imam ki sabiqah ghair haziriyon ki katauti baad mein karne ka hukm
سوال
زید ایک مسجد میں امامت کے فرائض انجام دیتا ہے۔ انتظامیہ کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے مطابق زید کو ماہانہ آٹھ نمازوں تک غیر حاضری کی گنجائش حاصل ہے، جبکہ آٹھ نمازوں سے زائد غیر حاضری کی صورت میں تنخواہ سے کٹوتی کی جائے گی۔گزشتہ تقریباً ڈھائی سے تین سال کے عرصے میں مختلف اوقات میں زید کی آٹھ نمازوں سے زائد غیر حاضری بھی ہوئی ہے۔ زید نے اپنی ان غیر حاضریوں کے متعلق انتظامیہ کو آگاہ بھی کیا اور خود بھی درخواست کی کہ معاہدے کے مطابق اس کی تنخواہ سے کٹوتی کر لی جائے، لیکن انتظامیہ کی طرف سے ہر مرتبہ اسے مکمل تنخواہ ہی ادا کی جاتی رہی اور کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی گئی۔اب کافی عرصہ گزر جانے کے بعد انتظامیہ کی طرف سے یہ کہا جا رہا ہے کہ گزشتہ دو سے تین سال کے دوران زید کی جتنی نمازوں میں غیر حاضری ہوئی ہے، ان سب کا حساب کیا جائے گا اور اس کے مطابق یک مشت رقم وصول کی جائے گی یا تنخواہ سے کٹوتی کی جائے گی۔اس صورتِ حال میں یہ بات قابلِ وضاحت ہے کہ زید نے اپنی غیر حاضریوں کو کبھی چھپایا نہیں بلکہ انتظامیہ کو ان سے آگاہ کیا اور کٹوتی کی درخواست بھی کی، جبکہ انتظامیہ نے ہر مرتبہ اسے مکمل تنخواہ ادا کی۔ تاہم انتظامیہ کی طرف سے کبھی یہ صراحت نہیں کی گئی کہ سابقہ غیر حاضریوں کی کٹوتی معاف کر دی گئی ہے یا بعد میں وصول کی جائے گی۔ اب اتنا طویل عرصہ گزرنے کے بعد سابقہ غیر حاضریوں کی مکمل اور درست تعداد معلوم کرنا بھی مشکل ہے۔اب دریافت طلب امور یہ ہیں:
(۱) کیا انتظامیہ کو شرعاً یہ حق حاصل ہے کہ جب وہ سابقہ غیر حاضریوں سے واقف تھی اور اس کے باوجود مسلسل مکمل تنخواہ ادا کرتی رہی تو اب کئی سال گزرنے کے بعد ان تمام غیر حاضریوں کا حساب کرکے یک مشت رقم وصول کرے یا تنخواہ سے کٹوتی کرے؟(۲) جب زید نے خود انتظامیہ کو غیر حاضریوں سے آگاہ کرکے معاہدے کے مطابق کٹوتی کرنے کی درخواست کی تھی، لیکن انتظامیہ نے مکمل تنخواہ ادا کی، تو کیا اب بعد میں اس رقم کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے؟(۳) اگر انتظامیہ کو سابقہ غیر حاضریوں کا علم ہونے کے باوجود اس وقت کوئی کٹوتی نہیں کی گئی تو کیا اب اتنے عرصے بعد ان کا حساب کرکے رقم وصول کرنا شرعاً درست ہوگا؟(۴) اگر سابقہ غیر حاضریوں کی صحیح تعداد اور تفصیلی حساب دستیاب نہ ہو تو اس صورت میں شرعی طور پر کتنی رقم واجب الادا ہوگی اور اس کا تعین کس طریقے سے کیا جائے گا؟(۵) اس تمام صورتِ حال میں زید کے ذمے شرعاً کیا ذمہ داری عائد ہوتی ہے؟ کیا زید پر سابقہ غیر حاضریوں کے عوض کوئی رقم ادا کرنا لازم ہے؟
برائے کرم ان تمام امور کے متعلق شریعتِ مطہرہ کی روشنی میں تفصیلی رہنمائی فرما کر عنداللہ ماجور ہوں۔
سائل: سعید الرحمن سعیدی مدنی
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
