آیت کریمہ کو بطور دعا پڑھنا اور اس پر آمین کہنا کیسا

    ayat-e-karima ko bator dua parhna aur is par ameen kehna kaisa

    تاریخ: 23 نومبر، 2026
    مشاہدات: 89
    حوالہ: 1972

    سوال

    کیا نماز کے بعد اجتماعی دعا میں بلند آواز سے آیتِ کریمہ :لَّا إِلَٰهَ إِلَّا أَنتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنتُ مِنَ الظَّالِمِينَ: پڑھنا اور مقتدیوں کا اس پر آمین کہنا شرعاً ممنوع ہے؟ اور کیا یہ وجہ درست ہے کہ اس میں امام خود کو ظالم کہہ رہا ہوتا ہے جس پر آمین درست نہیں؟

    سائل:عبد اللہ


    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    آیتِ کریمہ میں تسبیح و استغفار دونوں شامل ہیں، جو کہ ذکر و دعا کی صورتیں ہیں، کہ تسبیح کرکے بندہ اپنے مالک کی ان صفات کا ظہور اپنی ذات، اپنے کنبے، اپنے ملک پر چاہتا ہے،جس صفت سے وہ تسبیح کرتا ہے، مثلاً کوئی ’’یا قدوس ‘‘ کا وِرد کرے تو مقصود اپنی ذات کو گناہوں سے پاک کرنا ہوتا ہے۔ اور استغفار سے اپنے رذائل کا ازالہ چاہتا ہے، جیسے یہی مثال کہ خود ظالم اس وجہ سے کہنا کہ میرا ظلم ختم ہو۔یہ حسنِ طلب کہلاتا ہے، جس میں بندہ صریح الفاظ سے دعا نہیں مانگتا، لیکن مقصود دعا ہی ہوتا ہے۔

    حضرت ایوب علیہ السلام کا مقولہ قرآن مجید میں بیان ہوا:وَ اَیُّوْبَ اِذْ نَادٰى رَبَّهٗۤ اَنِّیْ مَسَّنِیَ الضُّرُّ وَ اَنْتَ اَرْحَمُ الرّٰحِمِیْنَ. ترجمہ: اور ایوب کو جب اس نے ا پنے رب کو پکارا کہ مجھے تکلیف پہنچی اور تو سب مِہر والوں سے بڑھ کر مِہر والا ہے۔(الانبیاء:83) یہاں حضرت ایوب علیہ السلام نے یہ دعا نہیں کہ اے اللہ مجھ پر رحم فرما بلکہ رب تعالی کی وہ صفت بیان کی جس کی تاثیر مقصود تھی۔

    چنانچہ امام فخر الدین رازی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "أما قوله تعالى: فاستجبنا له فإنه يدل على أنه دعا ربه، لكن هذا الدعاء قد يجوز أن يكون واقعا منه على سبيل التعريض، كما يقال إن رأيت أو أردت أو أحببت فافعل كذا. ويجوز أن يكون على سبيل التصريح وإن كان الأليق بالأدب وبدلالة الآية هو الأول".ترجمہ: رہا اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان: تو ہم نے اس کی دعا قبول کر لی، یہ اس پر دلالت کرتا ہے کہ انہوں نے اپنے رب سے دعا کی تھی۔ لیکن یہ دعا ان کی طرف سے کنایے کے طور پر واقع ہوئی ہو، جیسا کہ کہا جاتا ہے: اگر آپ مناسب سمجھیں، یا چاہیں، یا پسند کریں تو ایسا کر دیجئے۔اور یہ بھی ممکن ہے کہ دعا بالکل واضح اور صریح لفظوں میں ہو، اگرچہ ادب کے زیادہ قریب اور آیت کے قرینے سے پہلا طریقہ ہی زیادہ موزوں ہے۔(التفسیر الکبیرللرازی، تحت سورۃ الانبیاء: 83)

