بغیر لائسنس سافٹ ویئر استعمال کرنے کا حکم

    baghair license software istemal karne ka hukm

    تاریخ: 23 نومبر، 2026
    مشاہدات: 116
    حوالہ: 1968

    سوال

    ہم اپنے کمپیوٹرز میں مائیکروسافٹ کی ونڈوز، ایم ایس ورڈ اور دیگر سافٹ ویئرز بغیر لائسنس کے استعمال کرتے ہیں، یعنی ان کا لائسنس خریدا نہیں ہوتا، بلکہ یا تو کمپیوٹر خریدتے وقت ہی یہ اس میں انسٹال ہوتے ہیں، یا کسی کریک وغیرہ کے ذریعے انہیں چلایا جاتا ہے۔

    سوال یہ ہے کہ اس طرح بغیر لائسنس کے سافٹ ویئر استعمال کرنا شرعاً جائز ہے یا نہیں؟ نیز اگر کوئی کمپنی یا ادارہ اپنے دفتر میں اس طرح سافٹ ویئر استعمال کرے تو اس کا کیا حکم ہے؟

    سائل: عبد اللہ۔


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    کمپیوٹر میں بغیر لائسنس کے ونڈوز، ایم ایس ورڈ اور دیگر سافٹ ویئرز استعمال کرنا عمومِ بلوی کی وجہ سے جائز ہے؛ البتہ جو استطاعت رکھتا ہو، اس کے لیے بہتر یہ ہے کہ لائسنس خرید لے یا ان کے مفت متبادل استعمال کرے۔

    تفصیل یہ ہے کہ فقہائے کرام نے حقوق کی دو قسمیں بیان فرمائی ہیں: ایک وہ حق جو صرف کسی ضرر کو دور کرنے کے لیے ثابت ہو، جیسے حقِ شفعہ، اس کا عوض لینا جائز نہیں؛ اور دوسرا وہ حق جو صاحبِ حق کو اصالۃً حاصل ہو، ضرر دور کرنے کے لیے نہ ہو، اور دوسرے کو منتقل بھی ہو سکتا ہو، جیسے وظائف سے دستبرداری، اس کا عوض لینا جائز ہے؛ اور سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی کا اپنے سافٹ ویئر پر حق (کاپی رائٹ) اسی دوسری قسم کا حق ہے، جو اسے اپنی محنت و ایجاد سے اصالۃً حاصل ہوا، اور جسے وہ لائسنس کی صورت میں عوض لے کر دوسروں کو منتقل کرتی ہے؛ لہذا یہ معتبر حق ہے، اور اصل حکم کے اعتبار سے اس کی اجازت کے بغیر سافٹ ویئر استعمال کرنا دوسرے کے حق میں بلا اجازت تصرف ہے۔ البتہ اس حق کے متعلق کوئی نص وارد نہیں، بلکہ اس کا معتبر اور قابلِ عوض ہونا فقہائے کرام کا استنباط ہے، جو سابقہ جزئیات و نظائر کی روشنی میں کیا گیا ہے، اور خود فقہائے کرام نے اس مسئلے کو ظنّی قرار دیا ہے۔

    اور اگرچہ عمومِ بلوی حقوق العباد میں مؤثر نہیں ہوتا، لیکن یہاں کمپنی کی طرف سے رضامندی کی دو صورتیں سامنے آتی ہیں: ایک یہ کہ کمپنی دل سے راضی نہ ہو، بلکہ صرف اس لیے کارروائی نہ کرے کہ ایک آدھ آدمی پر کیس کرنے میں جتنا نفع نہیں اس سے زیادہ خرچ ہو جائے گا؛ یہ مجبوری کی رضامندی ہے، جو جواز کی وجہ نہیں بن سکتی، کیونکہ کسی کی خاموشی کو اجازت قرار نہیں دیا جاتا، جیسے کوئی کسی کی زمین پر قبضہ کر کے بیٹھ جائے اور مالک اس وجہ سے خاموش رہے کہ اسے چھڑانے میں مزید خرچ ہوگا جس کی اسے طاقت نہیں، تو اس خاموشی سے قبضہ کرنے والا مالک نہیں بن جاتا۔ اور دوسری صورت دلی رضامندی کی ہے، کہ کمپنی خود چاہتی ہے کہ اس کے سافٹ ویئر بغیر لائسنس کے بھی عام ہوں، تاکہ لوگ انہی کو چلانا سیکھیں، اور جب یہ افراد ملازمت کے اہل ہوں تو اداروں سے انہی سافٹ ویئرز کا تقاضا کریں جنہیں چلانا انہیں آتا ہے، یوں ادارے مجبور ہو کر اسی کی پروڈکٹ خریدیں اور کمپنی کو تشہیر کا خرچ بھی نہ کرنا پڑے؛ یہ طویل مدتی فائدے کی خاطر دلی رضامندی ہے۔