معاہدے کے مطابق آٹھ نمازوں سے زائد غیر حاضری کی تنخواہ کا زید مستحق نہیں تھا؛ اب اگر یہ تنخواہ انتظامیہ کے کسی فرد نے اپنی ذاتی رقم سے دی تھی، یا انتظامیہ نے باقاعدہ مشورے سے یہ طے کیا تھا کہ اتنی غیر حاضری پر کٹوتی نہیں ہوگی اور یہ مساجد کے عرف کے اندر تھا، تو اب اس رقم کا مطالبہ کرنا درست نہیں؛ اور اگر یہ تنخواہ مسجد کے فنڈ سے دی گئی اور کٹوتی نہ کرنا محض انتظامیہ کی غفلت تھی، تو یہ زائد رقم مسجد کا حق ہے جو وقت گزرنے سے ساقط نہیں ہوا، لہذا انتظامیہ اس کا مطالبہ کر سکتی ہے اور زید پر اسے لوٹانا لازم ہے؛ اور غیر حاضریوں کی جو تعداد یقینی ہو یا جس پر دونوں متفق ہوں وہی معتبر ہوگی، اس سے زائد کا انتظامیہ دعوی کرے تو اسے ثبوت پیش کرنا ہوگا۔
تفصیل مسئلہ:
مسجد کا امام اجیرِ خاص ہے، جو مقررہ اوقات میں اپنے آپ کو کام کے لیے سپرد کرنے پر اجرت کا مستحق ہوتا ہے، اور معمولی رخصتیں جو عرف میں معاف سمجھی جاتی ہیں ان کی اجرت بھی نہیں کٹتی؛ لیکن جب معاہدے ہی میں غیر حاضری کی حد آٹھ نمازیں مقرر کر دی گئی اور اس سے زائد پر کٹوتی طے ہوئی، تو اس حد سے زائد غیر حاضری کی تنخواہ کا زید مستحق نہیں تھا۔ اب انتظامیہ نے زید کے آگاہ کرنے اور کٹوتی کی درخواست کرنے کے باوجود جو مکمل تنخواہ ادا کی، اس کا حکم اس پر موقوف ہے کہ یہ رقم کس کی تھی۔
اگر یہ رقم انتظامیہ کے کسی فرد نے اپنی ذاتی رقم سے دی تھی، تو کٹوتی کی درخواست کے باوجود جان بوجھ کر پوری تنخواہ دینا زائد رقم کا ہبہ ہے، جس پر زید قبضہ کر چکا اور غالب یہی ہے کہ وہ خرچ بھی ہو چکی، اور ہبہ کی ہوئی چیز ہلاک ہو جائے تو اس میں رجوع نہیں ہو سکتا؛ لہذا اس صورت میں اب اس رقم کا مطالبہ درست نہیں۔ یوں ہی اگر یہ تنخواہ مسجد کے فنڈ سے دی گئی، مگر انتظامیہ نے باقاعدہ مشورے سے یہ طے کیا تھا کہ اتنی غیر حاضری پر کٹوتی نہیں ہوگی، اور یہ مساجد میں ائمہ کو دی جانے والی رخصتوں کے عرف کے اندر تھا، تو یہ معاہدے میں عملی ترمیم ہے، جس کا متولی کو اختیار ہے، لہذا اس صورت میں بھی اب رجوع درست نہیں۔
لیکن اگر یہ تنخواہ مسجد کے فنڈ سے دی گئی، اور کٹوتی نہ کرنا انتظامیہ کا کوئی فیصلہ نہیں بلکہ محض غفلت تھی کہ انتظامیہ نے کبھی معافی یا بعد میں وصولی کی صراحت نہیں کی، تو انتظامیہ کی خاموشی معافی شمار نہیں ہوگی؛ کیونکہ انتظامیہ مسجد کے مال کی مالک نہیں بلکہ امین ہے، اسے یہ اختیار نہیں کہ مسجد کے فنڈ سے ایسے کام کی اجرت دے جس کی اجرت بنتی ہی نہیں، بلکہ فقہائے کرام نے فرمایا کہ متولی (عارضی ملازم کو) اجرتِ مثل سے معمولی سا بھی زائد دے تو وہ اس کا ضامن ہوتا ہے۔ لہذا اس صورت میں یہ زائد رقم مسجد کا حق ہے، جو دو تین سال گزرنے سے ساقط نہیں ہوا، انتظامیہ اس کا مطالبہ کر سکتی ہے، اور زید پر لازم ہے کہ یہ رقم مسجد کو لوٹائے، چاہے یک مشت ادا کرے یا باہمی رضامندی سے قسطوں میں۔
رہا غیر حاضریوں کی تعداد معلوم نہ ہونا، تو اصل یہ ہے کہ آدمی کا ذمہ بری ہو، لہذا جتنی غیر حاضریاں یقینی ہوں، یا جن پر زید اور انتظامیہ متفق ہو جائیں، اتنی ہی کی کٹوتی لازم ہوگی؛ اور اگر انتظامیہ اس سے زائد کا دعوی کرے تو اسے گواہ یا تحریری ریکارڈ جیسا ثبوت پیش کرنا ہوگا، ثبوت نہ ہو تو زائد کے انکار میں زید کی بات قسم کے ساتھ معتبر ہوگی۔ اور بہتر یہ ہے کہ دونوں فریق غالب گمان کی بنیاد پر کسی مقدار پر باہم صلح کر لیں، اور زید کو جتنی زائد غیر حاضریوں کا یقین یا غالب گمان ہو، دیانتاً اتنی رقم ادا کر دے۔
دلائل و جزئیات:
