مسجد میں اجرت لے کر پڑھانا

    masjid mein ujrat lekar parhana

    تاریخ: 24 جون، 2026
    مشاہدات: 1
    حوالہ: 1500

    سوال

    مدرِّس کا مسجد میں اجرت لیکر بچوں کو پڑھانا منع ہے۔ تو یہ اجرت کا تعلق ہر دو صورت سے متلعق ہوگا یا صرف ایک کے ساتھ۔ کمیٹی مدرس کو تنخواہ دے یا وہ طلباء سے فیس لیکر پڑھائے ۔ ہوں ہی اگر وہ مستقل نہیں پڑھاتا بلکہ کسی سفر میں ہونے کی وجہ سے رہائش مسجد میں کرتا ہے تو کیا وہ اپنی آنلائن کلاس پڑھا سکتا ہے یا اس کی اجازت نہیں ہوگی؟؟

    سائل :محمد جحش رضا

    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    پوچھی گئی صورت کا جواب یہ ہے کہ مسجد میں بغیر کسی معاوضے یا اجرت کے دینی تعلیم دینا مسنون ہے ۔ البتہ اگر مدرس اجرت لے کر طلبہ کو مسجد میں دینی تعلیم دیتا ہے تو یہ محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے نہیں، بلکہ دیگر پیشوں کی طرح دنیا کمانے کا معاملہ ہے۔ اس کا تعلق دونوں صورتوں سے ہے، خواہ کمیٹی مدرس کو تنخواہ دے یا مدرس طلبہ سے فیس وصول کرے، کیونکہ دونوں صورتوں میں مقصدِ اصلی ایک ہی ہے۔

    لیکن بچوں کو دینی تعلیم دینا بھی لازم و ضروری ہے، اسی لیے مدارس قائم کیے گئے ہیں۔تاہم بعض ایسے مقامات بھی موجود ہیں جہاں باقاعدہ تعلیمی سرگرمیاں انجام دینے کے لیے کوئی دوسری جگہ دستیاب نہیں ہوتی۔ ایسی صورت میں اگر مسجد میں بھی تنخواہ دے کر پڑھانے کی اجازت نہ دی جائے تو بچے دینی تعلیم سے دور ہو جائیں گے اور ان کے عقائد و اعمال کا تحفظ بھی خطرے میں پڑ جائے گا۔ خصوصاً اس پُرفتن دور میں بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا نہایت ضروری ہو چکا ہے۔لہٰذا اگر کسی مقام پر ایسی شرعی ضرورت یا حاجت پائی جاتی ہو تو وہاں مسجد میں مدرس کا تنخواہ لے کر دینی تعلیم دینا جائز ہےجبکہ بچے سمجھ دار ہوں جس طرح فقہاءنے بوقت شدت گرمی جبکہ جگہ نہ ہو تو اجرت کے ساتھ مسجد میں بیٹھ کر پڑھاناجائز قرار دیا تو اسی طرح آج بھی اسی ضرورت کے پیش نظر جائز ہے ۔ تاہم کوشش کرنی چاہیے کہ جب وسائل مہیا ہوں تو دینی تعلیم کے لیے مسجد سے باہر الگ مدرسہ قائم کر لیا جائے۔

    نیز مسجد میں مستقل رہائش اختیار کرنا جائز نہیں۔ اگر کسی مسافر کے لیے مسافر خانے یا کسی فلیٹ میں کرائے پر رات گزارنے کی گنجائش نہ ہو تو وہ مسجد میں اعتکاف کی نیت سے داخل ہو، کچھ ذکر و عبادت کرے، اس کے بعد کھانا بھی کھا سکتا ہے اور سو بھی سکتا ہے، لیکن مستقل طور پر مسجد کو قیام گاہ بنانا قطعاً جائز نہیں۔لہذا اگر یہ آن لائن کلاس پڑھا رہا ہے اور یہ کلاس دینی تعلیم کی ہے، جبکہ اس کے لیے کوئی دوسری جگہ دستیاب نہیں، تو ایسی ضرورت کے تحت اس کا مسجد میں آن لائن کلاس پڑھانا جائز ہے۔ لیکن اگر وہ دنیوی تعلیم کی کلاس پڑھا رہا ہے تو مسجد میں اس مقصد کے لیے کلاس پڑھانا قطعاً جائز نہیں۔