    اور آج بغیر لائسنس کے سافٹ ویئر کا استعمال اس قدر عام ہے کہ عوام و خواص سبھی اس میں مبتلا ہیں، بہت کم کمپیوٹر اس سے خالی ہیں، اور اکثر لوگوں کو کمپیوٹر خریدتے وقت ہی یہ انسٹال شدہ ملتے ہیں؛ اور فقہائے کرام نے عموم بلوی کو تخفیف کے اسباب میں شمار فرمایا ہے، اور یہ وہاں معتبر ہوتا ہے جہاں بعینہ اسی معاملے پر کوئی نص نہ ہو، جیسا کہ یہاں ہے؛ لہذا عمومِ بلوی کی وجہ سے یہاں دوسری صورت یعنی کمپنی کی دلی رضامندی کا اعتبار کیا جائے گا۔

    دلائل و جزئیات

    حقوق کی دو قسموں اور ان کے احکام کے متعلق علامہ سید محمد امین ابن عابدین شامی (المتوفی: 1252ھ) فرماتے ہیں: "وحاصله: أن ثبوت حق الشفعة للشفيع، وحق القسم للزوجة وكذا حق الخيار في النكاح للمخيرة إنما هو لدفع الضرر عن الشفيع والمرأة، وما ثبت لذلك لا يصح الصلح عنه؛ لأن صاحب الحق لما رضي علم أنه لا يتضرر بذلك فلا يستحق شيئا أما حق الموصى له بالخدمة، فليس كذلك بل ثبت له على وجه البر والصلة فيكون ثابتا له أصالة فيصح الصلح عنه إذا نزل عنه لغيره، ومثله ما مر عن الأشباه من حق القصاص والنكاح والرق وحيث صح الاعتياض عنه؛ لأنه ثابت لصاحبه أصالة لا على وجه رفع الضرر عن صاحبه ... وإن عدم جواز الاعتياض عن الحق ليس على إطلاقه ... فالمسألة ظنية". ترجمہ: خلاصہ یہ ہے کہ شفیع کے لیے حقِ شفعہ، بیوی کے لیے باری کا حق، اور اسی طرح نکاح میں اختیار دی گئی عورت کے لیے اختیار کا حق، یہ سب شفیع اور عورت سے ضرر دور کرنے کے لیے ثابت ہوئے ہیں، اور جو حق اس غرض سے ثابت ہو اس پر (مال لے کر) صلح درست نہیں، کیونکہ جب صاحبِ حق راضی ہو گیا تو معلوم ہوا کہ اسے اس سے ضرر نہیں، تو وہ کسی چیز کا مستحق نہیں؛ رہا اس شخص کا حق جس کے لیے (غلام کی) خدمت کی وصیت کی گئی، تو وہ ایسا نہیں، بلکہ یہ اسے احسان اور صلہ کے طور پر ثابت ہوا، تو یہ اس کے لیے اصالۃً ثابت ہے، لہذا جب وہ اسے کسی دوسرے کے لیے چھوڑ دے تو اس پر صلح درست ہے؛ اور اسی کی مثل وہ حقوق ہیں جو الاشباہ کے حوالے سے گزرے، جیسے قصاص، نکاح اور رقیت کا حق، کہ ان کا عوض لینا درست ہے، کیونکہ یہ صاحبِ حق کے لیے اصالۃً ثابت ہیں، ضرر دور کرنے کے طور پر نہیں اور حق کا عوض لینے کا عدمِ جواز مطلق نہیں تو یہ مسئلہ ظنی ہے۔ (رد المحتار، کتاب البیوع، مطلب فی بیع الجامکیۃ، 4/520، دار الفکر بیروت)