اجیرِ خاص کے اپنے آپ کو سپرد کرنے سے اجرت کا مستحق ہونے کے متعلق علامہ علاء الدین محمد بن علی حصکفی (المتوفی: 1088ھ) فرماتے ہیں: "(والثاني) وهو الأجير (الخاص) ويسمى أجير وحد (وهو من يعمل لواحد عملا مؤقتا بالتخصيص ويستحق الأجر بتسليم نفسه في المدة وإن لم يعمل)". ترجمہ: اور (اجیر کی) دوسری قسم اجیرِ خاص ہے، جسے اجیرِ وحد بھی کہتے ہیں، اور یہ وہ ہے جو ایک ہی شخص کے لیے مقررہ وقت تک خاص طور پر کام کرے، اور وہ مدت میں اپنے آپ کو سپرد کرنے سے اجرت کا مستحق ہو جاتا ہے اگرچہ کام نہ کرے۔ (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الاجارۃ، باب ضمان الاجیر، 6/69، دار الفکر بیروت)
امام کی عرفی رخصتوں کے معاف ہونے کے متعلق علامہ سید محمد امین ابن عابدین شامی (المتوفی: 1252ھ) فرماتے ہیں: "وفي القنية من باب الإمامة إمام يترك الإمامة لزيارة أقربائه في الرساتيق أسبوعا أو نحوه أو لمصيبة أو لاستراحة لا بأس به ومثله عفو في العادة والشرع". ترجمہ: اور القنیہ کے باب الامامہ میں ہے کہ امام اگر دیہات میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے لیے ایک ہفتہ یا اس کے لگ بھگ، یا کسی مصیبت کی وجہ سے، یا آرام کے لیے امامت چھوڑ دے تو اس میں حرج نہیں، اور اتنی مقدار عادت اور شریعت دونوں میں معاف ہے۔ (رد المحتار، کتاب الوقف، 4/419، دار الفکر بیروت)
ہبہ کی ہوئی چیز ہلاک ہو جانے سے رجوع ممنوع ہونے کے متعلق علامہ حصکفی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "(والهاء هلاك العين الموهوبة ولو ادعاه) أي الهلاك (صدق بلا حلف)". ترجمہ: اور (موانعِ رجوع میں سے) "ہاء" سے مراد ہبہ کی ہوئی چیز کا ہلاک ہو جانا ہے، اور اگر موہوب لہ ہلاکت کا دعوی کرے تو بغیر قسم کے اس کی تصدیق کی جائے گی۔ (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الہبۃ، باب الرجوع فی الہبۃ، 5/704، دار الفکر بیروت)
متولی کے اجرتِ مثل سے زائد دینے پر ضامن ہونے کے متعلق علامہ ابن عابدین شامی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "وفي الوهبانية لو زاد المتولي دانقا على أجر المثل ضمن الكل؛ لوقوع الإجارة له". ترجمہ: اور الوہبانیہ میں ہے کہ اگر متولی نے اجرتِ مثل پر ایک دانق بھی زیادہ دیا تو وہ پورے کا ضامن ہوگا، کیونکہ (اس صورت میں) اجارہ اسی کے لیے واقع ہوگا۔ (رد المحتار، کتاب الوقف، 4/371، دار الفکر بیروت)
ذمہ کے بری ہونے کے اصل ہونے اور مدعی پر ثبوت لازم ہونے کے متعلق علامہ زین الدین ابن نجیم (المتوفی: 970ھ) فرماتے ہیں: "قاعدة: الأصل براءة الذمة ولذا لم يقبل في شغلها شاهد واحد؛ ولذا كان القول قول المدعى عليه لموافقته الأصل، والبينة على المدعي لدعوة ما خالف الأصل". ترجمہ: قاعدہ: اصل یہ ہے کہ ذمہ بری ہو، اسی لیے ذمہ کو مشغول قرار دینے میں ایک گواہ قبول نہیں کیا جاتا، اور اسی لیے مدعی علیہ کی بات معتبر ہوتی ہے کہ وہ اصل کے موافق ہے، اور مدعی پر ثبوت لازم ہوتا ہے کیونکہ وہ اصل کے خلاف بات کا دعوی کرتا ہے۔ (الاشباہ والنظائر، الفن الاول، ص 50، دار الکتب العلمیۃ بیروت)
اسی کے متعلق حضرت عمرو بن شعیب عن ابیہ عن جدہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے خطبے میں فرمایا: "البينة على المدعي، واليمين على المدعى عليه". ترجمہ: ثبوت مدعی کے ذمے ہے اور قسم مدعی علیہ پر ہے۔ (سنن الترمذی، ابواب الاحکام، 3/618، رقم الحدیث: 1341، مطبعۃ مصطفی البابی الحلبی مصر)۔
واللہ تعالی اعلم بالصواب