    مسجد میں پڑھانے کے متعلق عیون المسائل میں ہے :’’معلم في المسجد. ولو أن معلما جلس في مجلس: فإن كان يعلم للحسبة فلا بأس به، وأن كان بالأجر فإنه يكره له ذلك إلا أن تقع له ضرورة.ترجمہ : : مسجد میں معلم (استاد) ہو۔ اگر کوئی معلم کسی مجلس میں بیٹھے، تو اگر وہ ثواب کی نیت سے (بغیر اجرت کے) تعلیم دیتا ہو، تو اس میں کوئی حرج نہیں، اور اگر وہ اجرت لے کر تعلیم دیتا ہو، تو اس کے لیے ایسا کرنا مکروہ ہے، البتہ یہ کہ اسے کوئی ضرورت پیش آجائے۔ (عیون المسائل ، باب الاستحسان،معلم في المسجد،ص:483، مطبعة أسعد، بَغْدَاد)

    اسی طرح 'الاختیار لتعلیل المختار' میں ہے :’’ وَالْجُلُوسُ فِيهِ ثَلَاثَةُ أَيَّامٍ لِلتَّعْزِيَةِ مَكْرُوهٌ، وَقَدْ رُخِّصَ ذَلِكَ فِي غَيْرِ الْمَسْجِدِ، وَلَوْ جَلَسَ لِلْعِلْمِ أَوِ النَّاسِخِ يَكْتُبُ فِي الْمَسْجِدِ لَا بَأْسَ بِهِ إِنْ كَانَ حِسْبَةً، وَيُكْرَهُ بِالْأَجْرِ إِلَّا عِنْدَ الضَّرُورَةِ بِأَنْ لَا يَجِدَ مَكَانًا آخَرَ‘‘.ترجمہ: مسجد میں تعزیت کے لیے تین دن تک بیٹھنا مکروہ ہے، البتہ مسجد کے علاوہ کسی دوسری جگہ اس کی اجازت دی گئی ہے۔ اور اگر کوئی شخص مسجد میں علم حاصل کرنے کے لیے بیٹھے، یا کاتب مسجد میں لکھنے کے لیے بیٹھے، تو اس میں کوئی حرج نہیں، بشرطیکہ یہ کام خالصتاً اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ہو۔ اور اجرت لے کر ایسا کرنا مکروہ ہے، سوائے اس صورت کے کہ ضرورت ہو، یعنی اسے کوئی دوسری جگہ دستیاب نہ ہو۔ ( الاختیار لتعلیل المختار ، كتاب الكراهية،فصل في مسائل مختلفة،ج:4،ص:166، مطبعة الحلبي – القاهرة)

    اس طرح فتاوی رضویہ میں ہے :’’اور اگر ایسے نہ ہوں تو انہیں مسجد میں غیر اوقات نماز میں پڑھانا مضائقہ نہیں رکھتا جب کہ معلم بلاتنخواہ محض لوجہ اﷲ پڑھاتا ہو ورنہ ہر گز جائز نہیں اگرچہ جوان اور بوڑھے ہی پڑھیں کہ اب یہ اور پیشوں کی طرح دنیا کمانا ہے اور مسجد میں اس کی اجازت نہیں۔