    وظائف کا عوض لینے کے متعلق امام اہلسنت امام احمد رضا خان (المتوفی: 1340ھ) فرماتے ہیں: ’’اب یہ کلام مسئلہ اعتیاض عن الوظائف کے طرف مجر ہوگا وہاں ہر چند علماء کو اختلاف ہے اور یہ مبحث معرکۃ الآراء ہے مگر مرضی جماہیر فحول ونحاریر عدول صحت وقبول ہے اور وہی ہنگام اعتبار وملاحظہ نظائر ان شاء اﷲ تعالٰی اظہر، اگرچہ دوسرا پلہ بھی بہت ثقیل وگراں ہے‘‘۔ (فتاوی رضویہ، 17/110-111، رضا فاؤنڈیشن لاہور)

    خاموشی کے اجازت نہ ہونے کے متعلق علامہ ابو محمد غانم بن محمد بغدادی (المتوفی: 1030ھ) فرماتے ہیں: "لو رأى غيره يتلف ماله فسكت لا يكون إذنا بإتلافه ... هاتان في قاعدة: لا ينسب إلى ساكت قول". ترجمہ: اگر کسی نے دوسرے کو اپنا مال ضائع کرتے دیکھا اور خاموش رہا، تو یہ اسے ضائع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی … یہ دونوں مسئلے اس قاعدے کے تحت ہیں کہ خاموش شخص کی طرف کوئی قول منسوب نہیں کیا جاتا۔

    (مجمع الضمانات، باب فی المتفرقات، ص 454، دار الکتاب الاسلامی)

    عموم بلوی کے تخفیف کا سبب ہونے کے متعلق علامہ زین الدین ابن نجیم (المتوفی: 970ھ) فرماتے ہیں: "السادس: العسر وعموم البلوى؛ كالصلاة مع النجاسة المعفو عنها". ترجمہ: (تخفیف کے اسباب میں سے) چھٹا سبب تنگی اور عمومِ بلوی ہے، جیسے معاف شدہ مقدار کی نجاست کے ساتھ نماز پڑھنا۔ (الاشباہ والنظائر، الفن الاول، القاعدۃ الرابعۃ، ص 65، دار الکتب العلمیۃ بیروت)

    اسی کے متعلق آپ رحمۃ اللہ علیہ دوسرے مقام پر فرماتے ہیں: "فيقع الاتفاق على صدق القضية المشهورة المنقولة في الكافي وهي أن ما عمت بليته خفت قضيته". ترجمہ: تو اس مشہور قضیے کے درست ہونے پر اتفاق ہے جو "الکافی" میں منقول ہے، اور وہ یہ ہے کہ جس چیز میں ابتلا عام ہو جائے اس کا حکم ہلکا ہو جاتا ہے۔ (البحر الرائق، کتاب الطہارۃ، باب الانجاس، 1/241، دار الکتاب الاسلامی بیروت)

    عموم بلوی کے اس معاملے میں معتبر ہونے کے متعلق جس پر بعینہ نص نہ ہو، شمس الائمہ امام محمد بن احمد سرخسی (المتوفی: 483ھ) فرماتے ہیں: "وإنما تعتبر البلوى فيما ليس فيه نص بخلافه فأما مع وجود النص لا معتبر به". ترجمہ: اور بلوی کا اعتبار اسی معاملے میں کیا جاتا ہے جس میں اس کے خلاف نص نہ ہو، رہا نص کے موجود ہوتے ہوئے، تو اس کا کوئی اعتبار نہیں۔ (المبسوط للسرخسی، کتاب المناسک، 4/105، دار المعرفۃ بیروت)۔

    واللہ تعالی اعلم بالصواب


    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابو امیر خسروسید باسق رضا

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    24 جمادی الاولی 1448ھ/5 نومبر 2026ء کو جاری کیا گیا