سوال
ایک شخص مثلا زید کا انتقال ہوا وقت وفات اسکے ورثاء میں 5 بیٹے(سھیل،مسعود،سیف ،عدنان،کامران) اور تین بیٹیاں (انجم، شمائلہ،شگفتہ) حیات تھے، زوجہ اور والدین وغیرہ پہلے ہی وفات کرچکے ۔ پھر ایک بیٹے مسعود کا انتقال ہوا اس نے ایک بیوی (ھماں) تین بیٹے (اسد،مبشر،جواد) اور دو بیٹیاں (بینش، انوشہ) چھوڑیں ۔ وراثت کی مالیت اس وقت 1 کڑور 70 الاکھ ہے۔ہر کے حصے میں کتنی رقم آئے گی ۔ قرآن و سنت کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں۔
سائل: سہیل : کراچی
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
اگر معاملہ ایسا ہی ہے جیسے ذکر گیا تو اس صورت میں حکم شرع یہ ہے کہ کل مال وراثت کو 416 حصوں میں تقسیم کیا جائے گا ۔ جس میں سےہر بیٹے (سھیل،مسعود،سیف ،عدنان،کامران)کو 64 حصے ،ہر بیٹی (انجم، شمائلہ،شگفتہ)کو 32 حصے ملیں گے۔پھر چونکہ مسعود صاحب کا انتقال ہوچکا ہے تو ان کی وراثت انکے بیوی بچوں میں تقسیم ہوگی جس کی تفصیل یہ ہے کہ انکی بیوی (ھماں) کو 8 حصے ،ہر بیٹے (اسد،مبشر،جواد) کو 14 حصے اور ہر بیٹی (بینش، انوشہ) کو 7 حصے ملیں گے ۔
مذکورہ تقسیم اللہ کے مقرر کردہ حصوں کے مطابق ہے،بیویوں کے بارے میں ارشاد ہے قال اللہ تعالیٰ وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ إِنْ لَمْ يَكُنْ لَكُمْ وَلَدٌ فَإِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ۔ترجمہ کنز الایمان : تمہارے ترکہ میں عورتوں کا چوتھائی ہے اگر تمہارے اولاد نہ ہو پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں ۔لڑکے لڑکیوں کے بارے میں ارشاد فرمایا:یُوصِیکُمُ اللَّہُ فِی أَوْلَادِکُمْ لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَیَیْنِ ترجمہ کنز الایمان :۔ اللہ تعالی تمہیں حکم دیتا ہے تمھاری اولاد کے بارے کہ بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر ہے۔السراجی فی المیراث ص19میں ہے:ومع الابن للذکر مثل حظ الانثیین ترجمہ: اور للذکر مثل حظ الانثیین کے تحت بیٹی کو بیٹے کے حصے کا نصف ملے گا۔
فائدہ : جائیداد کی رقم تقسیم کرنے کا طریقہ ہی ہے کہ جائیداد کی کل رقم کو مبلغ یعنی 416 پر تقسیم کردیں جو جواب آئے اسکو ہر ایک کے حصے میں ضرب دے دیں،حاصل ضرب ہر ایک کا رقم کی صورت میں حصہ ہوگا۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد زوہیب رضا قادری
الجواب الصحیح:ابوالحسنین مفتی وسیم اختر المدنی
تاریخ اجراء:18 محرم الحرام 1441 ھ/18 ستمبر 2019 ء