فجر کی سنتیں فرض سے پہلے نہیں پڑھی تو کب پڑھیں گے
    تاریخ: 4 فروری، 2026
    مشاہدات: 3
    حوالہ: 740

    سوال

    اگرفجرکی سنتیں رہ جائیں اورفرض پڑھ لئے جائیں تو کیا فجر کے فرضوں کے فورا بعد رہ جانے والی سنتیں پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟

    سائل:وزیر علی :کراچی

    بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

    اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

    فجرکے فرض پڑھ لئے اورسنتیں نہیں پڑھی تھیں تو اب یہ سنتیں فجرکے فرضوں کے بعد نہیں پڑھ سکتے ،بلکہ اب اگریہ سنتیں پڑھنا چاہیں تو سورج طلوع ہونے کے بیس منٹ بعد پڑھ سکتے ہیں ،اس سے پہلے نہیں پڑھ سکتے،اور جب سورج طلوع ہوجائے تو اب بھی جب تک بیس منٹ نہ گزرجائیں تب تک کوئی نماز ادا نہیں کرسکتے ،لہذا یہ سنتیں سورج طلوع ہونے کے بیس منٹ بعد ہی پڑھ سکتے ہیں، اور ضحوۂ کبری کے وقت سے پہلے تک پڑھ سکتے ہیں اگر ضحوۂ کبری کا وقت شروع ہوگیا تو اب یہ سنتیں نہیں پڑھی جاسکتیں۔

    فتاوی رضویہ شریف میں ہے:”سنت فجر کہ تنہا فوت ہوئیں یعنی فرض پڑھ لئے،سنتیں رہ گئیں،ان کی قضا کرے تو بعد بلندی آفتاب پیش از نصف النہار الشرعی کرے۔طلوع شمس سے پہلے ان کی قضا ہمارے ائمہ کرام کے نزدیک ممنوع و ناجائز ہے۔لقول رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم لا صلاۃ بعد الصبح حتی ترتفع الشمس۔یعنی نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے :صبح کے بعد کوئی نماز جائز نہیں یہاں تک کہ سورج بلند ہوجائے۔“ (فتاوی رضویہ جلد5،صفحہ366،مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن لاہور)

    واللہ تعالٰی اعلم بالصواب

    کتبـــــــــــــــــــــــــــہ:محمد احمد امین قادری نوری

    الجـــــواب صحــــیـح:ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

    تاریخ اجراء:14رجب المرجب4144 ھ/06فروری2023 ء