agar baat karni hai to aaj se rishta khatam masla talaq
سوال
میرا میری بیوی کے ساتھ جھگڑا ہوا میں گھر سے کام کے لیے چلا گیا دل میں بہت غصہ اور نفرت تھی۔میری بیوی نے مجھ سے میسجز پر بات کرنا شروع کر دی اسی معاملے کو لے کر میں نے منع کیا۔اور وائس میسج کیا وارننگ دی اور کہا ’’اگر تم نے اب اس ٹاپک پر دوبارہ بات کی تو رشتہ ختم، میں آپ کے ماں باپ کو فون کر کے لے جانے کو کہوں گا‘‘۔ جس دوران میں نے کہا اس دوران اس نے دو سے تین میسجز کیے اور جب اس نے پڑھا اس کے بعد میری ہی کسی بات کا جواب دیا اور بات کو مکمل روک دیا۔ گھر جب میں گیا تو بات کو مزید الجھانے کے بجائے بیٹھ کر بات کو حل نکالنے کی کوشش کی۔ لیکن اس میں وہ تمام جھگڑے کی باتیں دہراتے رہے، دونوں طرف سے جس سے مزید جھگڑا بڑھ گیا، کیونکہ میں نے منع کیا تھا کہ تم نے اس بارے میں بات نہیں کرنی اور ہماری اس بارے میں بات ہوئی۔ تو کوئی شرعی معاملہ تو نہیں اگر ہے تو کس حد تک اور اس کا حل کیا ہے۔میں بہت غصہ میں تھا اور اسی غصے میں دھمکا یا تاکہ یہ خاموش کر جائے اور دوبارہ اس بارے میں بات نہ کرے اور مجھے معلوم تھا کہ وہ یہ سن کر چپ کر جائے گی وہ بھی اس حد تک نہیں جائیں گی۔میں وائس میسج بھی اٹیچ کر دیتا ہوں۔
نوٹ: سائل نے اپنا وائس میسج بھی ارسال کیا، جس کی تحریر یہ ہے: ’’ او خبردار، خبردار اس توں بعد تو میرے نال نہ تے میسجز تے نہ ہی اور طرح گل کرنی ہے اس بارِچ جو کچھ ہویا ہے جو کچھ تو اج کیتی ہے، جو کچھ تو کیتی ہے اج جس لیول تے جا کے تو کیتی ہے خبردار تو میرے نال اس بارچ گل نئی کرنی ہے اور اگر گل کرنی ہے نا تے اج توں رشتہ ختم ہے میں تو ہونے فون کرنا تیرے ماں باپ نوں کہ آگے لے جاؤ دوبارہ اس ٹوپک تے تیرا کوئی میسج نہ آوے دوبارہ اس ٹوپک تے دوبارہ گل نہ کری میرے نال‘‘۔نیز سائل نے وضاحت کی کہ ان الفاظ سے اس کی مراد یہ تھی کہ اس وقت فون پر جو بات ہو رہی تھی، اسی دوران بیوی اس معاملے پر بات نہ کرے، اور بیوی نے اس وقت پھر اس معاملے پر بات نہیں کی۔
سائل: محمد عثمان۔
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں آپ کی بیوی پر کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی اور نکاح بدستور قائم ہے؛ البتہ آئندہ اس قسم کے الفاظ بولنے سے سخت پرہیز کریں، کیونکہ نکاح نازک رشتہ ہے اور بعد میں پچھتانے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔
کیونکہ آپ کا یہ کہنا کہ ’’اور اگر گل کرنی ہے نا تے اج توں رشتہ ختم ہے‘‘ اگرچہ طلاق کو بیوی کے اس موضوع پر بات کرنے کی شرط پر معلق کرنا ہے، لیکن یہ کلام بیوی کی اسی وقت جاری گفتگو کے جواب میں تھا اور اس کا مقصد اسے اسی وقت اس موضوع پر بات کرنے سے روکنا تھا، جس کی تائید آپ کی اس وضاحت سے بھی ہوتی ہے کہ آپ کی مراد اسی وقت کی گفتگو تھی؛ اور ایسی تعلیق جو کسی فوری صورتِ حال کو روکنے کے لیے کی جائے، اسے ’’یمینِ فور‘‘ کہتے ہیں، اور وہ اسی وقت کے ساتھ خاص ہوتی ہے، کیونکہ قسموں کا مدار عرف پر ہے اور عرف میں متکلم کی مراد اسی فعل سے روکنا ہوتی ہے۔ آپ کی بیوی نے اس وقت اس موضوع پر بات نہیں کی، لہذا شرط نہیں پائی گئی، اور جب شرط نہ پائی جائے تو جزاء یعنی طلاق بھی واقع نہیں ہوتی؛ اور بعد میں گھر پر جو گفتگو ہوئی وہ شرط میں داخل ہی نہیں تھی۔
دلائل و جزئیات
شرط پر معلق طلاق کے متعلق امام برہان الدین علی بن ابی بکر مرغینانی (المتوفی: 593ھ) فرماتے ہیں: "وإذا أضافه إلى شرط وقع عقيب الشرط مثل أن يقول لامرأته إن دخلت الدار فأنت طالق". ترجمہ: اور جب طلاق کو کسی شرط کی طرف منسوب کیا تو شرط پائی جانے کے بعد واقع ہوگی، جیسے اپنی بیوی سے کہے: اگر تو گھر میں داخل ہوئی تو تجھے طلاق ہے۔ (الہدایۃ، کتاب الطلاق، باب الایمان فی الطلاق، 1/244، دار احیاء التراث العربی)
فوری صورتِ حال پر کی گئی تعلیق (یمینِ فور) کے اسی وقت کے ساتھ خاص ہونے کے متعلق امام مرغینانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "ولو أرادت المرأة الخروج فقال إن خرجت فأنت طالق فجلست ثم خرجت لم يحنث ... وهذه تسمى يمين فور وتفرد أبو حنيفة رحمه الله بإظهاره ووجهه أن مراد المتكلم الرد عن تلك الضربة والخرجة عرفا ومبنى الأيمان عليه". ترجمہ: اور اگر عورت نے گھر سے نکلنے کا ارادہ کیا تو شوہر نے کہا: اگر تو نکلی تو تجھے طلاق ہے، پھر وہ بیٹھ گئی، پھر (بعد میں) نکلی تو شوہر حانث نہ ہوگا (یعنی طلاق نہ ہوگی) اور اسے یمینِ فور کہتے ہیں، اور اسے سب سے پہلے امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ نے ظاہر فرمایا، اور اس کی وجہ یہ ہے کہ عرف میں متکلم کی مراد اسی (وقت کی) مار اور اسی (وقت کے) نکلنے سے روکنا ہوتی ہے، اور قسموں کی بنیاد عرف ہی پر ہے۔ (الہدایۃ، کتاب الایمان، باب الیمین فی الخروج والاتیان، 2/324، دار احیاء التراث العربی بیروت)
اسی کے متعلق علامہ علاء الدین محمد بن علی حصکفی (المتوفی: 1088ھ) فرماتے ہیں: "وشرط للحنث في قوله إن خرجت مثلا فأنت طالق أو إن ضربت عبدك فعبدي حر لمريد الخروج والضرب فعله فورا لأن قصده المنع عن ذلك الفعل عرفا ومدار الأيمان عليه، وهذه تسمى يمين الفور". ترجمہ: اور جو عورت نکلنا چاہتی ہو اسے کہنا کہ اگر تو نکلی تو تجھے طلاق ہے، یا جو شخص (اپنے غلام کو) مارنا چاہتا ہو اسے کہنا کہ اگر تو نے اپنے غلام کو مارا تو میرا غلام آزاد ہے، اس میں حانث ہونے کے لیے شرط یہ ہے کہ وہ کام فوراً کیا جائے، کیونکہ عرف میں اس کا مقصد اسی کام سے روکنا ہوتا ہے، اور قسموں کا مدار عرف پر ہے، اور اسے یمینِ فور کہتے ہیں۔ (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الایمان، باب الیمین فی الدخول والخروج، 3/761، 762، دار الفکر بیروت)۔
واللہ تعالی اعلم بالصواب