    فتاوٰی عالمگیری جلد ۵ص۱۲۲: لوجلس المعلم فی المسجد والوراق یکتب فان کان المعلم یعلم للحسبۃ والوراق یکتب لنفسہ فلاباس بہ لانہ قربۃ وان کان بالاجرۃ یکرہ الاان تقع لہما الضرورۃ کذافی محیط السرخسی۔اگر معلم مسجد میں بیٹھ کر تعلیم دیتا ہے اور کاتب مسجد میں بیٹھ کر لکھتا ہے اگر تو معلم ثواب کی نیت سے ایسا کرتا ہےاور کاتب اپنے لئے لکھتا ہے نہ کہ اجرت پر تو حرج نہیں کیونکہ یہ قربت وعبادت ہے،اور اگر اجرت کےلئے ہے تو بلاضرورت ایسا کرنا مکروہ ہے، امام سرخسی کی محیط میں بھی ایسا ہی ہے۔(ت)( فتاوی رضویہ،کتاب الشرکة،ج:16،ص:75،رضا فاونڈیشن )

    اعلحضرت عظیم البرکت الشاہ امام احمد رضا خاں علیہ رحمۃ الرحمن مسجد تعلیم دینے کی شرائط کے حوالے سے لکھتے ہیں :’’ : مسجد میں تعلیم بشرائط جائز ہے:(۱) تعلیم دین ہو۔(۲) معلم سنی صحیح العقیدہ ہو، نہ وہابی وغیرہ بددین کہ وہ تعلیم کفر و ضلال کرےگا۔(۳) معلم بلا اُجرت تعلیم کرے کہ اجرت سے کار دنیا ہوجائے گی۔(۴) ناسمجھ بچے نہ ہوں کہ مسجد کی بے ادبی کریں۔(۵) جماعت پر جگہ تنگ نہ ہو کہ اصل مقصد مسجد جماعت ہے۔(۶) غل شور سے نمازی کو ایذا نہ پہنچے۔(۷) معلم خواہ طالب علم کسی کے بیٹھے سے قطعِ صف نہ ہو۔

    ان شرائط کا اگر وثیقہ لکھا جائے کیا مضائقہ ہے بلکہ بہتر ہے وہ تحریر کہ لکھانا چاہتے ہیں اس کی پہلی شرط ان میں کی چوتھی اور دوسری ان میں کی پہلی ہے اور تیسری کوئی خاص تعلیم کی نہیں مطلقاً ہے اس کا لکھا لینا بھی اچھا ہے گرمی کی شدت وغیرہ کے وقت جبکہ اور جگہ نہ ہو بضرورت معلم باجرت کو اجازت ہے مگر نہ مطلقاً، یونہی سلائی پر سینے والا درزی اگر حفاظت اور اس میں بچوں کو نہ آنے دینے کے لئے مسجد میں بیٹھے اور اپنا سیتا بھی رہے تو اجازت دی ہے یوں ہی غیر نماز کے وقت متعلمان علم دین کو تکرار علم میں رفع صوت کی حدیث میں فرمایا: جنبوا مساجد کم صبیا نکم ومجانینکم۱؎ ۔ اپنی مساجد کو اپنے بچوں اور دیوانوں سے بچاؤ۔ (ت)( فتاوی رضویہ ،ج:8،ص:16)

    مجلس شرعی کے فیصلے میں اس بارے ذکر ہے :’’ اس کے جواب میں مندروبین کا اتفاق ہے کہ جب شرعاً ضرورت یا حاجت متحقق ہو تو یہ صورت مذکورہ مسجد میں دینی تعلیم جائز ہے، مگر اس کی کوشش ہونی چاہیے کہ جلد وسائل مہیا ہو کہ جلد وسائل مہیا کر کے مسجد سے باہر کسی جگہ مدرسہ قائم کیا جائے اور الگ مدرسہ بنانے کی وسعت ہو جانے کے بعد مسجد کو با تنخواہ تعلیم کے کام میں نہ استعمال کیا جائے۔( مجلس شرعی کے فیصلے )

    والله تعالى اعلم بالصواب


    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمد سجاد سلطانی

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    15 جمادی الاولی 1448ھ/ 27 اکتوبر 2026ء کو جاری کیا گیا