    اور (جائزو ممکن فی ذاتہ) دعا مانگنا اور اس پر آمین کہنا دونوں جائز ہیں۔

    پھریہ تو وہ آیت ہے جسے بطورِ دعا کی اجازت بلکہ ترغیب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عطا فرمائی: "سعد، عن أبيه، عن جده، قال: كنا جلوسا عند النبي صلى الله عليه وسلم، فقال: «ألا أخبركم بشيء إذا نزل برجل منكم كرب، أو بلاء من بلايا الدنيا دعا به يفرج عنه؟» فقيل له: بلى، فقال: " دعاء ذي النون: لا إله إلا أنت سبحانك إني كنت من الظالمين ". حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں: ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قریب بیٹھے ہوئے تھے تو آپ نے ارشاد فرمایا ’’ کیا میں تمہیں ایسی چیز کے بارے میں خبر نہ دوں کہ جب تم میں سے کسی شخص پر کوئی مصیبت یا دنیا کی بلاؤں میں سے کوئی بلا نازل ہو اور وہ اس کے ذریعے دعا کرے تو ا س کی مصیبت وبلا دور ہوجائے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سےعرض کی گئی: کیوں نہیں! ارشاد فرمایا ’’ (وہ چیز) حضرت یونس کی دعا ’’ لا إله إلا أنت سبحانك إني كنت من الظالمين‘‘ہے۔ (المستدرك على الصحيحين، رقم الحدیث: 1864)

    لہذا اگر کوئی اس آیت کو بطورِ دعا پڑھتا ہے اور مقتدی آمین کہتے ہیں کوئی حرج نہیں۔

    البتہ بعض علماء (جیسے فتاوی فقیہ ملت، 1/107میں ،محمد عبد القادر رضوی ناگوری صاحب اور مصدق مفتی جلال الدین احمد امجدی رحمہما اللہ) نے اسے بطورِ دعا منع کیا اور بطور وظیفہ اجازت فرمائی۔منع کی وجہ یہ ممکن ہے کہ حسنِ طلب کا یہ تصور ہر عام مؤمن کے ذہن میں نہیں ہوتا ، پس اگر کوئی اس طور پر خود کو ظالم کہے یا دیگر اس جملہ پر آمین کہہ کر اسے ظالم سمجھیں کہ جس سے خود کیلئے یا جملہ ادا کرنے والے کیلئے بد دعا مفہوم ہوتی ہو، تو اس معنی میں یہ منع ہوگا کہ خود کیلئے یا کسی اور کیلئے بد دعا منع ہے، اس پر حدیثی نصوص وارد ہیں۔صحیح مسلم کی روایت ہے: "لا تدعوا على أنفسكم، ولا تدعوا على أولادكم، ولا تدعوا على أموالكم، لا توافقوا من الله ساعة يسأل فيها عطاء، فيستجيب لكم". ترجمہ: تم لوگ نہ اپنے لئے بد دعا کرو ، نہ اپنی اولاد کیلئے، اور نہ اپنے اموال کیلئے؛ کہیں ایسا نہ ہو کہ تم اللہ کی طرف سے کسی ایسی گھڑی (قبولیت کے وقت) کے موافق ہو جاؤ جس میں کوئی عطیہ مانگا جاتا ہو، تو وہ تمہاری بددعا کو قبول فرما لے (صحیح مسلم ، رقم الحدیث: 3009)۔ لیکن چونکہ کوئی بھی شخص اس آیت کریمہ سے اپنے لئے بد دعا مراد نہیں لیتا، لہذا یہ ممانعت بھی نہیں۔

    یہاں ایک وضاحت ضروری ہے کہ ایک فتوی بندے کی نظر سے انٹرنیٹ پر گزرا (مسائل شرعیہ ویب سائٹ-ہند) جس میں مجیب محمد علی قادری صاحب نےامام فخر الدین رازی رحمہ اللہ کی طرف یہ نسبت کی کہ آپ نے آیت کریمہ کو بطورِ دعا پڑھنا اور مقتدیوں کا آمین کہنا ناجائز فرمایا ہے، یہ نسبت درست نہیں۔ بلکہ امام رازی رحمہ اللہ نے تو وہاں جواز پر حدیث مبارکہ نقل کی کہ پریشانی میں کوئی مسلمان آیت کریمہ کے ذریعے دعا کرتا ہے تو اس کی دعا قبول ہوگی ۔ عبارت ملاحظہ ہو: "عن النبي صلى الله عليه وسلم أنه قال: «ما من مكروب يدعو بهذا الدعاء إلا استجيب له»". (التفسیر الکبیر للرازی، تحت سورۃ الانبیاء: 87) ۔

    واللہ تعالی اعلم بالصواب

    کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابو امیر خسروسید باسق رضا

    الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    24 محرم الحرام 1448ھ/10 جولائی 2026ء کو جاری کیا گیا