرائض باب العصبات جلد6ص774پر ہے ''(وَیُقَدَّمُ الْأَقْرَبُ فَالْأَقْرَبُ مِنْہُمْ) بِہَذَا التَّرْتِیبِ ترجمہ: اور (میت کے رشتے داروں میں سے) قریب کے رشتے دار کو وراثت دینے میں مقدم کیاجائے گا پھر جو اسکے بعد زیادہ قریب ہو اسکو مقدم کیاجائے گا ،اسی ترتیب سے آگے تک معاملہ ہوگا۔
یوں ہی السراجی فی المیراث ص19میں ہے''اولاہم بالمیراث جزء المیت ای البنون ثم بنوہم وان سفلوا'' ترجمہ: میت کی وراثت کے زیادہ حقدار میت کا جزء یعنی بیٹے ہیں ،(اگر بیٹے نہ ہوںتو)اسکے بعد پوتے ۔
اب جو موجودہ ورثاء ہیں ان میں وراثت اس طرح تقسیم ہوگی کہ کل وراثت کے 40حصے کئے جائیں گے جس میں سے بیوہ کو 5حصے ملیں گے۔
السراجی فی المیراث ص18میں ہے:والثمن مع الولد او ولد الابن وان سفل :ترجمہ: اور بیٹا، بیٹی یا پوتا پوتی کی موجودگی میں زوجہ کو آٹھواں حصہ ملے گا۔جبکہ ہر بیٹے کو 14,14 اور بیٹی کو 7حصے ملیں گے۔اسی میں ہے
ومع الابن للذکر مثل حظ الانثیین ترجمہ: اور للذکر مثل حظ الانثیین کے تحت بیٹی کو بیٹے کے حصے کا نصف ملے گا۔
سو اب کل وراثت یعنی چوالیس لاکھ میں سے بیوہ کو پانچ لاکھ پچاس ہزار(550000)،بیٹی کو سات لاکھ ستر ہزار (770000) اور ہر بیٹے کو پندرہ لاکھ چالیس ہزارروپے (1540000) ملیں گے ۔
واللہ اعلم بالصواب
کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد زوہیب رضا قادری
الجواب الصحیح:ابوالحسنین مفتی وسیم اختر المدنی
تاریخ اجراء:21 جمادی الثانی 1439ھ 10 مارچ 2018