meter ka bill kis hisaab se hoga
سوال
ہم نے کرایہ پر کچھ مکان دیے ہیں، جن کا میٹر مشترکہ ہے، حکومت کی طرف سے 200 یونٹس اوپر ہوتے ہیں تو ریٹ زیادہ ہو جاتا ہے جو کہ 6ماہ کے لئے باقی رہتا ہے۔ سب کا الگ الگ سب میٹر بھی لگا ہوا ہے۔ اس میں یونٹ اوپر نیچے ہو جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر ایک کرایہ دار کے سب میٹر پر 120 یونٹ چلے اور دوسرے کے میٹر پر 85 یونٹس چلے ۔ لیکن اصل میٹر پر 205 ہونے کیوجہ سے قیمت زیادہ ہوگئی۔ اب یہ اضافی بل دونوں پر تقسیم ہوگا یا زیادہ یونٹ والے پر؟ نیز اگر کوئی کرایہ دار چھوڑ کر چلا جاتا ہے اور اس کی جگہ نیا آتا ہے تو اس سے بھی زیادہ قیمت والا بل ہی وصول کیا جائے گا یا سابقہ کرایہ دار سے پیسے لئے جائیں گے۔؟ اس پر تفصیلی فتوی درکار ہے ۔
سائل : حافظ محمد عمران :کراچی
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
صورتِ مستفسرہ میں چونکہ دونوں کرایہ داروں کا میٹر مشترکہ ہے اور دونوں کے استعمال کی مجموعی مقدار (120 + 85 = 205 یونٹس) کی وجہ سے 200 یونٹس کی حد عبور ہوئی ہے، اس لیے شرعاً اور عدلاً یہ اضافی ریٹ صرف ایک کرایہ دار پر نہیں ڈالا جائے گا بلکہ دونوں کرایہ داروں پر ان کے استعمال شدہ یونٹس کے تناسب (Proportional Ratio) )سے تقسیم ہوگا۔یعنی بل کو کل یونٹس پر تقسیم کر کے فی یونٹ ریٹ نکالا جائے اور ہر ایک سے اس کے یونٹس کے مطابق وصول کیا جائے۔
فقہِ اسلامی کا مسلمہ قاعدہ ہے:اَلْغُرْمُ بِالْغُنْمِ۔ترجمہ: نقصان اور بوجھ نفع کے تناسب سے ہوتا ہے۔ (المجلۃ، المادۃ: 87)
یونہی دوسرا قاعدہ ہے: الْقَاعِدَةُ الْعَاشِرَةُ: الْخَرَاجُ بِالضَّمَانِ۔ترجمہ:دسواں قاعدہ یہ ہے کہ خراج ضمان کے بدلے ہے یعنی جو نفع لے گا نقصان بھی اسی کا ہوگا نہ کہ کسی دوسرے کا۔( الاشباہ والنظائر: ص 129)
نیز جب دو افراد کے مشترک عمل سے کسی ایک چیز کی مجموعی مقدار بڑھنے پر اضافی تاوان یا ریٹ لاگو ہوا ہے تو اس کی ذمہ داری دونوں کے حصے یعنی یونٹس کے تناسب سے عائد ہوگی ہے،کیونکہ اگر کم یونٹ والا بھی اپنا حصہ نہ چلاتا تو اکیلے 120 یونٹ والے پر اضافی ریٹ نہ لگتا، لہٰذا حد عبور ہونے کا سبب دونوں کا مجموعی استعمال ہے۔
نیز اگر کوئی کرایہ دار گھر خالی کر کے چلا جائے اور اس کی جگہ نیا کرایہ دار آئے تو گزشتہ مہینوں میں میٹر کے 200 یونٹس سے تجاوز کرنے کی وجہ سے آئندہ 6 ماہ تک لگنے والا اضافی ریٹ سابقہ کرایہ دار سے وصول نہیں کیا جائے گا، بلکہ نئے کرایہ دار سے ہی رائج الوقت سرکاری ریٹ کے مطابق وصول کیا جائے گا، لہذا مالکِ مکان کو چاہیے کہ کرایہ پر دیتے وقت نئے کرایہ دار کو اس صورتحال اور فی یونٹ موجودہ ریٹ سے واضح طور پر آگاہ کر دے تاکہ کسی قسم کا نزاع باقی نہ رہے۔کیونکہ نیا کرایہ دار جس وقت بجلی استعمال کر رہا ہے اس وقت سرکاری نرخ وہی مہنگا ریٹ ہے،لہٰذا عقدِ اجارہ میں جہالت و نزاع سے بچنے کے لیے مالکِ مکان پر لازم ہے کہ نئے کرایہ دار کو داخلے کے وقت بتا دے کہ فی الحال میٹر کا ریٹ زیادہ چل رہا ہے اور موجودہ ریٹ کے مطابق ہی بل لیا جائے گا۔
حدیث پاک میں ہے:الْمُسْلِمُونَ عِنْدَ شُرُوطِهِمْ۔ ترجمہ: مسلمان اپنی شرائط کے پابند ہوتے ہیں۔( سنن الترمذی ،حدیث 1352)
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب